شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی راہنماﺅں کا اہم اجلاس آج ہو گا

آزادی مارچ میں شرکت سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی جائے گی

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 9 اکتوبر 2019 11:35

شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی راہنماﺅں کا اہم اجلاس آج ہو گا
لاہور/اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔09 اکتوبر ۔2019ء) مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی راہنماﺅں کا اہم اجلاس آج لاہور میں ہو گا جس میں آزادی مارچ میں شرکت سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت کی جائے گی. پارٹی ذرائع کے مطابق اجلاس ماڈل ٹاﺅن لاہور میں ہو گا، صدارت شہباز شریف کریں گے اجلاس میں احسن اقبال، خواجہ آصف، رانا تنویر، ظفر اقبال جھگڑا اور چاروں صوبوں کے تنظیمی صدور بھی شرکت کریں گے.

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ میں شرکت اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا‘ذرائع کے مطابق شہباز شریف پارٹی راہنماﺅں کو میاں نواز شریف کا پیغام بھی پہنچائیں گے، شہباز شریف بعد میں اجلاس کی کارروائی سے نواز شریف کو آگاہ کریں گے. واضح رہے کہ حکومت مخالف مارچ میں دیگر اپوزیشن جماعتوں کی شرکت کے لیے حکمت عملی طے کرنے کے لیے جہاں ایک طرف رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا تو وہی مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ طریقہ کار کو حتمی شکل دینے کے لیے اپنے سینئر راہنماﺅں سے ملاقات کریں کریں گے.

اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کے اجلاس کے کچھ گھنٹوں بعد کراچی میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی پارٹی کی کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا جبکہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کی سینئر قیادت کو ہدایت کی کہ وہ ان کی لاہور کی رہائش گاہ پر جمع ہوں تاکہ لانگ مارچ میں شرکت کے لیے آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے. واضح رہے کہ لانگ مارچ کو ملتوی کرنے کی دیگر اپوزیشن جماعتوں کی تجویز کو نظرانداز کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے گزشتہ ہفتے آزادی مارچ کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ 27 اکتوبر کو اسلام آباد کی طرف ہونے والے مارچ کا مقصد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا خاتمہ ہے.

قبل ازیں رہبر کمیٹی کے اجلاس میں جے یو آئی (ف) کے راہنماﺅں نے دیگر اپوزیشن جماعتوں کو لانگ مارچ کے لیے ان کے پلان پر بریفنگ دی تھی. رہبر کمیٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال، پی پی پی کے رہنما فرحت اللہ بابر اور نیر بخاری اور اے این پی کے میاں افتخار حسین موجود تھے۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ اجلاس میں جے یو آئی (ف) اپوزیشن جماعتوںکواپنی حکمت عملی سے آگاہ کیا لیکن ان کا ماننا ہے کہ کچھ چیزیں خفیہ رہنی چاہئیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ حکومت جوابی حکمت عملی تیار نہیں کی اس حوالے سے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت سندھ شہریوں اور مظاہرین کی سیکورٹی اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی.

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مظاہرین کے ساتھ رابطہ کرے گی اور ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کرے گی تاکہ معوملات زندگی کم سے کم متاثر ہونے کو یقینی بنایا جائے. بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں احتجاج ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ ایک کامیاب جمہوریت کا معیار بھی ہے.