نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ،پرویز مشرف ،کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران شفیق ،

اکرم خان درانی ،مونس الٰہی سے سمیت دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الٰہی ،سابق ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن ، دیگر کیخلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی بدعنوانی کے ضمن میں اگر کسی سیاستدان کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تو یہ ہرگز کردار کشی کے مترادف نہیں ، نیب کا ہر قدم قانون کے مطابق ہے جس کا ٹھوس جواز موجود ہے جو متعلقہ معزز عدالت کے سامنے پیش کیاجائے گا تمام شکایات کی جانچ پڑتال ،انکوائری کوقانون ،میرٹ ،شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیادپر مقرر ہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال کا ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس سے خطاب

جمعہ 20 اپریل 2018 17:47

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ،پرویز مشرف ،کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران ..
اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2018ء) قومی احتساب بیورو ( نیب ) کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف مبینہ طور پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے ،کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران شفیق ، وفاقی وزیر ہاوئسنگ اکرم خان درانی ،مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الٰہی ،صدر بینک آف پنجاب نعیم الدین خان سمیت دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی گئی جبکہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی کے ضمن میں اگر کسی سیاستدان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تو یہ ہرگز کردار کشی کے مترادف نہیں ، نیب کا ہر قدم قانون کے مطابق ہے جس کا ٹھوس جواز موجود ہے جو متعلقہ معزز عدالت کے سامنے پیش کیاجائے گا ،تمام شکایات کی جانچ پڑتال ،انکوائری اور انویسٹی گیشنز کوقانون ،میرٹ ،شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیادپر مقرر ہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیور کے ایگزیکٹو بور ڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آباد میں منعقد ہوا جس میں اہم فیصلے کئے گئے ۔نیب کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے سابق چیئرمین سی ڈی اے امتیاز عنایت الٰہی ،سابق ممبر فنانس سی ڈی اے سعید الرحمن او ر دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی ۔

ملزمان پر شکر پڑیاں میں کلچرل کمپلیکس کی تعمیر میں کرپشن اور اختیارات کا ناجائزہ استعمال کرنے کا الزم ہے جس سے قومی خزانے کو 471.498 ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران شفیع اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے کیوبا میں پاکستانی سفیر کامران شفیع کو نیب کے ساتھ عدم تعاون کی وجہ سے 31.Aکے تحت مزید کارروائی کی منظوری دی ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے وفاقی ٹیکس محتسب کے افسران ، ایف بی آر کے افسران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ملزمان پر مبینہ طور پر بدعنوانی اور اختیارات کا ناجائزاستعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ٹیکس ریفنڈ دینے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ۔ ایگزیکٹو بورڈ نے وفاقی وزیر برائے ہائوسنگ اکرم خان درانی ، جمیل احمد خان ایم ڈی /سی ای او پی ایچ اے فائونڈیشن ، ظفر یاب خان ،کمپنی سیکرٹری اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔

ملزمان پر مبینہ طور اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے پی ایچ فائونڈیشن کی کری روڈ ، آئی 12، آئی 16اسلام آباد میں مساجد کیلئے مختص کردہ جگہ غیر قانونی طور من پسند افراد کو الاٹ کرنے کا الزام ہے ۔نیب ایگزیکٹو بورڈ نے صدر بینک آف پنجاب نعیم الدین خان اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ ملزما ن پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائزہ استعمال کرتے ہوئے حصص کی قیمتوں میں ردو بدل اور بینک آف پنجاب میں انسائیڈ ر ٹریڈنگ کرنے کا الزام ہے ۔

ایگزیکٹو بورڈ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائز استعمال اورآمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے چیف مکینکل انجینئر (سی اینڈ ڈبلیو ) پاکستان ریلوے عدنان شفیع اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر کوئلے کی منتقلی کیلئے پاکستان ریلوے کیلئے 1405ہو پرویگنیں خریدنے کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی جس سے قومی خزانے کو 168ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے میسر ز عمیر سٹیل انڈسٹریز پرائیویٹ لیمٹیڈ لاہور کے ڈائریکٹر اور دیگر کے خلاف عد ثبوت کی بنیاد پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے طارق جاوید ، مخدوم عمر شہریار اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ملزمان پر مشتبہ رقوم کی منتقلی کا الزام ہے ۔ایگزیکٹو بورڈ نے ڈاکٹر اسحاق فانی سابق ڈائریکٹر فاصلاتی تعلیم بہائو الدین ذکریا یونیورسٹی ملتان اور دیگر کے خلاف عدم ثبوت کی بنیاد پر انویسٹی گیشن بند کرنے کی منظوری دی ۔

ایگزیکٹو بورڈ نے حبیب وقاص ، الیاس مہراج اور میسرز ہیلنبیل لمیٹڈ بیہیماس کے مالکان اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو اجلاس نے سابق ایم پی اے پنجاب اسمبلی مونس الٰہی اور دیگر کے خلاف مبینہ طور پر پانامہ پیپرز میں آف شو ر کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔

ایگزیکٹو اجلاس نے بورڈ نے علیم خان ہیکسم انویسٹمنٹ اوورسیز لیمٹیڈ کے مالک اور دیگرکے خلاف مبینہ طور پر پانامہ پیپرز میں آف شور کمپنی بنانے اور بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے یوسف عبداللہ او ردیگر کے خلاف پانامہ پیپرز میں آف شو ر کمپنی بنانے اور مبینہ طور پر بدعنوانی کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔

ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے عابد جاوید اکبر سابق چیئرمین این آئی سی ایل ، ایف ڈی بی آئی ایل کی انتظامیہ اور دیگر کے خلاف بدعنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری د ی ۔ ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کا ناجائزہ استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر ایف ڈی بی آئی ایل میں 100ملین روپے سرمایہ کاری کرنے کا الزام ہے ۔ جس سے قومی خزانے کو 67.056ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔

نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے نیشنل بینک آف پاکستان بحرین برانچ کے افسران /اہلکاران اور دیگر کے خلاف عد ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے محمد قاسم اور لینڈ یو ٹیلائزیشن ڈیپارٹمنٹ سندھ کے افسران اہلکاران اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی ۔ملزمان پر مبینہ طور پر اختیارات کاناجائز استعمال کرتے ہوئے سرکاری زمین کو غیر قانونی طور پر پرائیویٹ افراد کو الاٹ کرنے کا الزام ہے ۔

جس سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا ۔ایگزیکٹو بورڈ نے جہانگیر صدیقی ، سندھ سوشل ریلیف فنڈ کے افسران اور دیگر کے خلا ف مبینہ طور پر سندھ سوشل ریلیف فنڈ میں3ارب روپے کی سرمایہ کاری میں خرد برد کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو بورڈ نے ایبٹ آباد انٹر نیشنل ہسپتال ایبٹ آباد کی انتظامیہ اور دیگرکے خلاف انویسٹی گیشن کی منظوری دی ۔

ملزمان پر مبینہ طور عوام سے دھوکہ دہی اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کا الزام ہے ۔ایگزیکٹو بورڈ نے پروونشل ہائوسنگ اتھارٹی خیبرپختونخواہ کے افسران اور اہلکاروں او ردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری ملزمان پر مبینہ طورپر اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی بھرتیوں کا الزام ہے ۔ایگزیکٹو بورڈ نے پی ایچ اے خیبر پختونخواہ کے افسران اور اہلکاران اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔

ملزمان پر مبینہ طور پر جلوزئی ہائوسنگ سکیم نوشہرہ میں سڑکوں کی تعمیر کیلئے مختص فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے ۔ جس سے قومی خزانے کو 795.6ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ایگزیکٹو بورڈ نے محکمہ صحت کوئٹہ کے حکام او ردیگر کے خلا ف عدم ثبوت کی بنیاد پر انکوائری بند کرنے کی منظوری دی ۔ایگزیکٹو بورڈ نے ایڈیشنل آئی جی پولیس کوئٹہ ڈاکٹر مجیب الرحمن اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔

ملزمان پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور سرمایہ کاری فنڈز میں خرد برد کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 267ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ اجلاس نے چیئرمین لاڑکانہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی عامر زیب جتوئی او ردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ملزمان پر مبینہ طور پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے او راختیارات کا ناجائزہ استعال اور بدعنوانی کا الزام ہے ۔

جس سے قومی خزانے کو 333.648ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔ایگزیکٹو بورڈ نے منیر احمد ، نعیم خان، صنم اور سندھ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔ملزمان پر مشتبہ رقوم کی منتقلی کا الزام ہے ۔یہ کیس سٹیٹ بینک کی جانب سے نیب کو بھیجا گیا ۔ایگزیکٹو بورڈ نے محمدشریف مغیری ایکسئین محکمہ آبپاشی جیکب آباد اوردیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ۔

ملزمان پر مبینہ طور پر سرکاری فنڈز میں خرد برد اور بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 501.755ملین روپے کا نقصان پہنچا۔ایگزیکٹو بورڈ نے انور علی سیال ڈائریکٹر سیڈ ا گھوٹکی اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی ملزمان پر مبینہ طور پر غیرقانونی بھرتیوں ، سرکاری فنڈز خرد برد اور بدعنوانی کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 1900ملین روپے کا نقصان پہنچا ۔

اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ بدعنوانی ایک لعنت ہے جس کا خاتمہ کرنا نیب کی اولین ترجیح ہے ۔انہوںنے دوبارہ اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ ملک کے تمام سیاستدان نیب کیلئے قابل عزت ہیں نیب کی تمام کارروائیاں حقائق ، شواہد اور قانون کے مطابق ہیں ،کسی بھی سیاستدان کی کردار کشی کا تصور بھی نہیں کیاجاسکتا لیکن بدعنوانی کے ضمن میں اگر کسی سیاستدان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے تو ہرگز کردار کشی کے مترادف نہیں ۔

نیب کا ہر قدم قانون کے مطابق ہے جس کا ٹھوس جواز موجود ہے جو متعلقہ معزز عدالت کے سامنے پیش کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نیب کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کو نہ صرف اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہیں بلکہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرتے ہوئے کرپشن فری پاکستان کے لئے بھرپور کاوشین کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ تمام شکایات کی جانچ پڑتال ،انکوائری اور انویسٹی گیشنز کوقانون ،میرٹ ،شفافیت اور ٹھوس شوائد کی بنیادپر مقرر ہ وقت کے اندر منطقی انجام تک پہنچائی جائیں ۔انہوںنے کہاکہ نیب ’’احتساب سے کیلئے ‘‘کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے ۔ نیب کی پہلی اور آخری وابستگی پاکستان اور پاکستان کی عوام سے ہے ۔