تیر و ترکش

بدھ 3 فروری 2021

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#حکومت اپنی لگامیں اپنے پاس رکھے، ہم نے پکڑکر نہیں چلانا، لاہور ہائی کورٹ
مائی لارڈ! کبھی گھوڑے سے بھی کسی نے کہا ہے کہ اپنی لگامیں اپنے پاس رکھے۔
#سلیکٹڈ کو اپنی رخصتی کا اب ٹی وی سے پتا چلے گا، مریم اورنگزیب
نہیں، شاید بی وی سے!
#مہنگائی پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہورہی ہے، وزیر مملکت علی محمد خان
حالانکہ آپ نے پچھلے ”دور“ کے مقابلے میں مہنگائی کم کرنے کے وعدے اور دعوے کیے تھے۔


#کورونا ویکسین ہر شخص اپنی ذمہ داری پر لگوائے، وزیر صحت پنجاب
یعنی …جاگدے رہنا ساڈے تے نہ رہنا۔
#کسانوں کے احتجاج سے ملک کی بے عزتی ہوئی، نریندرمودی
ہر حکمران کی طرح مودی صاحب بھی شاید اپنے آپ کو ملک سمجھ رہے ہیں۔

(جاری ہے)


#لاکھوں کا مجمع استعفا لینے آئے گا تو حکمرانوں کو راہِ فرار نہیں ملے گی، ن لیگ
لیکن یہ مجمع آئے گا کہاں سے؟
#اسٹیبلشمنٹ سے لڑنا نہیں چاہتے، شکایت اپنوں سے ہوتی ہے، مولانا فضل الرحمن
آپ نے یہ پیغام لندن بھی پہنچا یا یا نہیں؟
# 34شقوں کا این آر او منظور کرلیں تو اپوزیشن عمران خان کے پاوٴں دبائے گی، ڈاکٹر شہباز گل
اور آپ پھر واپس امریکا جاکر پروفیسری کریں گے؟
#ن لیگ ارکانِ اسمبلی کے ضمیر خریدنے میں ماہر ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی
کسی چیز کو خریدنے کے لیے اس کا ہونا ضروری ہوتا ہے۔

ہیں جی!
#حکومت نظامِ عدل میں اصلاحات لانے میں ناکام رہی، فواد چودھری
 شہد شاہدمن اہلھا
#وزیراعظم کب تک دھوکا دیتے رہیں گے، سراج الحق
لالہ! جب تک سانس تب تک آس۔
#حکومت کے خلاف نیا پلان بنانا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری
آپ سے نہیں بنے گا، کوئی اور کام کرلیں۔


#صوبائی حکومت سندھ میں وفاق کو کوئی کام نہیں کرنے دیتی، اسد عمر
پنجاب، کے پی، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں وفاق اپنا یہ شوق پورا کرلے۔
#مجھے کسی نے ہارس ٹریڈنگ کا ہدف نہیں دیا، گورنر پنجاب
کچھ کام بندہ شوق سے مجبور ہوکر خود بھی تو کرتا ہے۔
#میں نہ چاہوں تو حکومت ایک دن نہیں چل سکتی، پرویز خٹک نے بیان دے کر واپس لے لیا۔


نہیں، خٹک صاحب کا واپس لینا بنتا تھا، کافی بھاری ہوگیا تھا ان کا بیان۔
#مہنگائی کم ترین سطح پر آگئی۔
وزیراعظم نے یہ بیان ایک ماہ میں تیسری مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دینے کے دن دیا۔
#ڈیڈلائن ختم اب کیا کریں، پی ڈی ایم قائدین کے رابطے
پریشانی کی کیا بات ہے؟نئی ڈیڈ لائن دے دیں کون سا بازار سے لانا پڑے گی۔


#مہنگائی میں کمی، آٹا، چینی، گھی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ برقرار، ایل این جی کے نرخ بھی بڑھ گئے، ادارہ شماریات
مندرجہ بالا بیان جاری کرنے والے ادارہ شماریات کے ترجمان بھی شاید کہیں بنی گالا میں رہتے ہیں۔
#لانگ مارچ سینیٹ الیکشن کے بعد ہونا چاہیے، میاں محمد نوازشریف کا مولانا فضل الرحمن کو مشورہ۔


اس طرح کے مشورے دینے پر میاں صاحب کا کیا جاتا ہے، جمہوریت کی بالادستی کی جنگ میں!
#آرٹیکل 62 میں ترمیم کی گئی تو سب نااہل ہوجائیں گے، اسلام آباد ہائی کورٹ
یعنی خود بدلتے نہیں قرآں کو بدل دیتے ہیں۔
#ایرانی پٹرول کے خلاف کریک ڈاوٴن سے خزانے کو 250 ارب روپے کا فائدہ ہوا، وفاقی وزیر زرتاج گل کا سینیٹ میں بیان
وہاں سے آنے والی کئی اور چیزوں کے خلاف بھی کریک ڈاوٴن ہو تو خزانے کے علاوہ معاشرے کو بھی کافی فائدہ ہوسکتا ہے۔


#وزیراعظم سے آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی کی ملاقات، آرمی چیف کی 40 دن میں یہ چوتھی ملاقات تھی۔
جناب وزیراعظم! رابطے حد سے بڑھ جائیں تو غم ملتے ہیں۔
#اپوزیشن کو دیوار سے لگانے کی بجائے راستہ دینا چاہیے، وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی
تاکہ کل کلاں یہ راستہ اگلی حکومتی پارٹی میں جانے کے لیے استعمال کیا جاسکے۔


#کراچی، افریقہ سے آنے والی فلائٹ کے مسافر سے کوکین برآمد۔
افریقی مسافر نے شاید اسلام آباد اترنا ہوگا۔
#پی پی نے تمام ادوار میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، وزیر صنعت وتجارت سندھ
کہاں، کاغذوں میں؟!
#علماء ملکی قسمت بدلنے کے لیے ہمارا ساتھ دیں، مولانا حامد الحق
کبھی آپ بھی علماء کا ساتھ دیا کریں ناں!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :