دورِ جاہلیّت اور پرویز رشید

جمعرات مارچ

Kausar Abbas

کوثر عباس

اگر آپ غیر جانبداری سے اپنے معاشرے اور عرب کے اس قدیم معاشرے کا موازنہ کریں جسے ہم ”دورِجاہلیّت“ کہتے ہیں تو ان کا معاشرہ ”دشمنی“ اور ”پیشے سے کمٹمنٹ“ کے حوالوں سے بہتر نظر آتا ہے ۔وہ لوگ اپنے جانی دشمن تک کی خوبیوں کا انکار کرتے تھے اور نہ ہی اپنی ذاتی وابستگی ، لالچ یا خوف کی وجہ سے اپنے پیشے سے غداری کرتے تھے ۔

بات کو سمجھنے کے لیے صرف دو مثالیں عرض کیے دیتے ہوں ۔پہلی مثال:کافر آپ کے جانی دشمن تھے لیکن اس دشمنی میں بھی انہوں نے آپ ﷺ کی صداقت اور امانت کا انکار تھانہ ہی آپ ﷺ پر خیانت کا الزام لگایا تھا ۔وہ آپ ﷺ کے قتل کے منصوبے بنا رہے تھے لیکن ہجرت کی رات بھی ان کی کئی امانتیں آپﷺ کے پاس موجود تھیں۔یہ بات جہاں ایک طرف آپ ﷺ کے اعلیٰ کردار کی گواہی دیتی ہے وہیں دوسری طرف اس چیز کا علم بھی دیتی ہے کہ کفار بے شک آپ کو قتل کرنا چاہتے تھے لیکن اس جانی دشمنی میں بھی انہوں نے آپ کی صفات کا انکار نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری مثال:مدینہ منورہ جانے کے لیے آپ ﷺ نے ایک کافر کی خدمات حاصل کی تھیں ۔اس کافر کو آپ ﷺ کے پورے شیڈول کا علم تھا جبکہ راستے کا انتخاب کلی طور پر اس کی صوابدید تھی کیونکہ اسے انہی سروسز کے لیے ہائر کیا گیا تھا کہ محفوظ روٹ سے مدینے تک پہنچانا ہے۔گائیڈنگ اس کافر کا پیشہ تھا اور اسی کافر کے پیٹی بھائی نبی کریم ﷺ کو مارنے کے لیے آپ ﷺ کے مکان کا گھیرا ڈال چکے تھے ۔

لیکن آپ اس کافر کی اپنے پیشے سے کمٹمنٹ دیکھیے کہ اس نے دشمنی بھی اپنے پیشے سے بے وفائی نہیں کی ۔اس کے علاوہ بھی عرب معاشرہ کئی مثالوں سے بھرا پڑا ہے ۔یہ دو مثالیں اس لیے ذکر کی ہیں تا کہ معلوم ہو کہ جس معاشرے کو ہم دور جاہلیت کہتے ہیں وہاں کے لوگوں میں بھی یہ خصوصیات پائی جاتی تھیں کہ وہ نہ تو جانی دشمن تک کی اعلیٰ صفات کا انکار کرتے ، نہ ہی دشمنی میں اپنے پیشے سے بے وفائی کرتے اورنہ ہی کسی دوست کی ادنیٰ صفات سے صرف نظر کرتے تھے ۔

لیکن افسوس کہ ہمارا معاشرہ ان حوالوں سے تہی دامن ہوچکا ۔یہاں نظریے کا تعلق صحیح اور غلط کی بجائے اپنے مفادات سے جڑا ہے ۔کافروں نے نبی ﷺ کریم کو پکڑنے یا مخبری کرنے پر کئی سو اونٹوں کا اعلان کر رکھا تھا جبکہ گائیڈنگ کرنے والے کو آپ ﷺ کی طرف دیا جانے والا معاوضہ بہت کم تھا لیکن اس نے اپنی ذاتی وابستگی ، پیٹی بھائیوں کی تھانیداری یا پیسے کی خاطر اپنے پیشے سے غداری نہیں کی بلکہ اپنی ذمہ داری کو احسن طور پر نبھایا۔

لیکن آج ہم یہ نہیں دیکھتے کہ صحیح کیا ہے اور غلط کیا بلکہ اس کی بجائے ہم یہ دیکھتے ہیں کہ ہماری پارٹی کاموقف کیا ہے یا ہمارا فائدہ کس میں ہے۔ہم اس معاشرے سے بھی گر چکے ہیں جسے ہم نفرت سے ”دورِجاہلیّت “ کہتے ہیں ۔پرویز رشید والا واقعہ ہمارے اس رویے کی صرف دلیل ہے ۔بندہ ہماری مخالف صف میں ہو تو وہ پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو یا بے رحم قاتل ہوتا ہے لیکن جونہی وہ ہماری صفوں میں آ جائے وہ سپیکر یا نفیس ترین انسان بن جاتا ہے۔

پرویز رشید دنیا جہان کی تمام برائیوں کی آماجگاہ ہے لیکن اگر آج ہی وہ ہماری صفوں میں شامل ہو جائے تو ہم اس میں وہ تمام خوبیوں انجیکٹ کر دیں گے جو آج تک دریافت ہو چکی ہیں ۔آخر میں اپنی ایک تازہ غزل پرویز رشید کے نام کہ ان جیسے لوگ ہمارے سیاسی گناہوں کا کفارہ ہیں ۔
نبھانی پڑے گی یہ رسمِ وفا ہے
ہے اعزاز گر اس پہ ہوتی سزا ہے
ہے اعزاز گر اس پہ ہوتی سزا ہے
سیاست کے گلشن میں چھا جاتی راتیں
ترے دم سے باقی ابھی تک ضیا ہے
بوقتِ ستم تو نے آہیں بھری تھیں
مسیحا مرا مجھ سے اب تک خفا ہے
اشارے پہ حاکم کے دل کی دبا کر
حَکَمْ والا بننے لگا اب خدا ہے
ضمیروں کے تاجر مخالف ہیں تیرے
کہ جھوٹوں کو چبھتی ہی سچی صدا ہے
وہ راضی تو قاتل کو قاضی بنا دے
مرے چارہ گر کی عجب یہ ادا ہے
کہا شاہ نے سچ کو پھانسی لگا دو
حواری یہ بولے بجا ہے بجا ہے
عدالت کہاں کی شہادت کہاں کی
ہے مجرم وہی جس پہ آقا خفا ہے
ثمر بھی دیا اور پتھر بھی جھیلے
مگر سنگ دل تجھ سے اب بھی خفا ہے
ہوائیں رکاوٹ بنیں جس کسی کی
پرندہ وہی سب سے اونچا اڑا ہے
یہ دستور ہے میرے محسن کا کوثر
سدا اس نے محرم کو مجرم لکھا ہے
© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین کالمز :

Your Thoughts and Comments

Urdu Column Doour E Jaahliyat Aur Pervez Rasheed Column By Kausar Abbas, the column was published on 04 March 2021. Kausar Abbas has written 35 columns on Urdu Point. Read all columns written by Kausar Abbas on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.