جلالپورنہر منصوبہ بے روزگاری کا خاتمہ کرے گا

بدھ 22 ستمبر 2021

Naeem Kandwal

نعیم کندوال

جلالپور کینال منصوبہ وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری صاحب کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جن کا مشن علاقے کو غربت کے گڑھوں سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔یہ عظیم منصوبہ صوبہ پنجاب کی تاریخ کا دوسرا بڑا منصوبہ ہے۔یہ عظیم فلاحی و ترقیاتی منصوبہ جہلم پنڈ دادنخان میں غربت و بے روزگاری کے خاتمے میں ممدو معاون ثابت ہوگا۔

اس عظیم منصوبے کا سہراچوہدری فواد حسین کے سر ہے جن کی انتھک کوششوں کی وجہ سے اس منصوبے پر کام زوروشور سے جاری ہے۔جلالپور نہر کی کل لمبائی 210کلومیٹر ہے جس میں93کلومیٹر رابطہ نہریں،172اری گیشن اسٹرکچر اور 18فلڈ اسٹرکچر تعمیر ہوں گے۔ اس سے 177,000ایکڑ رقبہ سیراب ہوگا۔یہ نہر 129دیہاتوں کی بنجر زمین کو سیراب کرے گی اور ضلع خوشاب کے 10دیہات بھی اس نہر سے سیراب ہوں گے۔

(جاری ہے)

یہ محض ایک نہر نہیں بلکہ ایک مکمل واٹر پیکج ہے جس سے نہ صرف آبپاشی کے لئے وافر پانی میسر ہوگا بلکہ شہری آبادیوں کو 40کیوسک سے زائد پینے کا صاف پانی سپلائی ہوگا۔ یہ منصوبہ کم و بیش 122سال پرانا ہے ۔ماضی میں یہ منصوبہ فائلوں کی حد تک محدود رہا ۔ماضی کے حکمرانوں نے اِس منصوبے کے وعدوں کی آڑ میں پنڈ دادنخان، جہلم کے لوگوں سے ووٹ لیے اور اقتدار کے مزے لوٹے۔

میں یہ کہنے میں حق بجانب ہوں کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے 122سال پرانا خواب شرمندہ تعبیر کر دیا ہے ۔
بیروزگاری پاکستان کے بڑے مسائل میں سے ایک ہے ۔اِس سے براہِ راست نچلے طبقے کی عوام پر اثر پڑتا ہے ۔بیروزگاری پنڈ دادنخان کے لوگوں کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے۔زمینیں بنجر اور علاقہ بارانی ہونے کی وجہ سے ملازمت لوگوں کی اہم ضرورت رہی ہے ۔

جلالپور نہر منصوبے سے معاشی و ثقافتی سر گرمیاں فروغ پائیں گی جسکی بدولت ملازمتوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا ہوں گے ۔نچلے طبقے کے لوگوں کو ملازمتیں ملیں گی تو اُن کا معیارِ زندگی بلند ہوگا اور علاقے میں خوشحالی آئے گی ۔اِس سے واضح ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف زمیندار طبقے کی خوشحالی کا باعث بنے گابلکہ ہر طبقے کے لوگ اس سے از حد مستفید ہوں گے۔


سیاحت کسی بھی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔جیسا کہ میں پہلے بھی لکھ چکا ہوں کہ اِس عظیم منصوبے سے ثقافتی و سیاحتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی ۔جہلم پنڈ دادنخان ہزاروں سالہ تاریخ کا حامل علاقہ ہے ۔یہاں کئی سیاحتی مقامات ہیں ۔یہاں ثقافتی اور سیاحتی سر گرمیاں فروغ پائیں گی تو خود بخود روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے ۔

اِس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور نچلے طبقے کے لوگوں کا معیارِ زندگی بلند ہو گا۔
جلالپور نہر منصوبہ ایک انقلابی اقدام ہے ۔یہ منصوبہ فواد چوہدری صاحب کا ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جن کا مشن علاقے کو غربت کے گڑھوں سے نکال کر خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنا ہے ۔یہ عظیم منصوبہ نہ صرف علاقے کے لوگوں کو روزگار فراہم کرے گا بلکہ ملکی معیشت مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور زراعت پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ ملکی شرح نمو میں زراعت کا حصہ تقریباََاکیس فی صد ہے اور 45فی صدسے زائد لوگوں کا روزگار بھی اسی شعبہ سے وابستہ ہے ۔اِس لیے یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری صاحب کے اِس کارنامے سے نہ صرف جہلم خوشاب کے علاقوں میں خوشحالی آئے گی بلکہ قومی معیشت مستحکم ہو گی اور ملک سے غربت اور بیروزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :