مصری خطے سینائے سے جنوبی اسرائیل پر راکٹ حملہ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

منگل 21 فروری 2017 09:03

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء)مصر کے سینائے خطے سے پیر کے روز جنوبی اسرائیل پر کم از کم دو راکٹ داغے گئے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا،یہ بات فوج نے کہی،رواں ماہ کے دوران یہ اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔فوج نے ایک بیان میں کہا کہ آج علی الصبح سینائے خطے سے داغے گئے دو راکٹس اشکول علاقائی کونسل میں ایک کھلے علاقے میں گرے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ملی ہیں،فورسز علاقے کی تلاشی لے رہی ہیں۔9فروری کو سینائے خطے سے جنوبی اسرائیلی ساحلی شہر ایلات پر متعدد راکٹ داغے گئے تھے،ان میں سے تین کو آئرن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کے تحت ناکارہ بنایا گیا تھا اور چوتھا شہر کے باہر دھماکے سے پھٹ گیا تھا۔دولت اسلامیہ گروپ نے ایلات حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی،جس کے بعد سینائے میں دو فلسطینیوں کو ہلاک کردیاگیا تھا،جس کے متعلق اسلام پسند حماس تحریک کا کہنا ہے کہ یہ اسرائیلی فضائی حملہ تھا۔اسرائیلی فوج نے ایسی کسی کارروائی کی تردید کی ہے۔