
کووِڈ، عشقِ رسولﷺ اور حکومتی کارروائیاں
منگل 15 دسمبر 2020

عاطف خالد بٹ
کووِڈ کی پہلی لہر تو چلیے خیر جیسے تیسے گزر گئی اور اس میں ہمارا جو جانی اور مالی نقصان ہوا اور اس کے لیے حکومتی بزرجمہران نے جو کردار ادا کیا اسے ایک تو طرف رکھیے لیکن حالیہ لہر کے دوران بھی حکومتی عہدیداروں کا رویہ ایسا ہے جو کسی بھی طرح اس وبا سے نمٹنے کے لیے سنجیدگی ظاہر نہیں کرتا۔
(جاری ہے)
ربیع الاول کے مہینے میں یعنی اب سے تقریباً ڈیڑھ ماہ پہلے وفاقی حکومت نے پاکستانی عوام کو مذہب سے اپنی وابستگی اور عشقِ رسول ﷺ کا ثبوت دینے اور فرانس میں منظر عام پر آنے والے توہین آمیز خاکوں کے خلاف احتجاج کے لیے ہفتۂ عشقِ رسولﷺ منانے کا اعلان کیا۔ اگر یہ حکومت اپنے اس عمل میں واقعی سنجیدہ ہوتی تو ہم تہ دل سے اس عمل کی تائید و حمایت کرتے لیکن حکومت کے عشقِ رسولﷺ میں مبتلا ہونے کے دعوے کی حقیقت کا اندازہ اس بات سے لگائیے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر ہفتۂ عشقِ رسول ﷺ منانے کے اعلان سے چند روز پہلے قومی اسمبلی میں ایک قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں کہا گیا کہ فرانس میں تعینات پاکستانی سفیر کو احتجاجاً واپس بلایا جائے۔ قرارداد پیش کرنے والوں میں ایک نام شاہ محمود قریشی کا بھی تھا جو خود وزیرِ خارجہ ہیں اور اس حقیقت سے بخوبی واقف ہیں کہ اس وقت تک فرانس میں پاکستان کے سفیر کی اسامی تین مہینے سے خالی پڑی تھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ مذکورہ قرارداد میں فرانسیسی سفیر کو پاکستان سے نکالنے کا ذکر تک نہیں کیا گیا۔
وفاقی حکومت کی دیکھا دیکھی پنجاب حکومت نے بھی ایک ہفتہ منانے کا اعلان کیا اور اسے ہفتۂ شانِ رحمۃللعالمینﷺ کا نام دیا۔ اس ایک ہفتے کے دوران پنجاب حکومت کے محکمۂ اعلیٰ تعلیم نے تعلیمی اداروں میں مختلف سطحوں پر تقریری مقابلوں کا انعقاد کروایا اور پھر الحمرا اوپن ایئر تھیئٹر میں ایک تقریب تقسیم انعامات بھی منعقد کی جس میں صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم راجہ یاسر ہمایوں اور وزیراعلیٰ کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔ اس تقریب میں اور اس سے قبل منعقد ہونے والے تقریری مقابلوں میں کووِڈ سے بچاؤ کی تدابیر پر کتنا عمل کیا گیا اس کے لیے انٹرنیٹ پر موجود تصویریں اور ویڈیوز دیکھی جاسکتی ہیں۔
جنابِ رسول مکرمﷺ وہ مبارک و محترم ہستی ہیں کہ جن کے نامِ نامی پر ہر مسلمان اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہے اور یہی جذبہ ہمارے مسلمان ہونے کی ایک سند اور شہادت بھی فراہم کرتا ہے۔ فرانس میں جو کچھ ہوا اس پر ہماری حکومت کیا کچھ کرسکتی تھی اور اسلامی ممالک فرانس اور مغرب میں ایسی ہی گستاخیوں کو پروان چڑھانے والے دیگر ممالک کو کیسے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کرسکتے ہیں یہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں ہے۔ لیکن پاکستان سمیت زیادہ تر اسلامی ممالک کی حکومتیں بس زبانی جمع خرچ سے کام لیتی ہیں یا ایسے ہی اپنے معصوم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے کوئی نہ کوئی ظاہری کارروائی کردیتی ہیں تاکہ لوگوں کو ایسا محسوس ہو کہ ان کی حکومت واقعی عشقِ رسولﷺ میں مبتلا ہے۔
سر سید نے یکم رمضان 1292ھ کے 'تہذیب الاخلاق' میں لکھا تھا، "کوئی مسلمانی سلطنت اس وقت دنیا میں ایسی موجود نہیں ہے جس پر مہذب گورنمنٹ کا اطلاق ہو سکے، یا اس کا ملک اور اس کی رعایا ترقی یافتہ حالت میں ہو، یا وہاں کی رعایا کو اپنے تمام حقوقِ مالی و ذاتی حاصل ہوں، یا اپنے مال و ذات پر بالکلیہ امن رکھتی ہو، یا کمزور مستحق کو غیر مستحق زور آور کا اندیشہ نہ ہو۔" اس اقتباس کو شائع ہوئے تقریباً ڈیڑھ صدی گزر چکی ہے اور مسلم ممالک اور ان کے عوام کی حالت اس اقتباس میں بیان کردہ صورتحال سے کتنی بہتر ہوئی ہے یہ ہر شخص جانتا ہی ہے۔ میں آج تک یہ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ عشقِ رسولﷺ کے دعوے کرنے والی مسلم ممالک کی حکومتیں جنابِ رسول مکرمﷺ کے امتیوں کو آج تک اگر عزت اور وقار کے ساتھ زندہ رہنے کا حق بھی نہیں دے سکیں تو پھر وہ اپنے اس دعوے کی صداقت کا ثبوت اور کیسے مہیا کرسکتی ہیں؟؟؟
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
عاطف خالد بٹ کے کالمز
-
کیا اردو کو بین الاقوامی درجہ مل گیا؟؟؟
پیر 11 جنوری 2021
-
کووِڈ، عشقِ رسولﷺ اور حکومتی کارروائیاں
منگل 15 دسمبر 2020
-
جنسی ہراسانی کا قانون: محافظ یا زہرِ قاتل؟
جمعہ 9 اکتوبر 2020
-
عصبیتوں اور درجے بندیوں سے آزاد ایک عام پاکستانی
منگل 18 نومبر 2014
-
فصلِ گل آئی کہ دیوانے کا موسم آیا
جمعرات 27 مارچ 2014
-
کہ یہ ٹوٹا ہوا تارامہ کامل نہ بن جائے
ہفتہ 17 ستمبر 2011
-
نائن الیون کے مذاہب پر اثرات
بدھ 14 ستمبر 2011
-
سکوں کی لپکتی ہوئی جھنکاروں میں
جمعہ 18 مارچ 2011
عاطف خالد بٹ کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.