اسرائیل اور سعودی عرب ملکر تہران کے خلاف عالمی فضاء پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہیں، ایران

منگل 21 فروری 2017 09:01

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء)ایران نے پیر کے روزبقول اس کے اسرائیل اور علاقائی حریف سعودی عرب کے درمیان تعاون کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے تہران کے خلاف عالمی فضاء پیدا کرنے کی کوششوں سے تعبیر کیا ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام غسیمی نے کہا کہ دو ممالک یہ تصور کرتے ہیں کہ وہ ہمارے ملک کے خلاف بین الاقوامی ماحول پیدا کرکے خطے میں اپنی بیشمار شکستوں اور ناکامیوں کا ازالہ کرسکتے ہیں۔

سرکاری ارنا نیوز ایجنسی نے ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اتحاد حادثاتی نہیں ہے۔اسرائیل اور سعودی عرب ایران پر شام،عراق،یمن اور بحرین میں مسلح شیعہ تحریکوں کی حمایت کرکے علاقائی تنازعات کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہیں۔ایران الزامات کی تردید کرتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ ریاض کو دولت اسلامیہ اور القاعدہ جیسی سنی دہشتگرد تنظیموں کی حمایت روکنی چاہئے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل کیلئے ڈیوڈ فرائیڈ مین کو اپنا سفیر منتخب کیا ہے جو کہ صیہونی ریاست اور ایران مخالف سنی عرب ریاستوں کے درمیان تعاون کیلئے زور دیتے رہے ہیں۔غسیمی کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ یہ قابض حکومت(اسرائیل) ایک اسلامی ملک کے ساتھ تعاون اور شراکت داری پر انحصار کر رہی ہے تاکہ ایران مخالف پالیسیوں کو مزید تقویت دی جاسکے۔