تیر و ترکش

ہفتہ 20 مارچ 2021

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#امریکا دنیا میں جمہوریت کا اپنا نسخہ بیچنا بند کرے، چین
اللہ خیر کرے، لگتا ہے آپ نے جمہوریت کا اپنا نسخہ تیار کرلیا ہے دنیا میں بیچنے کے لیے۔
#وزیراعظم کا جارحانہ سیاسی حکمت عملی تبدیل کرنے کا فیصلہ، اپوزیشن کی بجائے وزراء کی کارکردگی پر توجہ دی جائے گی۔
یہ فیصلہ اپنا تو نہیں لگتا کپتان کا!
#ایوانوں میں لڑنا ہے تو پی ڈی ایم کیوں بنائی، مولانا فضل الرحمن
آپ کو بھی تو مصروف رکھنا تھا ناں!
#نااہل حکومت کو آئینی طریقے سے ہٹایا جائے، وزیراطلاعات سندھ
اتنی اہلیت ہے کسی میں؟
#صادق سنجرانی ہمارا نہیں کسی اور کا تحفہ ہیں، رضا ربانی
اول اول تو یہ تحفہ زرداری صاحب نے ہی وصول فرمایا تھا۔

(جاری ہے)


#کیا حکومت ملک چلانے کی اہل نہیں؟ سپریم کورٹ
آپ کے اس سوال کا جواب ملک کے درودیوار پر لکھا ہے جناب! لیکن وہی بات
جانے نہ جانے گل ہی نہ جانے باغ تو سارا جانے ہے
#کسان ڈٹ گئے، بھارتی پارلیمان کے باہر منڈی لگانے کی تیاری۔
ہمارے ہاں یہی کام پارلیمان کے اندر ہوچکا ہے۔


#میری کامیابی کے پیچھے وزیراعظم ہیں، صادق سنجرانی
سنجرانی صاحب کو پتا ہے اصل میں جو پیچھے ہیں وہ اس بیان کا برا نہیں مانیں گے فی الحال۔
#فواد چودھری کی دبے لفظوں میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ پر تنقید۔
حالاں کہ فواد صاحب یہ کام کُھل کُھلاکر کرنے کا ذوق رکھتے ہیں۔
#وزیراعظم کا اتحادی جماعتوں کو وفاقی کابینہ میں لینے کا فیصلہ۔


اعتماد کا ووٹ لینے کے آفٹر شاکس میں سے ہے۔
#ن لیگ نے ڈھائی برس میں 20 ہم نے 35 ہزار ارب قرض واپس کیا، وزیراعظم
لیا کتنا؟ یہ بھی تو بتائیں ناں!
#ماضی دفن کریں، آگے بڑھیں، جب تک اپنا گھر ٹھیک نہیں کریں گے بہتری نہیں آئے گی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ
ایک زمانہ تھا کہ کچھ ایسا کہنے پر …… چلیں چھوڑیں پرانی باتیں دہرانے کا فائدہ؟
#انتخابی اصلاحات، نیب قوانین میں ترمیم، اپوزیشن سے مذاکرات کے لیے 10 رکنی کمیٹی قائم۔

فواد چودھری، شیخ رشید، شبلی فراز بھی شامل۔

لگتا ہے یہ کمیٹی مذاق رات کے لیے قائم کی گئی ہے۔
#وزیراعظم اب نوٹس لینے سے آگے کا کام کریں، ترجمان سندھ حکومت
اختیار کے مطابق ہی کام کرنا ہوتا ہے وزیراعظم نے۔ چاہے پوچھ لیں سید یوسف رضاگیلانی اور راجا پرویز اشرف صاحب سے۔
#سلیکٹڈ استعمال ہوچکا اب متبادل تیار ہورہا ہے، مریم نواز
خاطر جمع رکھیں متبادل وغیرہ کے سلسلے میں آپ والوں کو زحمت نہیں دی جائے گی۔


#نومنتخب چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی کراچی میں آصف زرداری سے ملاقات۔
جو پوچھتے ہیں زرداری استعفے دینے پر کیوں تیار نہیں، ان کے لیے خبریت ہوسکتی ہے اس ملاقات میں۔
#استعفے ایٹم بم کی طرح ہیں، بلاول بھٹو زرداری
جی ہاں! پاکستانی ایٹم بم کی طرح جسے بچانے کے لیے پچھلے تئیس برس سے طرح طرح کے پاپڑ بیل رہے ہیں ہم۔


#دوست ممالک نے دیوالیہ ہونے سے بچایا، عمران خان
اب اُن دوستوں سے کیسی چل رہی ہے دوستی؟
#ملکی بہتری کے لیے سینیٹ کے تمام ارکان کو ساتھ لے کر چلوں گا، صادق سنجرانی
آپ کے ساتھ جانا کدھر کو ہے، یہ اچھی طرح جانتے ہیں معزز ارکان۔
#اب اپوزیشن نہیں مہنگائی سے نمٹیں، وزیراعظم کی وزراء کو ہدایت
اپوزیشن سے نمٹنے والوں کے ذمے لگا دیں مہنگائی سے نمٹنا بھی۔ شاید اپنے تجربے کی بنا پر وہی نمٹ لیں۔
#پی ڈی ایم نے اسلام آباد میں کوئی حرکت کی تو جواب سندھ میں دیں گے، شیخ رشید
ہم نے تو سنا تھا کہ آپ کی شیخیاں ماند پڑ گئی ہیں وزیرداخلہ بن کر۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :