نومنتخب صوبائی امیرجماعت اسلامی محمد حسین محنتی نے حلف اٹھالیا

سینیٹرسراج الحق کی زیرصدارت تقریب میں سیاسی،سماجی ومذہبی قائدین کی شرکت

جمعرات 1 نومبر 2018 18:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 نومبر2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے نومنتخب امیرسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے اپنی ذمہ داری کا حلف اٹھا لیا،امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی زیرصدارت منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں جماعت اسلامی وبرادرتنظیمات کے مرکزی صوبائی ضلعی ومقامی قائدین کے علاوہ مختلف سیاسی،سماجی،مذہبی قائدین وکلاء صحافی اوردانشورحضرات نے بھی شرکت کی۔

آئندہ 3سالوں کیلئے بطور امیرجماعت اسلامی سندھ کا حلف اٹھانے والے محمد حسین محنتی 73میں جماعت اسلامی کے رکن بنے ،اس سے قبل وہ صوبائی نائب امیر وحلقہ کراچی کے امیر بھی رہ چکے ہیں۔ وہ دورطالبعلمی کے دوران ہی طلباء تنظیم اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ رہے،1965میں جمعیت کے رکن اورمختلف ذمہ داریوں پررہے،اپنی کلاس میں ہر سال وہ پوزیشن ہولڈر اسٹوڈنٹ تھے ،محمد حسین محنتی کراچی کی میمن برادری سے تعلق رکھتے ہیں پیشہ کے لحاظ سے کارروباری اور چارٹرڈ اکائونٹنٹ ہیں، سیاست کا آغاز عبدالستار افغانی کے دور میں بطور کونسلر منتخب ہوکر کیا اور کراچی کی تعمیر وترقی کیلئے مرحوم افغانی کا دست وبازو بن کر خدمت کی، 2002؁ میں وہ ایم ایم اے کے پلیٹ فارم سے ایم این اے بھی منتخب ہوئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل چوہدری غلام محمد مرحوم، مولانا جان محمد عباسی مرحوم،اسداللہ بھٹو،ڈاکٹرممتازعلی میمن اورڈاکٹرمعراج الہدیٰ صدیقی باالترتیب بطورصوبائی امیراپنی ذمہ داریاں سرانجام دے چکے ہیں۔دستوری ترمیم کے مطابق اب مقام سے لیکرصوبائی امیر تک کسی بھی فردکودو ٹرم کے بعد تیسری مرتبہ منتخب نہیں کیا جاسکتا ہے۔