بھارتی وزیراعظم مودی بالکل حواس باختہ ہو چکے ہیں،مشتاق احمد منہاس

عوامی جلسوں میں پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکانا ان کاوطیرہ بن چکا ہے،بھارتی سولسو سائٹی آگے بڑھے اور اس طرح کی جنونیت کو روکے، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

منگل 23 اپریل 2019 23:08

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2019ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات و سیاحت راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم مودی بالکل حواس باختہ ہو چکے ہیں،عوامی جلسوں میں پاکستان مخالف جذبات کو بھڑکانا ان کاوطیرہ بن چکا ہے۔بھارتی سول سو سائٹی آگے بڑھے اور اس طرح کی جنونیت کو روکے۔وزیر اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار ایک انٹرویو میں کیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ مودی کے کہنے پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیل رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا بدنام زمانہ نھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے سینئر حریت کانفرنس کے رہنماوں سے پوچھ کچھ اسی کا شاخسانہ ہے کیونکہ مودی پاکستان اور مسلمان مخالف جذبات بھڑکا کر الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا بھارت نے نیوکلیئر بم ہولی کے لیے نہیں رکھے بھارتی وزیراعظم کا انتہائی غیر ذمہ دارانہ بیان ہے جس کا مقصد لوگوں کوبھڑکا کر اپنے اقتدارکا الو سیدھا کرنا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارتی وزیراعظم مکمل طور پر پاکستان فوبیا کا شکار ہو چکے ہیں جنہیں ہر وقت پاکستان کا ڈر چین نہیں لینے دیتا۔