
بدھ ناتھ اسٹوپا کھٹمنڈو!
منگل 11 ستمبر 2018

محمد عرفان ندیم
(جاری ہے)
کچھ عرصہ قبل تک نیپال باقاعدہ ہندو ریاست تھی لیکن اب یہ سیکولر ریاست بن چکی ہے ۔
آگے بڑھنے سے قبل میں اسٹوپا اور بدھ مت کے بارے میں تھوڑی وضاحت ضروری سمجھتا ہوں۔اسٹوپا سنسکرت زبان کا لفظ ہے،یہ گول دائرے کا بنا ہوا ایک کمرہ ہوتا ہے جس کے اوپر گنبد نما چھت ڈالی جاتی ہے۔ بدھ مت کے لیے یہ ایک خانقاہی مقام ہے جس میں بدھ مت کے پیشوا کی راکھ رکھی جاتی ہے۔ بدھ مت میں اسٹوپا کو زیارت گاہ کی حیثیت حاصل ہے اور لوگ دور دراز سے سفر کر کے اس کی زیارت کے لیے آتے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے شمالی علاقوں میں یہ سٹوپے بکثرت موجود ہیں۔سوات میں گندھارا تہذیب کے دوران ایسے اسٹوپے بکثرت تعمیر کیے گئے تھے، ٹیکسلا میں آج بھی ایسے کئی اسٹوپے موجود ہیں جنہیں محکمہ آثار قدیمہ کی حفاظت میں رکھا گیا ہے۔
ہزا روں سال قبل مشرقی ہند میں گول قبریں بنانے کا رواج تھا ،یہ قبریں اسٹوپ کہلاتی تھیں۔ قبر کے نشان کو کوئی اہمیت نہیں دی جاتی تھی ، ایک دفعہ قبر بنانے کے بعد لواحقین اپنے پیاروں کی قبروں کو بھول جاتے تھے ۔ کہا جاتا ہے جب گوتم بدھ کی وفات ہوئی تو اس کی قبر کی علامت کے طور پر پہلا اسٹوپا تعمیر کیا گیا اور بعد میں بدھ مت میں اس مذہبی حیثیت حاصل ہو گئی۔ آہستہ آہستہ گوتم بدھ اور دوسرے بدھ بزرگوں کی قبروں کے آثار کے لیے اسٹوپ بناناثواب کا کام سمجھا جانے لگااور پھرہر اسٹوپ کے ساتھ بھکشووٴں کے رہنے کے لیے خانقاہ اور ان کے اجتماع کے لیے عبادت گاہ بنوانے کا رواج بھی عام ہوگیا۔
شروع میں اسٹوپ نیم دائرے کی شکل میں بنائے جاتے تھے اوران میں بدھ بزرگوں کی باقیات اور آثار رکھے جاتے تھے اور ان کی پرستش کی جاتی تھی ۔ اسٹوپ کی چوٹی پر ایک چوکور جنگلا بنایا جاتاتھا۔ بدھ مت میں جس چیز کا احترام کیا جائے اس کے گرد طواف کیا جاتا ہے اس لیے اسٹوپوں کے گرد ایک گول چبوترا بنادیا جاتا تھاجس پر چلتے ہوئے لوگ طواف کرتے تھے۔بعد میں اسٹوپ کے مزید احترام کے لیئے ایک جنگلے کے ذریعے اس کی احاطہ بندی کی جانے لگی۔ اس جنگلے کے چاروں طرف سمتوں کے لحاظ سے دروازے ہوتے تھے۔ بیچ میں صحن اور اس کے چاروں طرف کمرے اور کوٹھریاں ہوتی تھیں جو صحن میں کھلتی تھیں۔
گوتم بدھ کی وفات کے بعد اس کی خاک کو آٹھ اسٹوپوں میں محفوظ کیاگیا تھا، اشوک نے اس خاک کو نکال کر سلطنت کے تمام بڑے شہروں اور صوبوں میں بھجوا دیا اور حکم دیا کہ ان علاقوں میں شاندار اسٹوپے تعمیر کیئے جائیں۔ بعد میں بدھ مت کے پیروکاروں اور بزرگوں کو بھی اسٹوپوں میں دفن کیا جانے لگا اور ان کے تبرکات پر بھی اسٹوپے تعمیر کیے جانے لگے۔ اہل ثروت نے شکرانے کے طور پر بھی اسٹوپے تعمیرکرانے شروع کر دیئے اور یوں یہ سلسلہ چل نکلا۔بعد میں اسٹوپوں کے گنبد پر سات چھتریاں بنائی جانے لگیں جو سات آسمانوں کو ظاہر کرتی تھیں۔
گوتم کی وفات کے بعد لوگ اس کے اسٹوپے کی زیارت کے لیے آنا شروع ہو گئے اور یوں بدھ مت میں ان سٹوپوں کی زیارت کا رواج عام ہو گیا ۔یہ روایت مشہور ہو گئی کہ چار مقامات کی زیارت کرنے کی ہدایت گوتم بدھ نے خود کی تھی۔ ایک لمبینی باغ جہاں بدھ پیدا ہوئے، دوسرے گیا کے قریب وہ درخت جس کے نیچے اْنہیں گیان حاصل ہوا ، تیسرا بنارس کا ہرن باغ جہاں اْنھوں نے پہلی دفعہ تعلیم دی اور چوتھا جہاں اْنھوں نے وفات پائی ۔
جب تک گوتم بدھ زندہ رہا اس کا اثر مظلوم اور مفلس طبقوں تک محدود رہا، اس کے پیرو کاروں کی ذیادہ تعداد بھکشووٴں پر مشتمل تھی، بھکشو سادہ زندگی گزارتے تھے۔ ان کا نہ گھر بار ہوتا تھا نہ ہی کوئی اثاثہ، وہ گاوٴں گاوٴں تبلیغ کرتے، بھیک سے پیٹ بھرتے اور رات کو کسی درخت کے نیچے سو جاتے تھے۔ رفتہ رفتہ بدھ مت کی رسائی درباروں میں ہونے لگی اور بالآخر اشوک نے بدھ مذہب قبول کر لیا۔ اشوک نے اپنی سلطنت کے آٹھ مقامات پرسینکڑوں اسٹوپے تعمیر کرائے اور ہر اسٹوپے میں گوتم بدھ کے تھوڑے تھوڑے تبرکات محفوظ کردیے۔ ٹیکسلا کا دھرم راجیکا ان میں سب سے بڑا تھا۔اس نے شاہی اسٹوپوں کی دیکھ بھال کے لیے بھکشو مقرر کیئے، ان کے رہنے کے لیے گھر بنا دیے گئے اور آس پاس کی زمین اس کے لیے وقف کردی۔
ایک چینی سیاح فاہیان 400 ق م میں گندھارا آیا تھا ، اس نے لکھا کہ سوات میں بدھ مت کی 1400 خانقاہیں موجود ہیں اوریہاں اٹھارہ ہزار بھکشو ہر وقت بدھ مت کے رسومات کی ادائیگی میں مصروف رہتے ہیں۔ سوات میں اب بھی 46 اسٹوپے موجود ہیں جن پر اٹلی کے ماہرین آثار قدیمہ تحقیقات کر رہے ہیں۔گندھارا تہذیب اور سوات کے علاقے میں بدھ مت کی دنیا کی قدیم ترین یونیورسٹی بھی موجود تھی۔اسلام آباد سے ذرا فاصلے پر ضلع ہری پور میں واقع قدیم جولیاں یونیورسٹی کے کھنڈرات آج بھی موجود ہیں۔یونیورسٹی کے کھنڈرات میں داخل ہوتے ہی ایک احاطہ ہے جس کی دائیں جانب بکھشووٴں کے لیے چھوٹی چھوٹی عبادت گاہیں قائم ہیں۔
یہاں پڑھائی کے علاوہ عبادت خانے بھی موجود تھے جہاں بدھ بھکشو وٴں کو عبادت اور نروان حاصل کرنے کے طریقے سکھائے جاتے تھے۔پہلی صدی عیسوی میں تعمیر کی گئی اس مذہبی یونیورسٹی میں بدھ بھکشو وٴں کے لیے پچاس سے زیادہ عبادت گاہیں دریافت ہوئی ہیں، یہ چھوٹی چھوٹی عبادت گاہیں تھیں جن میں انفرادی طور پر عبادت کی جاتی تھی۔ یہاں تقریباً ڈیڑھ سو طالب علم بیک وقت قیام کر سکتے تھے۔اس علاقے کو بدھ مت کا گڑھ کہا جاتا تھا۔ یہاں گوتم بدھ کی خصوصی مورتیاں محفوظ تھیں لیکن کچھ عرصہ قبل ان کی نقلیں رکھ دی گئیں ہیں اور اصل مورتیوں کو ٹیکسلا میوزیم منتقل کر دیا گیا ہے۔ ان مورتیوں میں گوتم بدھ کو گیان کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور دونوں اطراف ان کے عقیدت مند کھڑے ہیں۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
محمد عرفان ندیم کے کالمز
-
ہم سب ذمہ دار ہیں !
منگل 15 فروری 2022
-
بیسویں صدی کی سو عظیم شخصیات !
منگل 8 فروری 2022
-
میٹا ورس: ایک نئے عہد کی شروعات
پیر 31 جنوری 2022
-
اکیس اور بائیس !
منگل 4 جنوری 2022
-
یہ سب پاگل ہیں !
منگل 28 دسمبر 2021
-
یہ کیا ہے؟
منگل 21 دسمبر 2021
-
انسانی عقل و شعور
منگل 16 نومبر 2021
-
غیر مسلموں سے سماجی تعلقات !
منگل 26 اکتوبر 2021
محمد عرفان ندیم کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.