تیر و ترکش

پیر 8 فروری 2021

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#تعریف سن کر خوش ہونے والوں کو ماہرِ نفسیات کے پاس جانا چاہیے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ
اتنے ماہرِ نفسیات دستیاب نہیں ملک میں جناب!
#عمران خان کے بڑے سینیٹ ترمیم کے لیے فون کررہے ہیں، مریم نواز
اور آپ ٹھہرے مشرقی روایات کے پاسدار، بڑوں کا ادب کرنے والے۔
#سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کا آرڈیننس تیار۔


کرلو جو کرنا ہے!
#مودی! آئیں مل کر مسئلہ کشمیر حل کریں، وزیراعظم عمران خان
لاتوں کے بھوت والا محاورہ نہیں سنا شاید وزیراعظم نے۔
#آیندہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہ بڑھائیں گے، پرویز خٹک
آپ کو کتنا یقین ہے، آیندہ بجٹ تک اپنے بااختیار ہونے کا!
#بھارت آنکھوں کی بینائی تو چھین سکتا ہے آزادی کے خواب نہیں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
واہ! کیا آپ ایسے بھی بول لیتی ہیں؟
#کشمیری عوام کو بھارت کے چنگل سے آزاد کرانا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
یہ چنگل وغیرہ کے سلسلے میں سندھ کے عوام کس سے فریاد کریں؟
#قومی اسمبلی میں حکومتی اور اپوزیشن ارکان گتھم گتھا، نعرے، سیٹیاں، اسپیکر ڈائس کا گھیراوٴ، مائیک اتار لیا، ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ ڈالیں، سیکورٹی طلب۔

(جاری ہے)


جمہوریت کا حسن ماند نہیں پڑنے دیتے بچے جمورے۔
#اپوزیشن کے رہنما لوٹا پیسا واپس کردیں تو کل ہی عہدہ چھوڑ دوں گا، عمران خان
یہ تو پھر عہدہ نہ چھوڑنے والی بات ہوئی ناں!
#وزیراعظم کون سے پیسے لینا چاہتے ہیں ثبوت دیں، پیپلزپارٹی
یعنی پتا آپ کو بھی ہے مگر ثبوت نہیں چھوڑا گیا۔


#پاک برطانیہ مجرم حوالگی معاہدہ جلد مکمل کرنے پراتفاق۔
اس اتفاق کا وہی حال تو نہیں ہوگا جو آج کل ”اتفاق“ والوں کا ہے۔
#بتاتے ہیں استعفے کیا ہوتے ہیں، تھوڑا صبر کریں، مریم نواز
”کسی“ سے پوچھ کر بتانا ہے کیا!
#عوام سے گفتگو جمہوریت کا بنیادی جزو ہے، شبلی فراز
بشرطیکہ گفتگو کرنا بھی آتی ہو۔


#اپوزیشن کرپشن کے خاتمے میں حکومت کا ساتھ دے، سینیٹر فیصل جاوید
اس کا مطلب ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ صحیح ہے۔
#نیب قیامت تک کیس ثابت نہیں کرسکتا، شہبازشریف
کیا اعتماد ہے اپنی کاری گری پر!
#بہترین منصوبہ بندی کے لیے درست اعداد وشمار کا ہونا ضروری ہے، وزیراعلیٰ پنجاب
کون بتاتا ہے آپ کو ایسی باتیں!
#نوازشریف اور مریم نواز کے موقف کے ساتھ چلنا مشکل ہے، اعتزازاحسن
آپ کی عمر کا تقاضا ہے ناں!
#وزیراعظم کو عوام نے منتخب کیا،ڈاکٹر شہباز گل
اچھا، تو آپ ”انہیں“ عوام کہتے ہیں، خیال کریں ”وہ“ ناراض بھی ہوسکتے ہیں۔


#کشمیر زبانی جمع خرچ اور نعروں سے نہیں بلکہ عملی جدوجہد سے آزاد ہوگا، مولانا حامد الحق
پچھلے دنوں جناب نورالحق قادری اور صاحبزادہ حامد رضا وغیرہ کے ہمراہ آپ وزیراعظم کو یہی بات بتانے گئے تھے ناں؟
#سینیٹ سنجیدہ ایوان ہے، چیف جسٹس
لگتا ہے کافی عرصے سے آپ نے سینیٹ کی کارروائی نہیں دیکھی۔


#پی ٹی آئی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل سے کرپشن کے خاتمے کے لیے مدد مانگ لی۔
پنجابی میں کہتے ہیں ”جھیڑا بولے اوہی کنڈا کھولے“
#پی ڈی ایم والے اتنے سیدھے نہیں کہ استعفے دے کر حکومت کو ریلیف دیں، ترجمان پی ڈی ایم میاں افتخار حسین
اور اپنے آپ کو مزید تکلیف دیں۔
#سیاست بند گلی کا نام نہیں، مذاکرات ہی بہترین آپشن ہیں، شیخ رشید احمد
اس طرح کی بات وزیراعظم کو بھی بتایا کریں ناں!۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :