انتخابات 2018: کئی سیاستدانوں کی خواتین رشتہ داروں کی قسمت بھی جاگ اٹھی

خواجہ آصف ،ْ طارق فاطمی ،ْ پرویز خٹک کی اہلیہ ،ْ مریم او رنگزیب کی والدہ ،ْ چوہدری جعفر اقبال کی بیٹی اور بھتیجی بھی رکن قومی اسمبلی بن گئیں

اتوار 12 اگست 2018 13:10

انتخابات 2018: کئی سیاستدانوں کی خواتین رشتہ داروں کی قسمت بھی جاگ اٹھی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) انتخابات 2018 کئی خواتین سیاستدانوں کے لیے بھی نیک شگون ثابت ہوا جس کے ساتھ ہی کئی سیاستدانوں کی بہنوں، بیٹیوں، بیویوں اور دیگر رشتہ داروں کی قسمت جاگ اٹھی اور وہ خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی بن گئیں۔پاکستان تحریک انصاف نے خواتین کی مخصوص نشستوں پر شیریں مزاری، منزہ حسن، عندلیب عباس اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی اہلیہ کی بہن نفیسہ عنایت اللہ خان خٹک اور بھتیجی ساجدہ بیگم سمیت 16 خواتین اراکین کو نامزد کیا۔

مسلم لیگ (ن) نے خواجہ آصف کی اہلیہ مسرت آصف اور بھتیجی شیزا فاطمہ، سابق وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب، سابق وزیرخزانہ حفیظ پاشا کی اہلیہ اور سابق وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشا، سابق وزیراعظم نواز شریف کے معاون خصوصی طارق فاطمی کی اہلیہ زہرہ ودود فاطمی، سابق وزیرمملکت چوہدری جعفر اقبال کی بیٹی زیب جعفر اور بھتیجی مائزہ حمید جبکہ رکن آزاد کشمیر اسمبلی ناصر ڈار کی بہن کرن ڈار سمیت 15 اراکین کو ٹکٹ دیئے ،ْدوسری جانب چوہدری جعفر اقبال کی اہلیہ عشرت جعفر نے پنجاب اسمبلی میں نشست حاصل کی۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی نے حنا ربانی کھر، شگفتہ جمانی، شازیہ مری، ناز بلوچ کو خواتین کی مخصوص نشست دی۔دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کشور زہرا جبکہ متحدہ مجلس عمل نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر کامران مرتضیٰ کی اہلیہ عالیہ کامران کو بلوچستان سے نامزد کیا ہے۔