تیر و ترکش

ہفتہ 13 مارچ 2021

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#نئی نسل بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، صدرِ مملکت
کیوں کہ پرانی نسل کے گوڈے گٹوں میں اقتدار بیٹھ گیا ہے!
#ملکی معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کرنے میں آپ کا کردار رہا ہے، وزیراعظم کی حفیظ شیخ کو کام جاری رکھنے کی ہدایت
ق لیگ اور پیپلزپارٹی کی قیادتوں کی طرف سے بھی شیخ صاحب کو ایسی ہی سندیں مل چکی ہیں۔


#ہمارے تحفظات دور کردیے گئے ہیں، حکومت کے اتحادی رہیں گے، طارق بشیر چیمہ رہنما ق لیگ
اگر مونس الٰہی کو وزارت نہ ملی تو یہ تحفظات پھر نزدیک آسکتے ہیں ناں!
#پنجاب میں اس وقت کوئی موٴثر قیادت نہ ہونے کی وجہ سے پی ٹی آئی کمزور ہے، جہانگیر ترین
باہر بیٹھ کر ایسی ہی باتیں کیا کرتے ہیں اَن فٹ کھلاڑی۔

(جاری ہے)


#ہم نے اعتماد دیا، اب آپ ایوان کو اعتماد دیں، ایم کیو ایم رہنما خالد مقبول صدیقی کا وزیراعظم کی موجودگی میں خطاب
جنہوں نے آپ سے اعتماد دلوایا وہی ایوان کو بھی اعتماد دلواسکتے ہیں، آپ کو تو پتا ہے ”اچھی“ طرح۔
#سینیٹ الیکشن میں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل رہی، شیخ رشیداحمد
اور پھر چیئرمین وڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں فور بائی فور چوتھا گیئر لگ گیا کیمروں سمیت۔


#ن لیگ کے 83 ارکان نے بغیر پیسے لیے گیلانی کو ووٹ دیا، خرم دستگیر
یہ تو وہی بات ہوئی کہ کلاس ٹیچر نے پوچھا کس کس نے اس ماہ کی فِیس جمع نہیں کرائی؟ ایک معصوم طالب علم بولا مِس میں نے جمع کرادی ہے۔
#نجی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کررہے ہیں، وزیراعلیٰ کے پی کے
کھرب پتی سرمایہ داروں کو سینیٹ میں لے جانا اس کا واضح ثبوت ہے۔


#مہنگائی کی کچھ وجوہات ہمارے اختیار میں نہیں، وفاقی وزیر اطلاعات
آپ کے اختیار میں ہے کیا، کبھی فرصت ملے تو اس کی بھی اطلاع دیں۔
#لانگ مارچ پر پی پی گومگو کا شکار۔
لگتا ہے پی پی کا یہ گومگو ن لیگ کو بھی شکار کرلے گا۔
#سینیٹ انتخابات میں پیسہ حکومت نے چلایا، سید خورشید شاہ
اور جیت یوسف رضاگیلانی گئے۔


#سینیٹ کی منڈی میں لیڈر بکروں کی طرح فروخت ہوئے، عمران خان
اور بکریوں کی طرح مینگنیاں ڈال ڈال کر دودھ دیا۔
#ہمارے سات ووٹ ناجائز مسترد ہوئے، بلاول بھٹو زرداری
یعنی آپ کے سات ووٹ پہلے ناجائز ہوئے پھر مسترد ہوئے۔
#گیلانی بمقابلہ حفیظ شیخ اور گیلانی بمقابلہ سنجرانی، سات سات ووٹ مسترد ہونے کا اتفاق۔


یہ اتفاق ”برکت“ والا بھی تو ہوسکتا ہے ناں!
#حکومتی بنچوں پرتین ٹھیکے دار پیسے دے کر سینیٹر بنے، شاہد خاقان عباسی
غیرٹھیکے دارکون سا مفت میں سینیٹر بنے ہوں گے!
#فضل الرحمن کو سوچنا چاہیے کیا کھویا کیا پایا، حافظ حسین احمد
آپ کو کھویا اور حافظ حمد اللہ کو پایا۔
#حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ طے ہے، مولانا فضل الرحمن
آپ کے اتحادیوں کو طے شدہ فیصلے تہہ کرانے میں مہارت حاصل ہے۔


#سات ووٹ بدنیتی سے خراب کیے گئے، پریذائڈنگ آفیسر سید مظفرحسین شاہ
تین مارچ کو قومی اسمبلی میں یہ کام نیک نیتی سے کیا گیا تھا کیا؟
#چیئرمین سینیٹ الیکشن، جیت کے لیے جو ضروری ہوا کریں گے، یہ نہیں ہوسکتا شرافت دکھاتے رہیں، کوئی دھکا دے گا تو ہم بھی دھکا دیں گے، شبلی فراز
اچھا ہوا فراز صاحب آپ کے وزیر بننے سے پہلے فوت ہوگئے۔


#مجھے یا میرے ساتھیوں کو کسی خفیہ ایجنسی کی کال نہیں آئی، مولانا عبدالغفور حیدری
ہار بھی تو گئے ہیں ناں آپ پھر!
#لانگ مارچ میں رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، وفاقی وزیر داخلہ
کیوں کہ اس کام کی صلاحیت لانگ مارچ کرنے والوں میں بھی موجود ہے۔
#پی ٹی آئی نے غریب آدمی کا استحصال کیا، پیپلزپارٹی
تو کیا ایسا کرنے کا حق صرف آپ کو ہے؟!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :