‏لوگ چلے جاتے ہیں اللّہ ساتھ رہتا ہے

اتوار 19 ستمبر 2021

Fazal Abbas

فضل عباس

ہم اس جہان میں رہتے ہیں ہمیں مختلف لوگوں سے ملنا ہوتا ہے مختلف لوگوں سے ملنے کا انداز بھی مختلف ہوتا ہے کچھ لوگ زندگی میں آتے ہی جگہ بنا لیتے ہیں کچھ عمر بھر ساتھ رہ کر بھی دور رہتے ہیں لیکن جو لوگ آتے ساتھ آپ کی زندگی میں جگہ بناتے ہیں کیا وہ آپ کو صرف خوشیاں دیتے ہیں؟ کیا وہ بس آپ کے ہوتے ہیں؟ کیا وہ آپ کو دکھ نہیں دیتے؟ کیا وہ آپ کو چھوڑ کر نہیں جاتے؟ کبھی اس موضوع پر غور کیا ہے؟ آئیں اس موضوع کو آگے بڑھاتے ہیں
جو لوگ ہماری زندگی میں آتے ہی دوسرے لوگوں کی جگہ لے لیتے ہیں وہ شاید خاص ہوتے ہیں ہماری خوشی بھی ان سے منسلک ہوتی ہے ہماری غمی بھی ان سے منسلک ہو جاتی ہمیں خوشیاں بھی ان کے ذریعے سے ملتی ہیں اور دکھ کا سبب بھی وہی ہوتے ہیں اس لیے وہ یقیناً خاص ہوتے ہیں
جب کوئی ہماری زندگی میں آ کر ہمارا خیال اپنی طرف کر لے ہمارے ذہن میں صرف اس کی باتیں ہوں اس کی خوشیاں خود سے زیادہ عزیز ہوں اس کے غم کو اپنی خوشیوں پر ترجیح دیں تو وہ ہمارے لیے خاص سے خاص تر ہوتا جاتا ہے
اگر اس شخص سے دن رات ہماری  باتیں ہوں ہم اپنی چھوٹی چھوٹی خوشیاں اس سے بانٹیں تو یقیناً وہ خاص ہوتا جاتا ہے اس قدر خاص کہ ہمیں خوشی ملی نہیں کہ ہم پہنچ گئے اس سے بانٹنے
اور وہ بھی آگے سے خندہ پیشانی سے ہمیں ملے ہمیں کو اپنا مانے چھوٹی چھوٹی باتیں ہم سے کرے تو ہم اسے اپنا ہی سمجھیں گے
لیکن بعض اوقات یہ ہوتا ہے کہ وہ انسان ہم سے اکتا جاتا ہے ہماری باتیں اسے چبھتی ہیں تو جس رات گہری تک باتیں ہوتی تھیں وہ آپ سے بولنا کم کر دیتا ہے یا ختم  جسے آپ اپنی ہر بات بتاتے ہوں وہ آپ سے بولے ہی نہ تو آپ احساس جرم میں چلے جاتے ہیں کہ شاید آپ اس کی تکلیف کا سبب بنے ہیں اس لیے وہ آپ کو چھوڑ گیا
احساس جرم بھی کیا عجب چیز ہے کیا کیا سانحے ہو جاتے اور احساس جرم کا نام تک نہیں ملتا جب کہ اگر ہمارا کوئی پیارا ہم سے روٹھ جاۓ تو احساس جرم دوڑا چلا آتا ہے کیا یہی ہوتا ہے احساس جرم؟؟ یہ ایک لمبی بحث ہے اسے کسی اور وقت کے لیے چھوڑ دیتے ہیں
دکھی ہونے کے لیے تو یہی وجہ کافی ہے کہ ہمارا اپنا ہمیں چھوڑ گیا جس کی راتوں میں ہم شامل تھے اس کے دن سے ہمارا نشان مٹ گیا وہ جسے اپنی جان سمجھتے ہیں وہ ہم سے ایسے دور چلا گیا جیسے مرتے وقت جسم سے روح چلی جاتی ہے لیکن یہاں تک تو صبر کیا جا سکتا ہے اس سے زیادہ ستم یہ ہوتا ہے کہ لوگ اس کے نام کے طعنے آپ کو دیں بولیں یہ آپ کا اپنا ہے نہ یہی ہے جس پر غرور تھا لیکن سہنا تو پڑتا ہے وہ آپ کا اپنا ہی تو تھا غرور تھا آپ کا آپ کی جان تھا وہ وہ چھوڑ گیا تو لوگوں کے طعنے سننے ہی پڑیں گے
اس حالت میں ظلم یہ ہوتا ہے کہ ہمیں یاد کی بیماری لگ جاتی ہے ہم اسے یاد کرنے لگتے ہیں جو ہمیں چھوڑ جاتا ہے اس کی یاد ہمیں ستاتی ہے کچھ بھی کر لو اس کا خیال ذہن سے نہیں جاتا وہ آپ کی روح کا حصہ بن جاتا ہے وہ آپ میں سما جاتا ہے آپ کی تکلیف میں اضافہ ہوتا جاتا ہے لیکن پھر بھی اگر کبھی وہ یاد کر لے تو اس سے بڑی خوشی نہیں ملتی
یہ تو ہو گئی پیارے لوگوں کی بات جو ہمارے اپنے ہو کر ہمیں چھوڑ جاتے ہیں لیکن اس حالت میں بھی ہم تنہا نہیں ہوتا کوئی ہوتا ہے جو ہمارے ساتھ ہوتا ہے وہ اللہ تعالیٰ ہے اللہ تعالیٰ کبھی ہمیں  اکیلا نہیں چھوڑتا اللہ تعالیٰ ہر قدم پر ہمارے ساتھ ہوتا ہے ہماری ہر بات اللہ تعالیٰ سنتا ہے ہمیں جواب دیتا ہے اس لیے اگر سب چھوڑ جائیں اللّہ کے پاس چلے جاؤ اللّہ تمہارے ساتھ ہے اللّہ میرے ساتھ ہے اللّہ سب کے ساتھ ہے اللّہ کو جب پکارو اللّہ ہماری مدد کرتا ہے اللّہ ہمیں سب دیتا ہے اللّہ اپنی مخلوق کو اکیلا نہیں چھوڑتا
دعا ہے پروردگار عالم سے کہ اگر انسان انسان کو چھوڑ جاۓ تو انسان کو اپنی رحمت سے اپنے پاس بلا لے تا کہ وہ اس مضبوط سہارے کو تھام کر اپنے غم بھلا سکے آمین۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :