Live Updates

راجہ مشتاق منہاس، چودھری محمد عزیز کی کوٹ لکھپت جیل میں محمد نواز شریف سے ملاقات، عیادت کی،کئی امور پر تبادلہ خیال

جمعرات 14 مارچ 2019 18:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مارچ2019ء) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس،اور وزیر تعمیرات عامہ چوہدری محمد عزیز نے کوٹ لکھپت جیل لاہور میں مسلم لیگ ن کے قائد سابق وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی عیادت کی۔سابق وزیراعظم محمد نواز شریف جن کی آج صرف فیملی سے ملاقات مختص تھی نے خاص طور پر وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس اور وزیر حکومت چوہدری محمد عزیز کو ملاقات کیلئے بلایا۔

دونوں وزراء کی مسلم لیگ ن کے قائد سے ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں کئی امور پر تبادلہ خیال کیا گی۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوے مسلم لیگ ن آزادکشمیر کے کارکنان کا شکریہ ادا کیا جو ان کے لیے دعاگو رہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے قائد پاکستان محمد نواز شریف کی جرات،جمہوریت کیلیے بے مثال قربانی اور پاکستان کی فلاح وبہبود کیلیے ان کے تاریخی اقدامات کو سراہا۔

اس موقع پر وزیر اطلاعات اور وزیر تعمیرات عامہ نے محمد نواز شریف کو بتایا کہ 23 مارچ کو ملک بھر بالخصوص آزادکشمیر سے کارکنان مسلم لیگ آپ سے اظہار یکجہتی کے لیے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کے کارکنوں میں بہت جوش و جذبہ ہے انشاء اللہ 23 مارچ کو لاہور میں عوام کا سمندر امڈ آئیگا۔اس موقع پر قائد پاکستان محمد نواز شریف نے کہا کہ آزادکشمیر کے عوام میرا سرمایہ افتخار ہیں انہوں نے مجھ سے جس محبت اور لگاو کا اظہار کیا اور مسلسل میرے ساتھ جسقدر یکجہتی کا اظہار کر رہے ہیں اس پر میں ان کا انتہائی مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے انتخابات میں بھی مسلم لیگ ن کا بھرپور ساتھ دیکر میرا مان بڑھایا تھا اور اب جبکہ میں ناانصافی کا شکار ہوں اب بھی کشمیری عوام میری پشت پر کھڑے ہیں۔انہوں نے وزراء سے کہا کہ مسلم لیگ ن کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی سربراہی میں کشمیری عوام کی فلاح وبہبود کیلیے زیادہ جوش و جذبے سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام مصائب کو خندہ پیشانی سے اپنی قوم کیلئے برداشت کیا ہے اور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ کے ذریعے عوامی ووٹ کی توہین کرنیوالوں کے دن زیادہ نہیں ہیں مسلم لیگ ن کے تمام ورکر اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں اور سیاسی نظم و ضبط کے ذریعے آگے بڑھیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی ،خوشحالی اور عوام کی بہتری کیلئے ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلیے خصوصی محبت کا اظہار کیا اور کہا کہ میں سرینگر کے ان باسیوں کا مشکور ہوں جو دن رات میرے لئیدعاگو ہیں۔

اس موقع پر راجہ مشتاق احمد منہاس اور چوہدری محمد عزیز نے کہا کہ قائد پاکستان آپ کی صحت کی خرابی کی خبر سن کر پورا کشمیر مغموم ہو جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ نے جس عزم و حوصلے سے تمام مشکلات برداشت کی ہیں اور کر رہے ہیں اس پر پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔اس موقع پر وزیر اطلاعات نے قوم و ملک کیلئے مریم نواز کی جدوجہد کو بھی سراہا۔راجہ مشتاق منہاس نے کشمیری قوم کی جانب سے قائد پاکستان کو مکمل یکجہتی کا یقین دلایا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات