کل جماعتی حریت کانفرنس سمیت حریت رہنمائوں اور تنظیموں کا دربگام پلوامہ کے شہداء کو شاندارخراج عقیدت

منگل 1 مئی 2018 18:18

سرینگر ۔ یکم مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے ضلع پلوامہ کے علاقے دربہ گام میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے نوجوانوں سمیر احمد ،عاقب مشاق اور ایک کمسن لڑکے شاہد اشرف بٹ کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر ی عوام پر ایک خونین جنگ مسلط کی گئی ہے۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی قابض افواج کی کشمیر میں غیر قانونی موجودگی سے عام شہریوں کی زندگی جہنم زار بن چکی ہے اور آئے روز ہمیںاپنے نو جوانوںکی میتیں اٹھانا پڑتی ہیں۔

انہوں نے بھارتی فوج کی طرف سی14سالہ طالب علم شاہد اشرف کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمرانوں کو جموں وکشمیر کی زمینی صورت حال کا ادراک کرنا چاہیے اور کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑنے اور انہیں تختہ مشق بنانے کے بجائے ان کے حق خود ارادیت کے مطالبے کو تسلیم کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما نے کہاکہ بھارت کو مسئلہ کشمیر کے دائمی حل کے لئے اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قرادادوں پر عملدرآمدکرنا چاہئے۔

انہوں نے کشمیریوں کی امن پسندی اور جذبہ حریت کو سلام پیش کرتے ہوئے بھارتی پولیس کی طرف سے حریت رہنمائوں اور کارکنوںکی گرفتاریوں کا سلسلہ دراز کئے جانے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے مسلم لیگ کے سینئر رکن محمد حیات بٹ کو اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت دیے بغیرکالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بھلوال جیل جموں منتقل کرنے کی کاروائی کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ۔حریت رہنمائوں ظفر اکبربٹ، غلام محمد خان سوپوری، مولانا عباس انصاری،بیرسٹر عبدالمجید ترمبو، محمد یاسین عطائی،پیپلز فریڈم لیگ، ڈیموکریٹک فریڈم لیگ اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظمیوں نے بھی دربگام پلوامہ میں شہید ہونے والے نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ KMS-06/S