برہان مظفر وانی کا یوم شہادت اتوار کومنایا جائیگا ، تحریک آزادی کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کا اعادہ کیا جائے گا

مشترکہ حریت قیادت کی نریندر مودی کے بیان کی مذمت

جمعرات 5 جولائی 2018 18:43

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جولائی2018ء) مقبوضہ میں ممتاز نوجوان رہنما شہید برہان مظفر وانی کی دوسری برسی اتوار کو کشمیریوں کے اس عزم کی تجدیدکیساتھ منائی جائے گی کہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے گا۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ دن منانے کی اپیل سید علی گیلانی ، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ حریت قیادت نے کی ہے۔

مشترکہ قیادت نے کل جمعہ کے روز برہان وانی اور 8جولائی 2016کو انکی کی شہادت کے بعد عوامی انتفادہ کے دوران بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونیو الے دیگر نوجوانوں کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعائیں اور فاتحہ خوانی کرنے کی بھی پیل کی ہے۔ اتوار کو مقبوضہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی جائے گی اور کشمیری شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس روز مشترکہ حریت قیادت کے زیر اہتمام ترال میں ایک عوامی اجتماع کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ مشترکہ قیادت نے بھارتی وزیر اعظم کے حالیہ بیان کہ کشمیر ترقی اور حکومت سازی کا مسئلہ ہے ، کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ایک دیرینہ حل طلب تنازعہ ہے جسے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دیکر ہی حل کیا جاسکتاہے۔ قابض انتظامیہ نے ضلع اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے مزید تین نوجوانوں پر کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کر کے انہیں جموںخطے کی کوٹ بھلوال جیل میں منتقل کر دیا ہے ۔

میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے ایک بیان میں اس اقدام کی مذمت کی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے نامزد مفتی اعظم مفتی ناصر الااسلام نے ایک مراسلے کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی پہلی رپورٹ جاری کرنے پر کونسل کے صدر سفیر Vojislav sucکا شکریہ ادا کیا ہے ۔ مفتی ناصر الاسلام نے امید ظاہر کی کہ رپورٹ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کیلئے بنیاد فراہم کریگی ۔

غیر قانونی طورپر نظربند حریت رہنماء شاہد الاسلام کی بیٹیوں نے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں نظربند انکے علیل والد کی زندگی کو خطرہ لاحق ہے ۔ حریت رہنماء مشتاق الاسلام نے بڈگام اورسرینگر کے متعدد علاقوں میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان سے کہاہے کہ وہ معاشرے اختلافات کو ہوادینے کی بھارتی سازشوں سے باخبر رہیں۔

ادھرپیرس میں قائم صحافیوں کے تحفظ کی تنظیم رپورٹرز ود آئوٹ باڈرز نے اپنی پہلی رپورٹ میں کہاہے کہ بھارت میں رواں سال چھ ماہ سے کم عرصے میںچار سے زائد صحافیوں کو قتل کیاگیا ہے ۔ واشنگٹن میں امریکی سیٹلائیٹ ٹی وی چینل سی این بی سی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اپنی انتخابی مہم کے دوران جموںوکشمیر میں نوجوانوںکی پکڑ دھکڑ کی کارروائیاں تیز کر سکتے ہیں۔جوہانسبرگ میں قائم مسلم لائرز ایسوسی ایشن نے مقبوضہ کشمیرمیں جرائم کے ارتکاب پر رواں ماہ کے آخر میں جنوبی افریقہ کے دورے کے موقع پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی گرفتاری کیلئے پولیس کوایک شکایت درج کرائی ہے ۔