افغانستان، گھر پر گرینیڈ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے بارہ افغان باشندے ہلاک، تین زخمی

منگل 21 فروری 2017 09:01

جلال آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21فروری۔2017ء) مشرقی افغانستان میں ایک گھر پر گرینیڈ حملے میں خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے بارہ افغان باشندے ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں،یہ بات حکام نے پیر کے روز کہی۔ مقامی گورنر کے ترجمان سرحدی زواک نے غیر ملکی خبررساں ادارے کو بتایا کہ 11افراد ہلاک موقع پر ہلاک ہوئے ہیں جب لغمان کے بعد پخ ضلع میں نامعلوم مسلح افراد کی جانب سے ان کے گھر پر دو گرینیڈ داغے گئے۔

(جاری ہے)

زواک نے مزید بتایا کہ تمام ہلاک شدگان عام شہری تھے،ان میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔تاہم ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔محکمہ صحت کے ایک عہدیدار عبداللطیف قیومی نے بتایا کہ ایک زخمی کو ننگرہار کے ہسپتال میں لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔بڑھتے ہوئے تنازعہ میں افغان شہریوں کو بھاری قیمت چکانا پڑ رہی ہے۔2016ء میں اقوام متحدہ کے مطابق 2009ء کے بعد سے ریکارڈ تعداد میں عام شہریوں کی ہلاکتیں رونما ہوئیں۔11500کے قریب نہتے شہری ہلاک یا زخمی ہوئے۔