شکریہ فواد چوہدری

جمعرات 27 جنوری 2022

Naeem Kandwal

نعیم کندوال

2010ء میں اقوام متحدہ کی منظور کی گئی ایک قرار داد کے مطابق صاف پانی تک رسائی کو انسان کا بنیادی حق قرار دیا گیا ہے۔پینے کا صاف پانی صحت مند زندگی کی ضمانت فراہم کرتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور چودھری فیصل نے ایک اور وعدہ وفا کر دیا ہے ۔اِن کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں پنجاب حکومت نے اہلیانِ کندوال کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے 30کروڑ 6لاکھ روپے کی گرانٹ کی منظور ی دے دی ہے جو کہ انتہائی قابل تعریف ہے۔


پاکستان کی 74سالہ تاریخ گواہ ہے کہ یونین کونسل کندوال کی غیور عوام کو پینے کے پانی جیسی بنیادی ضرورت سے محروم رکھا گیا ہے ۔ماضی کے منتخب نمائندوں نے پانی کے نام پر سیاست کی اور اقتدار کے مزے لوٹے ۔ماضی کے منتخب نمائندوں نے ”ووٹ دو، پانی لو“کی پالیسی کے تحت لوگوں سے وعدے کیے اور ووٹ لیے۔

(جاری ہے)

74سالوں سے کیا جانے والایہ وعدہ فواد چوہدری نے وفا کر دیا ہے ۔

صرف یہ نہیں بلکہ فواد چوہدری کی کوششوں سے پنجاب حکومت نے اہلیانِ کنڈل کے پینے کے پانی کے لیے بھی 25لاکھ کی گرانٹ منظور کر لی ہے ۔فواد چوہدری کے اِن انقلابی اقدامات کی وجہ سے کندوال اور کنڈل کے لوگوں کی خوشی دیدنی ہے ۔
اگر فواد چوہدری کے 3سالہ دورِ اقتدار کی بات کی جائے تو انھوں نے ضلع جہلم میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے ہیں۔شاید اسکی مثال پاکستان کی74سالہ تاریخ میں ڈھونڈنے سے بھی نہیں ملتی ۔

فواد چوہدری کی انتھک کوششوں کی بدولت آج ضلع جہلم پنجاب کا تیزی سے ترقی کرنے والا ضلع بن چکا ہے ۔فواد چوہدری کی کارکردگی کو ایک مضمون میں بیان کرنا ممکن نہیں ۔یہاں میں ان کے دور میں ہونے والے بے شمار فلاحی و ترقیاتی کاموں میں سے کچھ کا ذکر ضروری سمجھتا ہوں۔
 فواد چوہدری کا سب سے قابلِ تعریف اور مایہ ناز کارنامہ جلالپور نہر کی تعمیر ہے ،جس پر کام زورو شور سے جاری ہے ۔

پانی انسان کی بنیادی ضرورت ہے لیکن بد قسمتی سے پنڈدادنخان کے لوگ اِس بنیادی ضرورت سے محروم رہے ہیں ۔ماضی میں جہلم کے منتخب نمائندوں نے خصوصاََ پنڈ دادنخان کے لوگوں کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھا اور نہر کے وعدوں کی بدولت وو ٹ حاصل کیے۔ماضی کے منتخب نمائندوں کا کیا گیا نہر کا وعدہ فواد چوہدری نے وفا کر دیا ہے ۔جلالپور نہر کا منصوبہ آج کا نہیں بلکہ 123سالہ پرانا منصوبہ ہے جسے قیامِ پاکستان سے پہلے اور بعد میں مسلسل نظر اندا ز کیا جاتا رہاہے۔

ماضی میں یہ منصوبہ فائلوں کی حد تک محدود رہا۔45ارب روپے کی لاگت سے یہ منصوبہ 2024تک مکمل کیا جائیگا ۔اس سے نہ صرف 1لاکھ 70ہزار ایکڑ بنجر زمین سیرا ب ہو گی بلکہ ساڑھے 5لاکھ افراد کے پینے کے پانی کا مسئلہ بھی حل ہو گا۔
پینے کے پانی کی عدم دستیابی پنڈ دادنخان کے لوگوں کے لیے بہت بڑا مسئلہ رہا ہے ۔فواد چوہدری کی سنجیدہ کوششوں سے تحصیل پنڈ دادنخان کے کئی علاقوں کے لیے پینے کے پانی کی فراہمی کی اربوں روپے کی سکیموں کی منظوری دی جا چکی ہے ۔

اِ ن علاقوں میں یونین کونسل کندوال،احمد آباد، اتھر، گولپور ،عیسیٰ وال ،دھریالہ جالپ اور جلالپور شریف شامل ہیں۔
سڑکیں اور شاہراہیں کسی بھی ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں ۔جلالپور نہر منصوبے کے بعد دوسرا بڑا منصوبہ للہ جہلم روڈ ہے جس پر کام زور و شور سے جاری ہے۔ذرائع کے مطابق للہ پنڈدادنخان روڈ کا کام پہلے فیز میں ہوگا۔

اِس سے نہ صرف جہلم پنڈ دادنخان کے لوگ فائدہ اٹھائیں گے بلکہ منڈی بہاؤالدین ،سرگودھا ،خوشاب اور کشمیر کے علاقوں کے لوگ بھی از حد مستفید ہوں گے۔اِس بڑے منصوبے کے علاوہ چک شادی، للہ ،پننوال،دولت پور، گولپور، احمد آباد، جہلم ،دارا پور، کنڈل اور پنڈی سید پورمیں بھی کئی سڑکوں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے یا ان پر کام زور و شور سے جاری ہے۔


قدیم تاریخ کا حامل علاقہ پنڈ دادنخان قیامِ پاکستان کے بعد سے مسلسل محرومیوں کا شکار رہا ہے ۔پنڈ دادنخان میں پاسپورٹ آفس کا قیام اور کھیوڑہ میں EOBIآفس کا قیام فواد چوہدری کے انقلابی اقدامات ہیں ۔ماضی میں پنڈ دادنخان کے لوگوں کو پاسپورٹ کے حصول کے لیے جہلم شہر جانا پڑتا تھا۔پاسپورٹ آفس کا قیام پنڈ دادنخان کے لوگوں کاایک دیرینہ مطالبہ تھا جسے فواد چوہدری نے پورا کر دیا ہے ۔


فواد چوہدری کے ترقیاتی منصوبوں کو ایک آرٹیکل میں بیان کر نا ناممکن ہے ۔بڑے منصوبوں کے علاوہ کئی دوسرے منصوبے قابلِ ذکر ہیں جن میں فیلڈ موبائل ہسپتا ل ڈھڈی تھل ،کھیوڑہ فٹبال سٹیڈیم،پنڈ دادنخان سٹیڈیم، پنڈ دادنخان میں لنک روڈ زکی تعمیر،کروڑوں روپے کی لاگت سے دیگرشہری سہولیات کی تکمیل،تاریخ میں پہلی بار شعبہ صحت میں تجربہ کار عملہ کی تعیناتی ، سنگھوئی پارک کی تعمیر ،30 پرائمری اور 10مڈل سکولز کی اپگریڈیشن، البیرونی کالج پنڈ دادنخان میں ICTلیب کے قیام کے علاوہ کئی دیگر ترقیا تی منصوبے بھی شامل ہیں ۔


بنیادی مرکز صحت کندوال میں جہاں تجربہ کار عملہ کی تعیناتی کو یقینی بنایا گیا ہے وہیں اہلیان کندوال کی فواد چودھری صاحب سے اپیل ہے کہECGاور ا لٹرا ساؤنڈ جیسی جدید مشینری کی عدم دستیابی کا مسئلہ حل کیا جائے۔اہلیان یونین کونسل کندوال کے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے کروڑوں روپے کے فنڈز کی منظوری بلاشبہ فواد چوہدری صاحب کا تاریخی کارنامہ ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :