پنجاب حکومت کے کرونا کیخلاف وار۔۔۔

بدھ 18 مارچ 2020

Sabir Bukhari

صابر بخاری

ہم نے بھی کیا عجب نفسیات اور مزاج پایا ہے ۔ہم طاقتور کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہیں اور شریف اور سادہ لوح افراد کو سینگوں پر اٹھا لیتے ہیں۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا حال بھی کچھ ایسا ہی ہے۔ کوئی انسان مکمل نہیں ہوسکتا مگر ایسا بھی ممکن نہیں کہ کسی انسان میں کوئی ایک بھی خوبی موجود نہ ہو۔ عثمان بزدار میں بھی کئی خامیاں موجود ہونگی مگر ان میں خوبیاں بھی کثرت سے پائی جاتی ہے ،مگر چونکہ ہمارا چورن صرف منفی تنقید، طنز سے بکتا ہے اس لیے صبح شام صرف ہم مکھی کی طرح زخم پر ہی بیٹھے رہتے اور مثبت پہلووں سے پہلو تہی کر لیتے ہیں۔


ہم ایسے لوگ ہیں جو شعبدہ بازی پر واہ واہ کرتے ہیں اور اگر کوئی انسان خلوص دل عاجزی ،انکساری،بردباری سے ملک و قوم کی خدمت  کرے تو اس پر طنز کے نشتر برساتے ہیں۔

(جاری ہے)


ملک میں ڈینگی کی وباء نے سر اٹھایا تو اس وقت بوٹوں والی سرکار معروف زمانہ شعبدہ باز شہباز شریف صاحب کی حکومت تھی ۔موصوف نے تمام وسائل جھونک دیے،لایعنی پریکٹس سے ملک و قوم کا کثیر سرمایہ اور وقت برباد ہوا اور سینکڑوں کے حساب سے اموات ہوئیں۔

ڈینگی کی وباء کا اثر بھی کرونا جیسا عالمی نہیں بلکہ مقامی تھا۔اس کے باوجود بوٹوں والی سرکار کے ہاتھ پاوں سوج گئے تھے ۔
اب آتے ہیں کرونا وائرس  جیسی خطرناک عالمی وباء کی طرف جس نے بڑی بڑی عالمی طاقتوں کو ناکوں چنے چبوا دیا۔محدود وسائل کے باوجود پنجاب حکومت نے شعبدہ بازی کے بغیر کرونا وائرس کو شکنجے میں کسنے کی منصوبہ بندی کی ۔

اور یہی وجہ ہے کہ آج جہاں دنیا کی عالمی طاقتیں کرونا سے شدید متاثر ہیں پاکستان خاص طور پر پنجاب ابھی تک اس موذی مرض کے شدید اثرات سے محفوظ رہا ہے ۔
اگر تنقید سے فرصت ملے تو کرونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے کیے گئے اقدامات کا بھی جائزہ لے لیں۔
*پنجاب حکومت کی طرف سے صوبہ بھر کے تمام بڑے ہسپتالوں میں جدید سہولیات سے آراستہ 40 آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔


*کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے لاہور اور راولپنڈی میں جدید ٹیسٹنگ کی سہولیات مہیا کی گئی ہیں۔
*شوکت خانم میموریل ہیسپتال بھی مشکل کی اس گھڑی میں قوم کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور وہاں بھی پرائیویٹ ٹیسٹنگ سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
*کرونا وائرس سے شدید متاثرہ مریضوں کیلئے 800 بیڈز پر مشتمل قرنطینہ ہسپتال یورالوجی ہسپتال راولپنڈی،پی کے ایل آئی اور مظفرگڑھ ڈسٹرکٹ ہسپتال میں قائم کیے گئے ہیں۔


*ایران سے آنے والے زائرین کیلئے ڈی جی خان میں قرنطینہ سنٹر قائم کیا گیا ہے جس سے 700 زائرین مستفید ہوئے۔
*ملتان لیبر کالونی میں 6000 افراد کو بیک وقت سہولیات فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا قرنطینہ سنٹرقائم کیا گیا ہے۔
*ایک قرنطینہ سنٹر بہاولپور میں قائم کیا گیا ہے جہاں تفتان سے آنے والے 1276 زائرین کو سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔


*کٹس وافر مقدار میں موجود ہیں ۔
*آئسولیشن سنٹرز اور وارڈز،کاونٹرز میں کام کرنے والے طبی عملہ کیلئے مخصوص حفاظتی لباس اور دیگر سامان فراہم کیا گیا ہے۔
وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار شعبدہ بازی اور افراتفری پھیلائے بغیر تمام معاملات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔اب فیصلہ آپ نے خود کرنا ہے شعبدہ باز بہتر ہے یا ملک و قوم کا درد رکھنے والا عاجزی انکساری کا سرچشمہ اور ملک وقوم کی حقیقی خدمت کرنے والا عثمان بزدار؟

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :