معاف کرنا بھی سیکھو

بدھ 22 دسمبر 2021

Muhammad Hassan Mukhtar

محمد حسن مختار

انسانی جسم میں جو دل ہے اس کا اوسط وزن 250 سے 350 گرام ہوتا ہے ۔ ہمارا دل دن میں تقریباً ایک لاکھ پندرہ ہزار مرتبہ دھڑکتا ہے اس سے کم یا زیادہ بھی ہوسکتا ہے یہ انسان کی عمر اور معمولات پر انحصار کرتا ہے ۔ ہمارا دل ہر وقت کام کر رہا ہے لیکن ایک ہم ہیں جب کام نہیں ہوتا تو اس دل کو جو سارا دن کام کررہا ہے اسے  " دکھی دل " یا  " مظلوم " جیسے القابات سے نواز دیتے ہیں ۔

پھر کئی لوگ تو یہاں تک بھی کہتے ہیں کہ ہمارا دل لوگوں کی باتوں سے زخمی ہوگیا ہے ، اللہ تعالٰی نے ہمیں صحت سے نوازا ہے یہ ہم پر بہت بڑا احسان ہے ۔ انسان جا کر کبھی کارڈیالوجی ہسپتال جا کر دیکھے وہاں معلوم ہوتا ہے حقیقی دل کی بیماری تو ان کو ہے ہم تو بس نام لے لیتے ہیں جی میرا دل زخمی ہے وغیرہ ۔

(جاری ہے)


ہم نے لوگوں کی ہزاروں باتیں دل میں رکھنی شروع کردی ہیں کہ جی فلاں شخص نے مجھے یوں کہا تھا ، جی اس شخص سے میں نے بات نہیں کرنی اس نے مجھے یوں کہا تھا ۔

جب ہم نے لوگوں کی باتوں کو دل میں رکھنا شروع کرلیا تو ہم نے دکھ کو خود ہی دعوت دے دی ۔ ہم لوگوں کی باتیں سن کر آدھے ہوجاتے ہیں جبکہ لوگ باتیں کرنے کے بعد خوش وخرم ہوتے ہیں ۔ انسان خود ہی سوچے کہ باتیں یاد رکھنے میں فائدہ ہے یا معاف کرنے میں ۔ اگر ہم باتیں دل پر رکھیں گے تو اس کے درج ذیل نقصانات ہیں :
1۔ ہمیشہ اداس رہیں گے ۔
2۔ حسد پیدا ہوگا ۔


3۔ ترقی نہیں کر سکتے ، وغیرہ
اور اگر ہم لوگوں کو معاف کرنا شروع کردیں تو اس کے بے شمار فوائد ہیں جن میں سے چند یہ ہیں :
1۔ ہم خوش رہیں گے ۔
2۔ ہر وقت پرسکون رہیں گے ۔
3۔ لوگوں سے محبت کریں گے ۔ وغیرہ
ایک چھوٹا سا کام معاف کرنا آپ کی زندگی بدل کر رکھ دے گا اور زندگی میں سکون آجائے گا ۔ زندگی میں پریشان اور دکھی زیادہ تر وہی رہتا ہے جو لوگوں کی غلطیاں  معاف نہیں کرتا ۔

جب آپ لوگوں کی باتوں پر صبر کرنا شروع کردو گے تو آپ اپنا مطلوب بہت جلد پا لیں گے۔ مسافر کبھی کسی سے نہیں الجھتے بلکہ وہ تو کنارہ کشی کر کے منزل کو پالیتے ہیں ، آپ بھی کامیابی حاصل کرنے نکلے ہوئے لوگوں کی باتیں کانٹے ہیں اگر ان سے مقابلہ کرو گے تو یہیں رہ جاو گے اپنا آپ بچا کر یہاں سے گزر جائیں ۔
آج ہی اپنے دل کو صاف کردوں کسی کی کوئی بات بری لگی تو معاف کردو اگر کسی سے بول چال ختم ہے تو آج ہی اس سے معافی مانگ کر جھگڑا ختم کردیں ۔

اگر کوئی اس امید میں ہے کہ آپ معافی مانگ لو گے تو اس کی امید ختم مت کریں آج ہی معافی مانگ لیں ۔ لوگوں کو معاف کردو۔ محبت فاتح عالم ہے بڑی بڑی لڑائیاں محبت سے فتح کی جاسکتی ہیں ۔ یہ بات ذہن سے نکال دو کہ جی میں اس سے اچھا سلوک کرتا ہوں وہ نہیں کرتا ، آپ کا کام اچھا سلوک کرنا اور معاف کرنا ہے ۔ آپ اپنے اردگرد پیار، محبت اور علم کی روشنی پھیلاؤ،  یہاں تک کہ یہ روشنی واپس آپ تک آجائے ۔ اور :
""""" اگر آپ کو کسی پر غصہ آئے تو اسے معاف کر دیں،  اور اگر کوئی شخص آپ پر غصہ کرے تو اسے بھی معاف کردو ، غصہ آگ ہے اور معاف کرنا پانی جب آگ سے آگ ملے گی تو کسی کو جلا دے گی لیکن جب آگ اور پانی ملیں گے تو دونوں محفوظ رہیں گے  """""

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :