Live Updates

پاکستان تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، کپتان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں،

خورشید شاہ ایوان میں ماضی کیحکومتوں کے غلط اعداد و شمار پیش کرکے جلدی چلے گئے، وفاقی وزیر علی زیدی

بدھ 24 اپریل 2019 17:23

پاکستان تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، کپتان وزیراعظم ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وفاقی وزیر میری ٹائم افیئر علی زیدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، سب کپتان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں، جمہوری حکومتوں نے 10 سالوں میں 56 ارب ڈالر کا قرض لیا مگر جب ان سے پوچھا جائے کہ خرچ کہاں کیا تو ان کے پاس کوئی جواب نہیں، خورشید شاہ ایوان میں ماضی کی حکومتوں کے غلط اعداد و شمار پیش کرکے جلدی چلے گئے، انہیں سچ سننے کی عادت ڈالنی چاہئے، ان کے دور حکومت میں مہنگائی کی شرح 25 فیصد جبکہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں 11 فیصد جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے دور میں 9.4 فیصد ہوئی۔

بدھ کو اراکین پارلیمنٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سیّد خورشید شاہ ایوان میں ڈرامہ کرکے چلے گئے، جو اعداد و شمار انہوں نے بتائے ان کو وہ اچھی اکنامک کہتے ہیں، وہ جھوٹ بول کر ایوان سے چلے گئے، انہیں سچ سننے کی عادت ڈالنی چاہئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ 1988ء میں ضیاء الحق کا طیارہ جب گرا تو اس کے بعد عام انتخابات کے نتیجہ میں پیپلز پارٹی کو حکومت ملی، اس وقت پاکستان پر بیرونی دنیا کا قرضہ 13 ارب ڈالر تھا، 11 سالوں میں کبھی مسلم لیگ (ن) کی حکومت اور کبھی پیپلز پارٹی کی حکومت رہی، 1999ء میں مشرف کے مارشل لاء تک قرض بڑھ کر 39 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

انہوں نے کہا کہ 11 سالوں میں جمہوری حکومتوں نے 26 ارب ڈالر کا قرض لیا، اس کے بعد پرویز مشرف کی حکومت کے دور میں ملکی قرض میں اضافہ نہیں ہوا۔ علی زیدی نے کہا کہ پرویز مشرف کے مارشل لاء کے خلاف وزیراعظم عمران خان نے تحریک چلائی جس کے نتیجہ میں ہم سب نے ڈنڈے کھائے اور قربانیاں دیں۔ انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف کی حکومت کے خاتمہ کے بعد 10 سالہ دور حکومت سیاہ ترین دور تھا جب پاکستان تحریک انصاف کو حکومت ملی، عمران خان ملک کے وزیراعظم بنے تو ملک کا قرضہ 96 ارب ڈالر تک پہنچ چکا تھا، 10 سالوں کے دوران 56 ارب ڈالر کا قرض لیا گیا، ان 10 سالوں میں سندھ کو دیکھ کر شرم آتی ہے، خورشید شاہ اسمبلی میں مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق پیپلز پارٹی کے دور حکومت کے پہلے 8 ماہ میں مہنگائی کی شرح 25 فیصد تھی، نواز شریف کے دور حکومت میں 11 فیصد مہنگائی جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں مہنگائی کی شرح 9.4 فیصد ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت رواں سال 9 ارب ڈالر قرض واپس کرے گی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا کہ ان 10 سالوں کے دوران پاکستان سے اربوں ڈالر باہر گئے، قرضہ ملک و عوام کیلئے لیا گیا جبکہ اس قرض کو ان لوگوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر اپنے محلات و تجارتی مراکز بنانے کیلئے استعمال کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خورشید شاہ کو تھوڑی دیر کیلئے رک جانا چاہئے تھا، ب بلاول بھٹو بھی ایوان سے جواب سنے بغیر نکل کر چلے گئے، میں بلاول بھٹو سے پوچھتا ہوں کہ کبھی اپنے والد سے پوچھا ہے کہ میری والدہ کے قاتلوں کی رپورٹ جو یو این او نے دی وہ کہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کی پارٹنرشپ سے مراد اسحاق ڈار ہے جو لندن میں ملک سے فرار ہو کر رہ رہا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ میں امن کے نام پر قتل و غارت ہوئی، ان لوگوں کو امن کا ایوارڈ دیا گیا جو قتل و غارت میں ملوث ہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت کا عذیر بلوچ کے ساتھ گہرا تعلق تھا، ان کے گھر آنا جانا تھا، لیاری گینگ وار کے ساتھ ان کا تعلق پرانا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ میں بلاول بھٹو زرداری کو چیلنج کرتا ہوں کہ اگر ان کو بخار، نزلہ، زکام ہو جائے تو وہ سندھ کے کسی ہسپتال میں جا کر اپنا علاج کرائیں تو پھر ان کو سندھ کی حقیقت معلوم ہو جائے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ہمارے اراکین اسمبلی کو سپیکر سندھ اسمبلی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا وعدہ ہے کہ جن لوگوں نے ملک کو لوٹا ہے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، خورشید شاہ کے خلاف بھی نیب میں مقدمات ہیں ان کے خلاف مقدمات کیوں نہیں کھولے جا رہے، اس حوالہ سے تمام ثبوت میرے پاس موجود ہیں، ایک دن میڈیا کو اس حوالہ سے ضرور آگاہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا، کپتان وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں سب متحد ہیں۔ علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم کا دورہ ایران کامیاب رہا، پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن چاہتا ہے اور تعلقات میں بہتری کا خواہاں ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کراچی کیلئے 162 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ پیپلز پارٹی ماضی میں 252 ارب روپے زکوة و عشر کی رقم کھا گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی علی نواز اعوان، پارلیمانی سیکرٹری پلاننگ کنول شوذب سمیت دیگر اراکین قومی اسمبلی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات