Live Updates

کشمیر کو امتِ مسلمہ کا مسئلہ نہ بنایا جائے، امارات کا پاکستان کو مشورہ

معروف صحافی حامد میر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ اور پاکستانی قیادت کے مابین ہونے والی گفتگو سے متعلق اہم دعویٰ کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 5 ستمبر 2019 11:25

کشمیر کو امتِ مسلمہ کا مسئلہ نہ بنایا جائے، امارات کا پاکستان کو مشورہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 05 ستمبر 2019ء) : معروف صحافی حامد میر کا کہنا ہے کہ امارات نے مشورہ دیا ہے کہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حامد میر کا کہنا ہے کہ مجھے وفاقی حکومت کے کچھ ذمہ دار لوگوں نے بتایا ہے کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانی قیادت کو مشورہ دیا ہے کہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ نہ بنایا جائے۔

حامد میر نے مزید کہا کہ جہاں تک سعودی عرب کے وزیر خارجہ ہیں ان کے بارے میں یہی پتہ چلا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے آ رہے ہیں۔لیکن ہمیں وفاقی حکومت کے کچھ ذمہ دار لوگوں نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ بھی بظاہر اسی لیے ہی آئے ہیں کہ وہ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرنا چاہ رہے ہیں لیکن ان کے ساتھ جو پاکستانی قیادت کی پچھلے دنوں میں جو بات ہوئی ہے اس میں انہوں نے پاکستانی قیادت کو بڑے عاجزانہ طور پر یہ درخواست کی ہے کہ وہ کشمیر کو امت مسلمہ کا مسئلہ بنانے کی کوشش نہ کریں۔

(جاری ہے)

حامد میر نے مزید کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی حکومت اور وزیر خارجہ کو واضح طور پر بتانا چاہئیے جیسا کہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی وزیراعظم مودی صر ف مقبوضہ کشمیر میں ظلم نہیں کر رہا بلکہ وہ بھارت کے بیس کروڑ مسلمانوں کو زبردستی ہندو بنانا چاہتا ہے تو یہ امت کا مسئلہ ہے یا نہیں؟۔حامد میر نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اماراتی وزیر خارجہ کو سمجھانے کی کوشش کریں گے کہ یہ صرف پاکستان اور بھارت کا دو طرفہ معاملہ نہیں ہے۔

او آئی سی بنانے کا ایک مقصد یہ بھی تھا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں کے ساتھ کوئی ظلم ہو گا تو او آئی سی مشترکہ آواز اٹھائے گی۔واضح رہے کہ بدھ کو وزیر اعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور متحدہ عرب عمارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید بن سلطان النہیان نے وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی جس میں خطے میں امن وامان ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اوردوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیراعظم عمران خان نے دونوں وزرائے اعظم کو مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال اور بھارتی غیر آئینی اقدام سے آگاہ کیا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات