رینجرز کو پنجاب میں کراچی طرز کے وسیع اختیارات دیئے جائیں، اعتزاز احسن

منگل 21 فروری 2017 03:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور معروف قانون دان اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ رینجرز کو پنجاب میں وسیع اختیارات دیئے جائیں اور یہ اختیارات کراچی کی طرز کے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگررینجرز کو وسیع اختیارات دیئے گئے تب ہی مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ رینجرز کو دیئے گئے اختیار میں وہ کسی بھی گنہگار وزیر کو وزیراعلی کی پیشگی اجازت کے بغیر پکڑ سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنی ناکامی چھپانے کے لئے گالی بریگیڈ وزراء اکٹھے کررکھے ہیں۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں انہوں نے غیررسمی ملاقات میں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر داخلہ کے مطابق فرقہ واریت دہشت گردی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ فرقہ وارانہ واقعات میں ملوث تنظیموں کو دہشت گرد نہیں مانتی۔ انہوں نے کہا کہ اگر پنجاب سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنا ہے تو پاک رینجرز کو مکمل اختیارات دینا ناگزیر ہے۔