بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے ، سردار عتیق احمد خان

وادی میں موجودہ صورتحال بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے ، ہماری مسلح افواج ہی صرف واحد قوت ہیں جو کشمیر پر جرات مندانہ موقف رکھتی ہیں ، سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر

پیر 7 مئی 2018 18:23

نکیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2018ء) سابق وزیرِاعظم آزاد کشمیر صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ہاری ہوئی جنگ لڑ رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ کا نتیجہ ہے۔مقبوضہ کشمیر کے موجودہ حالات کے پیشِ نظر ضرورت تھی کہ پاکستان حکومت کشمیر پر جرات مندانہ قدم اٹھاتی۔

مسلح افواج ہی صرف واحد قوت ہے جو کشمیر پر جرات مندانہ موقف رکھتی ہے۔بدقسمتی سے گھر کے اند ہی عسکری قوت کے خلاف کچھ قوتیں سرگرمِ عمل ہیں۔پاکستانی و کشمیری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہیں۔سیاستدان اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہے ن لیگ کی ناقص پالیسیوں نے پاکستان کی معیشت،دفاع اور خارجہ پالیسی کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

(جاری ہے)

چین روس اور ایران کے ساتھ تعلقات استوار کرنا وقت کی ضرورت ہے۔اندرونِ ملک اداروں کے ساتھ تال میل ناگزیر ہے۔سی پیک منصوبہ کے تحت ملک ترقی کی منازل طے کرے گا۔مقبوضہ کشمیر کے مسلمان مجاہدِ اول کے دیئے ہوئے نعرے کشمیر بنے گا پاکستان کو عملی جامع پہنانے میں سرگرمِ عمل ہیں۔آزاد کشمیر کی حکومت کو ن لیگ نے بے توقیر کر دیا ہے۔حکومت کے دوسالہ دور اقتدار میں ہر شخص کو تحٖفظات رہے ہیں ۔

ناقص حکومتی پالیسیوں کے باعث جملہ محکمہ جات کے چھوٹے ملازمین عدمِ تحفظ کا شکار ہیں ۔موجودہ حکومت شروع سے ہی تضادات کا شکار ہے۔لوڈ شیڈنگ کو کنٹرول کرنے،پاکستان کی طرف سے اضافی فنڈز کو خرچ کرنے اور جرائم کو کم کرنے میں حکومت بری طرح ناکام رہی ہے۔غیر ملک میں بیٹھ کر پاکستانی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے خلاف زبان درازی کہاں کی دانش مندی ہے۔

مسلم کانفرنس نے ہر دور میں تحریکِ آزادی کشمیر میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔سردار عتیق احمد خان نکیال کے معروف تاجر صوفی باغ حسین اور معروف روحانی شخصیت پیر سیّد بغداد حسین شاہ کی اہلیہ محترمہ کی وفات پر ان کے گھر تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کے دوران ان خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔اس موقع پر سابق سینئر وزیرو ممبر قانون ساز اسمبلی ملک محمد نواز،راجہ آفتاب اکرم،خلیق نوابی صدر مسلم کانفرنس کوٹلی،سابق امیدوار سمبلی سردار خضر حیات خان،صدر حلقہ مسلم کانفرنس سردار شمیم اقبال،پروفیسر ریاض،ملک رضوان صدر یوتھ کوٹلی،مصدر شوکت،عماد بن شوکت،چیئرمین میر حسین،سردار اسرار ایڈووکیٹ،صدر یوتھ حلقہ سردار نذیر عاصم،سردار پرویز،سردار ممتاز خان،نمبردار نثار احمدماسٹر محمد نواز و دیگر بھی موجود تھے۔

سردار عتیق احمد خان نے نکیال کے معروف تاجر سردار صوفی باغ حسین اور روحانی شخصیت پیر سیّد بغداد حسین شاہ کی اہلیہ محترمہ کی وفات پر ان کے گھر جا کر تعزیت اور فاتح خوانی کی۔سابق وزیرِ اعظم نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدانوں کی ناقص پالیسیوں نے ملک کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے اس وقت عدلیہ ،فوج اور احتساب کے ادارے ہی عوام کی امیدوں کا آخری مرکز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی طرف سے بار بار شیخ مجیب الرحمان اور دیگر ملک دشمن افراد کا ذکر کرنا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ظلم و ستم پر چپ سادھ لینا معنی خیز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت کی کوئی واضع پالیسی نہیں۔اس حکومت کے دوسالہ دوارنیہ میں محکمہ جنگلات،آئی ٹی،سماجی بہبود، اکلاس اور دیگر محکمہ جات کے چھوٹے ملازمین کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنی ذمہ داریاں بطریقِ احسن نبھا رہی ہے فوج کے شاندار اقدامات کے باعث بلوچستان میں امن قائم ہوا وزیرستان میں معمولات زندگی نے نئی کروٹ لی اور ترقی کا سفر شروع ہوا۔کوہلو جیسے علاقے پر تین سو پاکستانی پرچم لہرائے گئے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ مسلم کانفرنس کشمیری تشخص کی علمبردار جماعت ہے جس نے ہر دور میں تحریکِ آزادی کے سلسلہ میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا۔بھارت جتنے مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لے وہ کشمیریوں کو ان کے پیدائشی حق حقِ خودارادیت سے محروم نہیں رکھ سکتا۔