
پھر امن کی آشا
پیر 3 دسمبر 2018

پروفیسر رفعت مظہر
(جاری ہے)
بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیم بی ایل اے کو ”را“ کی مکمل سرپرستی حاصل ہے ۔
پانی کی تقسیم کے معاملے پر بھارتی خباثتیں سب پر عیاں۔ پاک چائنا اقتصادی راہداری پر بھارت کے پیٹ میں اُٹھنے والے مروڑ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ اِس کے باوجود بھیجو نہیں جانتے وفا کیا ہے
نارووال کے نواح میں واقع کرتار پور بستی بابا گورونانک نے بسائی جس کا شمار دنیا بھر میں بسنے والے 12کروڑ سکھوں کے مقدس ترین مقامات میں ہوتا ہے۔ بابا گرونانک نے اپنی زندگی کے آخری 18 سال اسی جگہ گزارے اور یہیں پہ اُن کی آخری آرام گاہ ہے۔ اِسی لیے دربارصاحب کرتارپور سکھوں کا مقدس ترین مقام گردانا جاتا ہے اور اُنہیں اِس میں خاص کشش محسوس ہوتی ہے۔یہ گوردوارہ بھارتی سرحد سے محض 4 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔ بھارتی پنجاب کے سکھ سرحد پر کھڑے ہوکر دوربینوں کے ذریعے اپنے اِس مقدس مقام کو دیکھا کرتے تھے۔ یہ راہداری کھولنے کا سکھوں کا دیرینہ مطالبہ تھا لیکن بھارتی حکومت نے ہمیشہ اِس مطالبے کو سَردخانے میں ڈالے رکھا ۔ ضیاء الحق مرحوم کے دَور میں یہ معاملہ زیرِبحث آیا لیکن سکھوں سے شدید نفرت کرنے والی بھارتی وزیرِاعظم اندراگاندھی کسی بھی مثبت پیش رفت کے لیے تیار نہ ہوئی۔ پیپلزپارٹی کے دَور میں پاکستانی وزیرِاعظم یوسف رضاگیلانی نے بھارت کے سکھ وزیرِاعظم مَن موہن سنگھ کے ساتھ اِس معاملے پر بات کی لیکن بے سود۔ میاں نوازشریف کے دور میں بھی ایسی کوششیں ہوتی رہیں مگر عبث۔ موجودہ وزیرِاعظم عمران خاں نے بھارتی پنجاب کے موجودہ وزیر اورسابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کو اپنی حلف برداری کی تقریب پر مدعو کیا۔ نوجوت سنگھ نے ایوانِ صدر میں ہمارے آرمی چیف محترم قمرجاوید باجوہ سے ملاقات پر اُنہیں ”جپھی“ ڈالی اور درخواست کی کہ کرتارپور راہداری کھول دی جائے تاکہ سکھ اپنے اِس مقدس مقام کی ”یاترا“ کر سکیں۔ جنرل صاحب کی طرف سے مثبت جواب آنے پر نوجوت سنگھ سدھو نے واپس جاکر اِس معاملے کو اٹھایا۔ نوجوت سنگھ سدھوجو حکمران جماعت بی جے پی کا حصّہ تھے، 2017ء میں کانگرس میں شامل ہوگئے۔ اندراگاندھی کے ایک سکھ کے ہاتھوں قتل کے بعد بھارتی پنجاب میں سکھوں کا قتلِ عام ہوا جس کی بنا پر سکھوں میں کانگرس کے خلاف نفرت عام تھی۔ بھارت میں چند ماہ بعد عام انتخابات ہونے والے ہیں اِس لیے بی جے پی سکھوں کو ناراض نہیں کرنا چاہتی تھی۔ یہی وجہ ہے کہ بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کرتارپور راہداری کے لیے تیار ہو گئی ۔ اِس لیے کہا جا سکتا ہے کہ اِس راہداری کا سارا کریڈٹ نوجوت سنگھ سدھو کو جاتا ہے۔ اگر بی جے پی کو آمدہ عام انتخابات میں سکھوں کی ناراضی کا خطرہ نہ ہوتا تو وہ کبھی بھی یہ راہداری کھولنے کو تیار نہ ہوتی۔ بھارتی حکومت کی بے بسی کا اندازہ بھارتی وزیرِخارجہ سشماسوراج کی پریس بریفنگ سے بھی لگایا جا سکتا ہے جس میں اُنہوں نے کہا ” کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے۔ کرتارپور راہداری کا مطلب یہ نہیں کہ دو طرفہ مذاکرات شروع ہو جائیں گے۔ دوطرفہ بات چیت اور کرتار پور بارڈر دو مختلف معاملات ہیں“۔ سشماسوراج نے نہ صرف سارک کانفرنس میں پاکستان کی دعوت کو مسترد کیا بلکہ یہ بھی کہا کہ بھارتی وزیر سرکاری نہیں ، ذاتی حیثیت میں کرتارپور راہداری کے سنگِ بنیاد کی تقریب میں شرکت کر رہے ہیں۔دوسری طرف نارووال میں کرتارپور راہداری کا سنگِ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خاں نے فرمایا ”عوام دوستی چاہتے ہیں، بھارت ایک قدم بڑھائے گا تو پاکستان دوقدم بڑھائے گا۔ دونوں طرف سے غلطیاں ہوئیں، ہمیں اچھے ہمسائیوں کی طرح رہنا ہے“۔ بھارتی وزیرِخارجہ سشماسوراج کے بیان کے بعد ہمارے وزیرِاعظم کا دوستی کے لیے ہاتھ بڑھانا سمجھ سے بالاتر۔ اُنہیں یاد ہوگا کہ تحریکِ انصاف ایسے ہی بیانات پر میاں نوازشریف کو غدار قرار دیا کرتی تھی۔
یوں تو وزیرِاعظم عمران خاں نے گزشتہ 100 دنوں میں 50 یوٹرن لیے جن کی تفصیل روزنامہ جنگ میں شائع ہوچکی (نوازلیگ کے مطابق تحریکِ انصاف کی حکومت نے 100 دنوں میں 100 یوٹرن لیے) ۔ہمارے خیال میں خاں صاحب کا سب سے بڑا یوٹرن پوری شدومد کے ساتھ بھارت کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھانا ہے۔ ہم یہ نہیں کہتے کہ امن کی خواہش رکھنا بری بات ہے (ویسے بھی 2 ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگ سوائے تباہی کے اور کچھ نہیں لا سکتی) ہم تو صرف یہ کہتے ہیں کہ اگر امن کی خواہش کے اظہار پر میاں نوازشریف کو ”مودی کا یار“ قرار دے کر ”غدار“ کہا جا سکتا ہے تو آج خاں صاحب کو کیا کہا جائے؟۔ چند دن پہلے تو وزیرِاعظم صاحب نے نریندرمودی کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر براجمان ہیں لیکن اُنہی ”چھوٹے لوگوں“ کو ایک دفعہ پھر امن کا پیغام دینے کے بعد ہم یہی کہہ سکتے ہیں ”اے کشتہٴ ستم تیری غیرت کو کیا ہوا“۔ یہ طے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ جنگ کرنے کی حماقت کبھی نہیں کرے گا، یہ بھی عین حقیقت کہ تنازعات کا حل محض مذاکرات کی میز لیکن جب بھارت کسی بھی صورت میں مذاکرات کے لیے تیار ہی نہیں تو پھر بار بار امن کی خواہش اور مذاکرات کی دعوت کو کیا نام دیا جا سکتا ہے؟۔ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ”کشمیر کا مسٴلہ بھلا دیا گیا، کرتارپور والی تقریر عمران خاں کی بجائے کوئی دوسرا سیاستدان کرتا تو اُسے غدار قرار دے دیا جاتا“۔
ایک طرف تو وزیرِاعظم صاحب بھارت کو امن، دوستی اور محبت کے پیغام دے رہے ہیں لیکن دوسری طرف طرفہ تماشہ یہ کہ وزیرِخارجہ شاہ محمود قریشی کرتارپور راہداری کو عمران خاں کی ”گُگلی“ قرار دے رہے ہیں۔ کنونشن سنٹر اسلام آباد میں 100 روزہ کارکردگی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِخارجہ نے کہا ”29 نومبر کو کرتارپور میں دنیا نے دیکھا کہ وزیرِاعظم عمران خاں نے گُگلی کھیلی اور بھارت کو بادلِ نخواستہ اپنے دو وزیروں کو پاکستان بھیجنا پڑا“۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے شاہ محمودقریشی کرتارپور راہداری کا کریڈٹ عمران خاں کو دیتے ہوئے کچھ ”بہک“ گئے۔ اِسی لیے تحریکِ انصاف کے وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی شاہ محمودقریشی کے اِس بیان کو نامناسب قرار دیا۔ اگر شاہ صاحب ایسے ہی بیانات ”داغتے“ رہے تو پھر ہماری خارجہ پالیسی کا اللہ ہی حافظ ہے۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.