
کرونا وائرس سے زیادہ افواہ ساز متحرک
جمعرات 12 مارچ 2020

خالد محمود رسول
کہنے سننے میں ہمیشہ یہی آیا کہ خالی ذہن شیطان کی آماجگاہ ہوتا ہے۔ بھلے وقتوں میں بڑے بوڑھے پہلی فرصت میں اپنے نوجوان لڑکے بالوں کی شادی اس بناء پر جھٹ کر دیتے کہ بے کار نہ پھرے۔ نوکری کا کیا ہے آج نہیں تو کل مل ہی جائے گی۔ مگر خالی ذہن کی ایک آدھ شیطانی اگر سرزد ہو گئی تو پورا خاندان عذاب بھگتتا پھرے گا۔
زمانہ بدلا ہے تو بڑے بوڑھوں کی یہ پریشانی اب جاتی رہی ہے۔ نوکری ہے یا نہیں، آجکل لڑکے بالے ایک پل بھی بے کار نہیں بیٹھتے۔ اللہ بھلا کرے جس نے انٹرنیٹ، موبائل اور سوشل میڈیا ایجاد کیا کہ اب بے کار سب سے زیادہ ''مصروف'' ہوتے ہیں۔ بقول ہمارے دوست کے؛ بھائی کیا پوچھتے ہو ایک دھیلے کا کام نہیں مگر ایک سیکنڈ کی فرصت بھی نہیں ہے۔
ایک زمانے میں پھر بھی آنے جانے والے عرضی نویس سے پوچھ کر پرائے معاملے میں مداخلت کرتے تھے، بھائی اگر کسی کو خط لکھ رہے تو ہمارا سلام لکھ دینا۔
اگر کسی کے خلاف عرضی لکھ رہے تو ہماری گواہی لکھ دینا۔اب سوشل میڈیا کی بدولت بات سلام دعا یا گواہی تک محدود نہیں بلکہ دوسروں پر تنقید کے اندھا دھند نشتر برسانے کے لئے اب 24/7 فیس بک، واٹس اپ، ٹک ٹاک، انسٹاگرام سمیت الم غلم بے تحاشا ایپس ہاتھ لگ گئی ہیں۔ ہر کوئی بلا مبالغہ مبصر بھی ہے اور دوسروں کا جج بھی۔ ادھر کسی پوسٹ کی صورت استغاثہ پیش ہوا ادھر انہوں نے جھٹ سے فیصلہ سنا ڈالا۔
(جاری ہے)
سوشل میڈیا کے اس دور بے قرار میں فیک نیوز نے بھی خوب رواج پایا ہے۔صدر ٹرمپ نے فیک نیوز کی حرافہ کو ہمیشہ آڑے ہاتھوں لیا۔ جس کے سبب فیک نیوز کی شہرت ساتویں آسمان تک جا پہنچی ہے۔ لائکس کی اشتہاء نے سوشل میڈیا پر فیک نیوز کو کھل کھیلنے کا موقع دیا ہے۔ فیک نیوز کی بڑھتی ہوئی بھرمار میں اب Fact checking یعنی حقیقت پرکھ ویب سائٹس کا کام بھی چل نکلا ہے۔
کرونا وائرس وویان چائنا میں دریافت ہوا اور پھر پھیلتا ہی چلا گیا۔ ہزاروں متاثر، سینکڑوں ہلاک ہوئے۔ شہر لاک ڈاون ہوئے، سفر ممنوع ٹھہرے، چین میں خوف و ہراس اور زندگی سہم گئی مگر ہمارے ہاں سوشل میڈیا ایکسپرٹس کو اٹھکیلیوں کا سامان مل گیا، پیاز، لہسن، ادرک سمیت ایسے ایسے نسخے شرطیہ اثر کے ساتھ پیش کئے الحفیظ و الامان!!!
اب کروانا وائرس کے سبز قدم پاکستان کی سرزمین پر آن پڑے ہیں تو علاج کے نسخوں کی عطا میں کچھ کمی آئی ہے۔ مگر اب سوشل میڈیا بے چین ہے کہ حکومت چھپا رہی ہے۔ کسی نے کراچی کے فلاں فلاں ہسپتال میں سینکڑوں مریض خود دیکھے جس کی خبر حکومت نے چھپائی۔ کسی کو پکی خبر ہے کہ لمز یعنی ورسٹی میں تین طلباء کو کورونا وائرس لگ گیا مگر یونیورسٹی چھپا رہی ہے۔ کسی کا کزن بیرون ملک سے اج ہی آیاتو ائرپورٹ پر کورنا وائرس جانچنے کا سرے سیکوئی انتظام نہ تھا وغیرہ وغیرہ۔۔
فیک نیوز کی آڑ میں اذیت پسندی اور تماش بینی کی علت کو ایک پل چین نہیں۔حکومت اور الزام رسیدہ ادارے وضاحتوں پر وضاحتیں دے رہے ہیں مگر سوشل میڈیا کی عقابی نظریں دھڑا دھڑ وہ سب بیان کر رہی ہیں جو کسی اور کو دکھائی نہیں دیتا۔۔
کرونا وائرس سے دنیا وحشت زدہ ہے، کاروبار اور روزمرہ کی زندگی الٹ پلٹ ہو کر رہ گئی ہے مگر پاکستان میں کرونا وائرس پر تماش بینی کا ایک نیا باب کھل گیا ہے۔ تازہ ترین زیر گردش میم میں سے ایک کچھ یوں دیکھا۔۔ چھٹی کی درخواست اب کچھ یوں پیش ہوئی۔۔۔۔ مجھے کرونا وائرس فلو ہے، دفتر سے دو ہفتے کی رخصت دی جائے۔ درخواست کی نامنظوری کی صورت میں فدوی کل دفتر پہنچ جائے گا، پھر نہ کہنا ہمیں خبر نہ ہوئی!
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
ABOUT US
Our Network
Who We Are
Site Links: Ramadan 2025 - Education - Urdu News - Breaking News - English News - PSL 2024 - Live Tv Channels - Urdu Horoscope - Horoscope in Urdu - Muslim Names in Urdu - Urdu Poetry - Love Poetry - Sad Poetry - Prize Bond - Mobile Prices in Pakistan - Train Timings - English to Urdu - Big Ticket - Translate English to Urdu - Ramadan Calendar - Prayer Times - DDF Raffle - SMS messages - Islamic Calendar - Events - Today Islamic Date - Travel - UAE Raffles - Flight Timings - Travel Guide - Prize Bond Schedule - Arabic News - Urdu Cooking Recipes - Directory - Pakistan Results - Past Papers - BISE - Schools in Pakistan - Academies & Tuition Centers - Car Prices - Bikes Prices
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.