کراچی،مسلم لیگ ( ن)کے سابق رکن سندھ اسمبلی بھیرو لال بالانی کا پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان

منگل 21 فروری 2017 08:43

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء) مسلم لیگ ( ن)کے سابق رکن سندھ اسمبلی ، پارلیمانی سیکریٹری برائے آبپاشی اور چیئرمین خدمت کمیٹی ضلع تھر پارکر بھیرو لال بالانی نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ بھیرو لال بالانی نے پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی ، میڈیا سیل بلاول ہاوٴس کے انچارج سریندر ولاسائی اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر کھٹومل سے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کی ضمن میں میڈیا سیل بلاول ہاوٴس میں ملاقات کی اور ملکی معیشت سے لے کر گورننس تک ناکامی پر مسلم لیگ (ن) کو خیر باد کہہ دیا۔

پی پی پی رہنماوٴں نے بھیرو لال بالانی کو جیالوں اور جمہوریت پسند کارکنوں کی جماعت میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور اسے یقین دلایا کہ پی پی پی جمہوریت اور اس کے استحکام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

(جاری ہے)

بھیرو لال بالانی نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کی واحد امید ہیں جو لاتعداد مسائل میں گھرے ملک کو نکال کر قوم کو امن ، خوشحالی اور مساوات کی جانب لے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری پسماندہ و مفلوک الحال لوگوں کی بھی واحد آواز ہیں۔ بھیرولال نے کہا کہ وہ پی پی پی چیئرمین کے مشکور ہیں کہ وہ اقلیتی برادری بشمول اس کی اپنی کمیونٹی دلت اور شیڈول کاسٹ کے ساتھ ہونے والی کسی بھی ناانصافی کے خلاف بڑھ چڑھ کر بات کرتے ہیں۔ بھیرو لال بالانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ سندھ بھر اور خصوصاً تھر پارکر میں دن رات کام کریں گے اور وہ تمام لوگ جو ماضی میں اس کے ساتھ رہے ہیں ، وہ بھی اس کے ساتھ پی پی پی میں شامل ہو جائیں گے۔