پاکستان کرکٹ بورڈ کا پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کروانے کا فیصلہ

غیر ملکی کھلاڑی پاکستان نہ آئے تو پھر بھی فائنل ہر حالت میں لاہور میں منعقد کیا جائے گا ،پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی اجلاس میں فیصلہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے نہ آنے سے کچھ فرق نہیں پڑے ،فرنچائز مالکان ہم اپنے مشن پر قائم ہیں، ہمارے ملک کے عوام خاص طور پر لاہور میں فائنل کا انعقاد سب کے لئے باعث مسرت ہوگا،میچ کیلئے تمام کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی،نجم سیٹھی وزیراعظم ، آرمی چیف ور تمام وزراء اعلیٰ کو پی ایس ایل فائنل فائنل میچ دیکھنے کی دعوت

منگل 21 فروری 2017 03:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء ) پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی کروانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ گزشتہ روز دبئی میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا اجلاس کی صدارت پی سی بی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین اور پی ایس ایل نجم عزیز سیٹھی نے کی۔اجلاس میں پی سی بی انتظامیہ اور فرنچائز کے مالکان کے شریک ہوئے، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اگر غیر ملکی کھلاڑی پی ایس ایل کے فائنل میں کھیلنے کے لئے پاکستان نہ آئے تو پھر بھی فائنل ہر حالت میں لاہور میں منعقد کیا جائے گا جبکہ فرنچائز کے مالکان نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے نہ آنے سے کچھ فرق نہیں پڑے گا۔

اس موقع پر نجم سیٹھی نے کہا کہ فرنچائز کے مالکان کو حب وطنی دیکھت یہوئے یہ بات حوصلے کا باعث ہے کہ اس اقدام سے کرکٹ واپس اپنے گھر قذافی سٹیڈیم میں آئے گی بلکہ پی ایس ایل کے فائنل کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے دوبارہ پاکستان کے لئے کھلیں گے۔

(جاری ہے)

ہم اپنے مشن پر قائم ہیں اور خواہش ہے کہ ہمارے ملک کے عوام خاص طور پر لاہور میں فائنل کا انعقاد سب کے لئے باعث مسرت ہوگا۔

پی ایس ایل کے فائنل کے لاہور میں انعقاد پر تمام کھلاڑیوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس سلسلے میں پی سی بی کے چیئرمین شہریار ایم خان نے ہدایات جاری کیں ہیں پی ایس ایل کے فائنل کے لئے تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ ذرائع کے مطابق سری لنکا، بنگلہ دیش اور جنوبی افریقہ کے علاوہ دیگر ممالک کے کھلاڑی بھی پی ایس ایل فائنل میں شرکت کے لئے لاہور آنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

پی سی بی کے حکام کے مطابق غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ یاد رہے کہ سانحہ چیئرنگ کراس کے بعد ان خدشات کا اظہار کیاجارہا تھا کہ شاید اب پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں نہ ہوسکے گا لیکن پی سی بی انتظامیہ اور فرنچائز کے مالکان کے اجلاس میں ہونے والی پیش رفت کے بعد تمام خدشات ختم ہوکر رہ گئے ہیں۔

اوراب پاکستان کرکٹ کی رونقیں دوبارہ قذافی سٹیڈیم میں لوٹ آئیں گی۔ پی ایس ایل کے فائنل کے بارے میں صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ایس ایل کے فائنل کے لئے فول پروف سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کیے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ غیر ملکی کھلاڑی بلا خوف وخطر لاہورآئیں انہوں نے کہا کہ سب کی خواہش ہے کہ فائنل لاہور میں ہو۔

وزیرقانون نے کہا کہ جب لاہورمیں فائنل کھیلاجائے گا تو تمام خدشات دور ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو صدارتی لیول کی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ ایگزیکٹو کمیٹی کے اور پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی نے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور تمام وزراء اعلیٰ کو پی ایس ایل فائنل فائنل میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔

متعلقہ عنوان :