بھارتی سامراج مقبوضہ کشمیر پر اپنا جابرانہ تسلط قائم رکھنے کیلئے ظلم و بربریت کی انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے ،ْچوہدری محمد سعید

بھارت کشمیریوں کو غلام رکھنے اور مقبوضہ کشمیر پر اپنے جابرانہ تسلط کو طول دینے کی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکے گا ، مقبوضہ کشمیر بلا آخر آزادہو پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا ،ْوزیر سپورٹس آزاد کشمیر

منگل 15 مئی 2018 15:20

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2018ء) آزادکشمیر کے وزیر سپورٹس یوتھ اینڈ کلچر چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ کشمیری عوام مقبوضہ کشمیر میں اپنے مادر وطن کی آزادی کے لیے 70 سال سے لا زوال قربانیاں دے رہے ہیں اور بھارتی سامراج اب بوکھلاہٹ میں مقبوضہ کشمیر پر اپنا جابرانہ تسلط قائم رکھنے کے لیے ظلم و بربریت کی انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے ۔

مگر اب وہ زیادہ دیر تک کشمیریوں کو غلام رکھنے اور مقبوضہ کشمیر پر اپنے جابرانہ تسلط کو طول دینے کی سازش میں کامیاب نہیں ہو سکے گا اور مقبوضہ کشمیر بلا آخر آزادہو پاکستان کا حصہ ضرور بنے گا ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے پاکستان سوشل ایسوسی ایشن آزادکشمیر کے زیر اہتمام مختلف شعبہ جات کی نمایاں شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں منعقدہ تقریب اعزازات میںبحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

جس کی صدارت سابق ایڈ منسٹریٹر میونسپل کارپوریشن الحاج غلام رسول عوامی نے کی ۔جبکہ تقریب سے پی ایس اے کے قائمقام مرکزی صدر ڈاکٹر عابد حسین جنجوعہ ، پی ایس اے آزادکشمیر کے صدر مقصود حسین آسی ، سیکرٹری جنرل پروفیسر بشیر چوہدری ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر فیصل شیخ ، پرنسپل پروفیسر محمد صغیر آسی اور ڈاکٹر عشرت سجاد نے بھی خطاب کیا ۔

جبکہ اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر حکومت چوہدری محمد سعید اور صدر تقریب الحاج غلام رسول عوامی نے مختلف شعبہ جات میں نمایا ں کارکردگی انجام دینے والی شخصیات کی خدمات کے اعتراف میں پی ایس اے کی جانب سے گولڈ میڈل بھی تقسیم کیے جن میں ڈویژنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ میرپور محمد شبیر عباسی ، محکمہ صحت کی ڈاکٹر عمارہ منظور ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل ڈائریکٹر فیصل شیخ ، برطانوی کونسلر لارڈ میئر ہیلی فیکس چوہدری محمد ارشد ، معرو ف دانشور کے ڈی چوہدری ، انسپکٹر پولیس نیو سٹی میرپور محمد عرفان بھٹی ، انسپکٹر پولیس عمار ڈار محکمہ تعلیم سے محترمہ رحمت مقصود ، بہترین ہومیو ڈاکٹر اقراء سبین عابد ، بہترین سماجی تنظیم مسلم ہینڈ ز ، شعبہ صحافت میں بہترین کارکردگی پرسینئر صحافی ظفر مغل اور بورڈز کے امتحانات میں ٹاپ کرنے والے طلباء و طالبات بھی شامل ہیں ۔

تقریب اعزازات سے خطاب کرتے ہوئے وزیر حکومت چوہدری محمد سعید نے کہا ہے کہ میرپور متاثرین منگلا ڈیم اور تارکین وطن کا شہر ہے ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کے ویژن کے مطابق میرپور کو گرین ، کلین اور ایک ماڈل سٹی بنانے کے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ۔ میرپور میں الشفاء انٹر نیشنل کی طرز پر ایک جدید ہسپتال کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 60 لاکھ روپے سے ایم ڈی اے سے 10 کنال زمین خرید لی گئی ہے اور اپنی مدد آپ کے تحت اس جدید ہسپتال کی تعمیر کے لیے جلد آغاز کر دیا جائے گا جبکہ میرپور میں آزادکشمیر کی سطح پر پہلی مرتبہ انجیو گرافی اور انجیو پلاسٹی کے لیے کشمیر انسی ٹیوٹ آف کارڈ یالوجی میرپور کو اپ گریڈ کرنے کے لیے سرکاری سطح پر 11کروڑ روپے کی جدید ترین مشینری خریدی جا رہی ہے اور گردوں کے مریضوں کے علاج و معالجہ کے لیے بھی ایک کروڑ روپے مختص کیے گئے جبکہ آزادکشمیر کے تمام ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میںا یمرجنسی میں تمام علاج و معالجہ اور ادویات مفت فراہم کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا جا چکا ہے اور ایسی سہولیت پاکستان بھر میں کہیں بھی میسر نہیں ہے ۔

انھوں نے کہا کہ میرپور میں پانی ، بجلی ، سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے بھی ٹھوس حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے اور شہر کے ماسٹر پلان سمیت میو نسپل کارپوریشن میرپور کو مضبوط ادارہ بنانے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ اگلے سال تک شہر کی تمام چھوٹی بڑی شاہرائوں کو کار پیٹیڈ کرنے کے لیے جاری کام کو مکمل کر لیا جائے گا اور شہرکی مختلف شاہرائوں کو میرپور کی معروف شخصیات چوہدری نور حسین ، عبدالخالق انصاری ، ڈاکٹر غلام محی الدین پیرزادہ ، معروف روحانی شخصیت پیر نیک عالم شاہ اور بانی پاکستان قائد اعظم کے نام منسوب کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی ہے جبکہ کے آئی سی کے بانی حاجی سلیم کی فیملی نے اگر اجازت دی تو کے آئی سی حاجی سلیم کے نام سے بھی منسوب کر دیا جائے گا انھوں نے کہا کہ سائبر کرائم ایکٹ کی آزادکشمیر کابینہ نے منظوری دے دی ہے جسے جلد نافذ کر دیا جائے گا ۔

وزیرحکومت نے کہا کہ نائیک سیف علی جنجوعہ شہید آزادکشمیر کے اکلوتے نشان حیدر ہیں جن کی خدمات اور قربانی کوتعلیمی نصاب کا حصہ بنانے کے ساتھ ساتھ انھیں دیگر 10 نشان حیدر میں ویسا ہی مقام دلانے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی ۔ اس موقع پر انھوں نے مختلف شعبہ جات کی نمایا ں شخصیات کو گولڈ میڈل دئیے جانے پر انھیں مبارکباد دی اور پی ایس اے آزادکشمیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سماجی بھلائی و ترقی میں ان کے کاموں میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔