تیر‌و‌ترکش

بدھ 12 فروری 2014

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#جنگ بندی سے پہلے زبان بندی ضروری ہے، محترمہ ام حسان
شوہر نام دار کو بھی تو سمجھا لیا ہوتا ناں
#مذاکرات کے عمل میں جلد بازی نہیں، مکمل غور کے بعد مثبت جواب دیں گے
قوم کو بھی مثبت جواب کی توقع ہے
#طالبان کے ساتھ بات چیت سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھائیں گے، وزیر داخلہ
آپ کے بہت سے مہربانوں کی رنجیدگی میں اضافہ نہ کر دے آپ کی سنجیدگی
#گاڑیوں کو بلٹ پروف بنانے کا کاروبار غیر قانونی ہے، وزارت داخلہ
اس طرح کا کاروبار شروع کرانے والے بھی کبھی اسی دفتر میں بیٹھے تھے
#حکمرانوں نے کشکول کی بجائے بڑی دیگیں پکڑ لی ہیں، چودھری شجاعت
آخر حکمرانوں کو بھی روٹی شوٹی کھانے کاخاندانی شوق ہے
#طالبان کے مطالبات،چند نکات لوہے کے چنے ثابت ہوں گے، کامران خان
رابطہ کمیٹیوں میں اکثر یت پختونوں کی ہے وہ ان چنوں کو بھون کر نرم کرنا جانتے ہیں شاید
#فیسٹیول سے سند ھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملی، بلاول
وڈیرے کی ذہنی کثافت بھی تو اجاگر ہوئی ہے اس فیسٹیول سے
#وزیر اعظم نے وزراء کو طالبان سے متعلق بیان دینے سے روک دیا
وزراء کے علاوہ اور بھی ہیں جن کا منہ بند کرنے کی ضرورت ہے جناب!
#سرائیکی صوبے کے قیام تک ناانصافیوں کا ازالہ ممکن نہیں، جمشید دستی
صوبے داری پھر بھی آپ کو نہیں ملے گی گیلانیوں، قریشیوں، خاکوانیوں کے ہوتے ہوئے
#طالبان کے بارے میں پی پی کی پالیسی واضح ہے،بلاول
والدِ محترم اور خورشید شاہ صاحب سے تو پوچھ لیں
#مشرف کے وکیل اور اکرم شیخ میں جھڑپ، اسکول کالج کے بچے بھی ایسا نہیں کرتے، جسٹس فیصل عرب
اسکول کالج کے بچے ہی تو نہیں ہیں ناں دونوں ماشاء اللہ نامی گرامی ماہر قانون ہیں
#ایم کیو ایم کے دوستوں کے گلے شکوے بات چیت سے دور کریں گے،شرجیل میمن
حالانکہ آپ کو اچھی طرح پتا ہے کہ ایم کیو ایم کے دوستوں کے گلے شکوے محض بات چیت سے دور نہیں ہوسکتے
#امریکا عالمی فتنے کا مرکز ہے، جنگ جاری رہے گی، علامہ ناصر عباس
حسن روحانی صاحب سے تو پوچھ لیں
#نواز شریف کی خاطر 5برس جلا وطن رہا، لیاقت جتوئی
وزیر بجلی اور پانی کس کی خاطر بنے تھے مشرف دور میں؟
#پی آئی اے میں نئے طیاروں کی شمولیت سے سروسز میں بہتری آئے گی، شجاعت عظیم
سروسز میں بہتری کا تو پتا نہیں البتہ پی آئی اے کی نجکاری میں ضرور آسانی ہو جائے گی
#مذاکرات کی ٹرین منزل پر پہنچنے میں ہی سب کا فائدہ ہے، سہیل وڑائچ
پاکستان میں ٹرین کی مثال نہ ہی دیں تو اچھا ہے وڑائچ صاحب
# پاکستان کو آبدوزوں کی فروخت میں کمیشن کا الزام سابق فرانسیسی صدر سرکوزی عدالت طلب
ایک آدھ کوئی اور سابق صدر نہ آئے جائے کہیں اس نرغے میں اب تو استثناء بھی باقی نہیں رہا
#حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے، رفیق تارڑ
پتا نہیں یہ تارڑ صاحب کا تجربہ بول رہا ہے یا تعلقات!
#بھارت آسانی سے اپنی غلطی تسلیم نہیں کرتا ، راج موہن گاندھی
پھر سچ ہے ناں کہ ، لاتوں کے بھوت باتوں سے نہیں مانتے
#آرمی چیف نے عمرہ ادا کیا ، ملکی ترقی و خوش حالی کے لیے خصوصی دعا
اب دعا کے بعد وہ کوئی دوا بھی تو کریں ناں
#کراچی پولیس روزانہ 22کروڑ کا بھتا لیتی ہے،ایم کیو ایم
تجھ کو یہ خبر ملی اب…؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :