معاشرہ اور لاحاصل دوڑیں

یہ ایک حقیقت ہے کہ آپ خود اپنے آپ میں بہت زبردست ہیں لیکن اس کا احساس تب تک نہیں ہوتا جب تک کہ آپ اپنے آپ کادوسروں سے موازنہ کرنا چھوڑ دیں۔بعض لوگ دوسروں پر بہت توجہ دینے کی وجہ سے بہت نروس اورکم تر محسوس کرتے ہیں

جمعرات 27 فروری 2020

muashra aur lahasil dorein
تحریر: عمران لطیف

موسم کے تیور بدل رہے سورج کا پارہ بھی بڑھ رہاہے ایسے میں کرنیں بکھرتے سورج کی ابھرتی روشنی میں صبح کی ورزش جسم توانا اور ذہن کو سکون بخشتی ہے روزمرہ معمول کے مطابق صبح کی سیر کررہا تھا، ایسے میں نے ایک شخص کو دیکھا جو مجھ سے دورتھامیں نے اندازہ لگایا کہ وہ مجھ سے آہستہ دوڑ رہا ہے سوچا تیز بھاگ کراسے اس شخص کوپچھاڑدوں،چند فرلانگ بعد مجھے اپنے گھر کی جانب ایک موڑ پر مڑنا تھا، مگر لاحاصل جستجومیں تیز دوڑنا شروع کر دیا۔

کچھ ہی لمحات میں دھیرے دھیرے اس شخص کے قریب ہوتا چلا گیاجب میں اس سے لگ بھگ بیسوں قدم دور رہ گیا توجوش اور ولولے کے ساتھ میں نے تیزی سے اسے پیچھے چھوڑ دیا۔

(جاری ہے)

میں نے اپنے آپ سے کہا۔میں نے اسے ہرا دیا۔

حالانکہ ہارنے والے کو معلوم ہی نہیں تھا کہ ریس لگی ہوئی ہے۔ مجھے احساس ہوا کہ مقابلے کی دھن میں اپنے گھر کے موڑ سے کافی دور آ گیا ہوں۔

پھر مجھے احساس ہوا کہ میں نے اپنے ذہن پرسوار مقابلے کی دوڑ میں راستے کی ہریالی اس پر پڑنے والی سورج کی روشن کرنوں کومحسوس نہ کر سکا۔چڑیوں کی خوبصورت آوازوں کو سننے سے محروم رہ گیا۔میری سانس پھول رہی تھی۔اعضاء میں درد ہونے لگا۔میرامحور میرے گھر کا راستہ تھا مگر خود ساختہ دوڑ میں اس سے بہت دور آ گیا۔تب مجھے یہ بات سمجھ میں آئی کہ زندگی میں بھی ہم خواہ مخواہ کمپیٹیشن کرتے ہیں، کبھی اپنے ورکرز کے ساتھ، پڑوسیوں، دوستوں، رشتے داروں کے ساتھ، ہم انہیں یہ بتانا چاہتے ہیں کہ ہم ان پربھاری ہیں، زیادہ کامیاب ہیں یا زیادہ اہم ہیں اور اسی میں ہم اپنا سکون، اپنے اطراف کی خوبصورتی اور خوشیوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے ۔

ہم دوسروں کے پیچھے دوڑ لگانے میں اپنا قیمتی وقت اورقوت ضائع کرتے ہیں اور اپنی منزل کھو دیتے ہیں۔اس بیکارمقابلے کاحاصل وصول نہیں۔زندگی میں کوئی نا کوئی آپ سے آگے ہوگا، کسی کو آپ سے اچھی جاب ملی ہوگی، کسی کو اچھی بیوی، اچھی کار، آپ سے زیادہ تعلیم، آپ سے ہینڈسم شوہر، فرمانبردار اولاد، اچھا ماحول، یا اچھا گھر وغیرہ۔
یہ ایک حقیقت ہے کہ آپ خود اپنے آپ میں بہت زبردست ہیں لیکن اس کا احساس تب تک نہیں ہوتا جب تک کہ آپ اپنے آپ کادوسروں سے موازنہ کرنا چھوڑ دیں۔

بعض لوگ دوسروں پر بہت توجہ دینے کی وجہ سے بہت نروس اورکم تر محسوس کرتے ہیں، اللہ نے جو نعمتیں دی ہیں ان پرشکر کیجئے، خودکی شخصیت اور جو کچھ بھی حاصل ہے اسی سے لطف اٹھائیں۔اس حقیقت کو قبول کیجئے کہ اللہ نے آپ کو بھی بہت کچھ دیا ہے۔اپنے آپ پرتوجہ کیجئے۔صحت مند زندگی گزاریئے۔تقدیر سے کوئی موازنہ نہیں۔سب کی اپنی اپنی تقدیر ہوتی ہے۔تو صرف اپنے ہی مقدر پراور محنت پر انحصارکیجئے
دوڑیئے! مگر حقیقی خوشی اور سکون کیلئے،خوش رہیں اور خوشیاں بانٹتے رہیں۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

متعلقہ عنوان :

muashra aur lahasil dorein is a social article, and listed in the articles section of the site. It was published on 27 February 2020 and is famous in social category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.