تیر و ترکش

منگل 8 جنوری 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#آرٹس کونسل میں رقص کی بجائے ہم نصابی سرگرمیاں شروع کی جائیں، وفاق المدارس
رقص آرٹس کونسل چلانے والوں کی ہم نصابی سرگرمی ہی ہے حضور!
#وزیر اعظم کامنی لانڈرنگ کے خلاف بڑے آپریشن کا اعلان
بہت خرچ ہوتا ہے، بڑے آپریشن پر وزیر اعظم کو تجربہ نہیں شاید!
#بلاول کی گرفتاری سے ملک افرا تفری کا شکار ہو گا، سید خورشید شاہ
ایمان سے ایسا کچھ نہیں ہو گا شاہ جی
#بھارت کو پاکستان کا پانی چوری نہیں کرنے دیں گے،چیف جسٹس
کراچی کے پانی چوروں کا تو کچھ کرلیں پہلے جناب!
#وزیر اعظم اتحاد تنظیماتِ مدارس سے کیے گئے وعدے پورے کریں، علماء کا مطالبہ
پہلے وہ وعدے بتائیں معزز علمائے کرام جو وزیر اعظم نے پورے کر دیے ہوں۔


#مشرف کا دور پاکستان میں ہندو اقلیت کے لیے بہت اچھا تھا، رکن قومی اسمبلی تحریکِ انصاف
اکثریت کے ساتھ جو کچھ کیا آپ کے ممدوح نے وہ پوری قوم آج تک بھگت رہی ہے۔

(جاری ہے)


#عمران خان کو پتا ہی نہیں روٹی اور چائے کا کیا ریٹ ہے، امیر مقام
کیوں کہ خان صاحب ڈبل روٹی کھاتے اور کافی پیتے ہیں، وہ بھی سرکاری۔
#لاہور ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس کا بھتیجا جج صاحب کے لیے پیسے پکڑتا تھا، تحریکِ انصاف کے مرکزی رہنما و ماہرِ قانون حامد خاں کا کتاب میں انکشاف
 وہی بھتیجا جو اَب پارلیمنٹ کے اندر اور باہر کرپشن کے خلاف آل راوٴنڈر بننے کی کوشش کرتا ہے ناں؟
#ن لیگ سے نکلنے والا چودھری نثار بن جائے گا، احسن اقبال
اس طرح کی باتیں نہ کریں، یہ نہ ہو کہ ن لیگ نواز لیگ کی بجائے نثار لیگ بن جائے!
#غریبوں کی چیخوں سے وفاقی حکومت ہل جائے گی، بلاول
جی بالکل، امیروں کی چیخوں میں تو اتنا بھی دم خم نہیں۔


#لاہور:ن لیگ کے یومِ تاسیس کی تقریب تیس منٹ میں ختم۔
 اقتدار میں ہوں تو طول طویل ہوتی ہیں اس طرح کی تقاریب۔
#وزیر اعظم نے فواد چودھری کو سندھ کے حوالے سے خصوصی ٹاسک دے دیا۔
لگتا ہے حامدخاں صاحب کی کتاب پڑھ لی ہے وزیر اعظم صاحب نے!
#میرا مشورہ مانا جاتا تو آج بھی ن لیگ کی حکومت ہوتی، چودھری نثار علی خان
اگر آج ن لیگ کی حکومت ہوتی تو بھلا آپ کہاں ہوتے؟
#عثمان بزدار کو رہنمائی کی ضرورت ہے، سپریم کورٹ
ٹیوشن رکھوادیں بزدار صاحب کو چودھری سرور کے پاس!
#حکومت ہر کام میرٹ پر کررہی ہے، معاون خصوصی وزیر اعظم
معاون خصوصی صاحب کام بھی تو بتائیں جو حکومت کررہی ہے؟
#جن سیاست دانوں پر پیسے لینے کا الزام تھا، ان کے خلاف انکوائری اور شواہد ناکافی ہیں،ایف آئی اے کی اصغرخاں عملدرآمد کیس بند کرنے کی سفارش
کر لو جو کرنا ہے!
#حکومت عدلیہ کو مفلوج کرنا چاہتی ہے، چیف جسٹس
آپ کو بہت دیر بعد یہ پتا چلا۔


#وزیرخزانہ کا جنوری کے وسط میں منی بجٹ لانے کا اعلان
صدقے تیری معیشت دانی کے!
#اپوزیشن سے کیسے نمٹیں، وزیراعظم وق لیگی قیادت میں ملاقات
چودھری شجاعت صاحب نے سمجھا دیا ہوگا وزیراعظم کو کہ فکر نہ کریں جنہوں نے حکومت دی ہے وہ خود ہی نمٹ لیں گے اپوزیشن سے۔
#نوازشریف جیل میں پانچ ہزارروپے ماہانہ پر قیدیوں کو پڑھائیں گے۔


ہم تو سمجھے تھے میاں صاحب کو پڑھانا شروع کردیا جائے گا مشقت کے طور پر۔
#عوام تیاری کرلیں سندھ میں حکومت بنانے جارہے ہیں، تحریک انصاف
سندھ کے عوام پہلے کون سا سکون میں ہیں جو آپ اس طرح خبردار کررہے ہیں۔
#امن معاہدے کے بعد مخالفین کو عام معافی دی جائے گی، طالبان
ریاست مدینہ کے قیام کے دعوے کے بغیر۔
#میڈیا افراتفری دکھاتا رہا تو پاکستان کا امیج بحال نہیں ہوسکے گا، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی
شاہ جی! آپ نے فوادچودھری، فیاض الحسن چوہان، فیصل واوڈا، عمران خان یعنی پوری حکومت کو میڈیا سمجھ رکھا ہے کیا؟
#پانچ سال تک انتظار نہیں کرسکتے ہر محکمے میں کھربوں کی کرپشن ہوئی، خرم شیرزمان، حلیم عادل شیخ کی صحافیوں سے گفتگو۔


ایسے حسرت آمیز بیان میں انتظار نہیں صبر کا لفظ استعمال کرتے ہیں۔
#احتسابی عمل کو سیاست سے دور رکھا جائے،آفتاب احمد خان شیرپاوٴ
آپ سیاست کے بعد دانوں بھی کہنا چاہتے تھے ناں؟
#سندھ میں پی پی کا وہی حشر ہوگا جو پنجاب میں (ن) لیگ کا ہوا، علیم خان
کہ سیٹیں اور ووٹ زیادہ لے کر بھی اپوزیشن میں بیٹھنا پڑے

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :