یوم السواک (Miswak Day)

جمعرات 31 اکتوبر 2019

Muhammad Sohaib Farooq

محمد صہیب فاروق

گورنمنٹ ہائی اسکول چھچھروالی پسرور(سیالکوٹ )میں طلباء کرام کومسواک جیسی عظیم سنت نبوی ﷺپرعمل کے ذریعہ سے دانتوں کی بیماریوں سے ممکنہ بچاؤبارے آگاہی کے لیے” یوم السواک “ Miswak Dayکا انعقادکیا گیا۔ جس میں اساتذہ وطلباء نے گرمجوشی سے حصہ لیا اوراس بات کا عہدکیا کہ وہ ٹوتھ برش کے ساتھ مسواک کو خصوصی اہمیت دے کرروزانہ اس کا استعمال کریں گے صفائی نصف ایمان ہے جسم میں دانتوں کی صفائی کومرکزی حیثیت حاصل ہے دانت جتنے مضبوط صاف اورچمکدارہوں انسان کی جسمانی وروحانی صحت میں اتنی ہی بڑھوتری ہوتی ہے۔


روزمرہ زندگی میں بسااوقات کچھ لوگوں سے بات چیت کے دوران ان کے منہ سے خارج ہونے والی بدبوسے انتہائی کوفت اٹھاناپڑتی ہے اوربادل نخواستہ ناک بندکرکے بات سنناپڑتی ہے اگرایسے لوگ مسواک کاہتمام کریں توحدیث نبوی ﷺکے مطابق اس سے نہ صرف منہ کی بدبوزائل ہوجاتی ہے بلکہ یہ بلغم کوزائل کرنے ،بصارت کوتیزکرنے اورحافظے کوقوی بنانے میں بھی مدددیتی ہے مسواک ایک بہت سستی اورپیاری سنت ہے جسے آسانی سے جیب میں بھی ہروقت رکھا جاسکتاہے اوریوں دن میں اکثرمرتبہ ہم مسواک کی سنت پرعمل کرکے جہاں ہم اپنے دانتوں کومضبوط اورچمکداربناسکتے ہیں وہیں سنت رسول ﷺپرعمل کرتے ہوئے اللہ تعالی کی رضامندی کاپروانہ بھی حاصل کرسکتے ہیں چھچھروالی ہائی اسکول کے اساتذہ اورطلبائے کرام نے پہلی مرتبہ ”مسواک ڈے “ کومتعارف کرواکراپنے مسلمان بھائیوں کومسواک جیسی محبوب اورقیمتی سنت سے آگاہ کیاتمام اسکول کے طلباء اوراساتذہ نے اجتماعی طورپرمسواک کی سنت پرعمل کرکے ایک قابل تحسین پیغام دیاجس پروہ لائق صدتحسین ہیں مسواک کی اہمیت کااندازہ اس حدیث نبوی سے لگایاجاسکتا ہے کہ ام المئومنین حضرت سیدہ عائشہ صدیقہ  فرماتی ہیں کہ گھرداخل ہونے کے بعدپہلاعمل میرے حضورﷺکا مسواک ہوتاتھا اوراس دنیا سے تشریف لے جاتے ہوئے بھی آپ ﷺکا آخری عمل مسواک تھا۔

(جاری ہے)

رحمة للعالمین ﷺکو مسواک کی سنت اس درجہ زیادہ محبوب تھی کہ ایک موقع پرارشادفرمایا ”مجھے اگراپنی امت پرمشقت کاخوف نہ ہوتا تو میں ہرنمازیاوضوکے لیے انہیں لازمی طورپرمسواک کرنے کا حکم فرماتا۔مسواک کے ساتھ پڑی گئی نمازاجرمیں سترگنابڑھ جاتی ہے۔

مسواک کے بارے میں نبی کریم ﷺنے ارشادفرمایاکہ مجھے جبرائیل علیہ السلام نے اتنی کثرت سے مسواک کاحکم فرمایاکہ مجھے خطرہ ہواکہ کثرت مسواک سے میں اپنے مسوڑھے نہ چھیل لوں۔

مسواک کے سترسے زائدفوائدمیں سے سب سے چھوٹافائدہ موت کے وقت کلمہ کا نصیب ہوناہے۔امام الانبیاﷺکے دل کی خواہش وتمناکو پوراکرنا ہرعاشق صادق پرلازم ہے اس لیے ہمیں مسواک کی سنت کو عام کرنا چاہیے اورمعاشرے میں ایک دوسرے کو اس کی افادیت بارے آگاہ کرنا چاہیے۔خصوصابچوں کو زمانہ طالبعلمی سے اس کی عادت ڈالنا چاہیے تاکہ وہ دانت کی جملہ بیماریوں سے بچ کرصحت مندوتوانازندگی گزاسکیں ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :

متعلقہ عنوان :