پی ایس ایل ٹو، کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو اہم میچ مں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی، قلندر کی شکست نے پشاور زلمی کو پلے آف میں پہنچا دیا، پولارڈ نے 4 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قلندر کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

ہفتہ 25 فروری 2017 21:55

پی ایس ایل ٹو، کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو اہم میچ مں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا کر پلے آف میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی، قلندر کی شکست نے پشاور زلمی کو پلے آف میں پہنچا دیا، پولارڈ نے 4 چھکوں کی مدد سے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قلندر کے منہ سے فتح کا نوالہ چھین لیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے
دبئی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 فروری2017ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دوسرے ایڈیشن میں کیرن پولارڈ کی دھواں دار بیٹنگ کی بدولت کراچی کنگز نے لاہور قلندر کو اہم میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے ہرا دیا، اس فتح کے ساتھ ہی کراچی نے پلے آف میں پہنچنے کی امید زندہ کر لی البتہ قلندر کی شکست نے پشاور زلمی کو پلے آف میں پہنچا دیا، فاتح ٹیم نے 156 رنز کا ہدف آخری گیند پر 5 وکٹوں پر پورا کیا، پولارڈ نے آخری دو گیندوں پر مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرایا، پولارڈ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 20 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 45 رنز بنا کر قلندر کی جیت کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا، پولارڈ کو عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو دبئی میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں کراچی کنگز کے کپتان کمار سنگاکارا نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور کو بیٹنگ کی دعوت دی جو ان کیلئے درست ثابت ہوا، قلندر نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 155 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، محمدرضوان 32 اور سہیل تنویر 22 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، کپتان برینڈن میک کولم 31، ڈیلپورٹ 3، فاخرزمان 19، عمراکمل 20، سنیل نارائن 16 اور گرانٹ ایلیٹ 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، شعیب ملک اور اوسامہ میر نے 2، 2 جبکہ محمدعامر اور سہیل خان نے ایک، ایک وکٹ لی، جواب میں کراچی کنگز نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 5 وکٹوں پر حاصل کیا، پولارڈ نے عامر یامین کو مسلسل دو چھکے لگا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، پولارڈ نے مشکل وقت میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے حریف بائولرز کی خوب دھنائی کی اور 20 گیندوں پر 4 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر قلندر کی جیت کی ارمانوں پر پانی پھیر دیا، عماد وسیم نے 19 رنز بنائے اور آئوٹ نہیں ہوئے، بابراعظم 49، مہیلا جے وردھنے 10، سنگاکارا 20، شعیب ملک 6 اور روی بوپارہ 2 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

سنیل نارائن اور فاخرزمان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
وقت اشاعت : 25/02/2017 - 21:55:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :