پاکستان کی شہ رگ گزشتہ تین ماہ سے بدترین محاصرے میں ہے،

نریندرمودی کی فاشسٹ حکومت کے ہاتھ میں ایٹمی ہتھیار ساری دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، آزادکشمیر اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید ترابی کا لندن میں تقریب سے خطاب

منگل 29 اکتوبر 2019 14:11

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اکتوبر2019ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل و آزادکشمیر اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ پاکستان کی شہ رگ گزشتہ تین ماہ سے بدترین محاصرے میں ہے، نریندرمودی کی فاشسٹ حکومت کے ہاتھ میں ایٹمی ہتھیار ساری دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ہیں، مودی نے کشمیر میں قتل عام، سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ اور آسام میں 20لاکھ مسلمانوں کی شہریت ختم کردیا ہے اور وہ اقلیتوں کو ہندو بنانے کے ایجنڈے پر گامزن ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں برٹش بنگلہ دیش فرینڈ شپ گروپ کے زیراہتمام کشمیر پر عالمی سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دریں اثناء وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہاکہ بھارتی ریاستی دہشت گردی اور آزادکشمیر میں سول آباد ی پر فائرنگ سے جانی اور مالی نقصان کے ساتھ نریندرمودی اور اس کا وزیر دفاع ایٹمی جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے، نریندرمودی کی فاشسٹ حکومت بھارت کے اندر اقلیتوں سے برا سلوک روا رکھے ہوئے ہے، آسام میں 20لاکھ مسلمانوں کی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے دیگر اقلیتوں کو آر ایس ایس کے غنڈے ظلم کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کو جبراًہندو بنانے کی سازش کررہے ہیں، ان حالات میں برطانیہ کے ممبران پارلیمنٹ اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ نریندرمودی کے خلاف اقوام متحدہ کو متحرک کرے کہ وہ فوجی مداخلت کرے، عالمی برادری نریندرمودی کے اقدامات اور ایٹمی جنگ کی دھمکیوں کا نوٹس لیتے ہوئے خطے اور عالمی امن کے تحفظ کے لیے مسئلہ کشمیر کے حل مظالم کے خاتمے کے لیے دوطرفہ اور بین الاقوامی سطح پر ٹھوس اقداما ت کرے، اس سلسلے میں سلامتی کونسل مبصر کے بجائے بھارت کے خلاف سفارتی اور فوجی اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خبردار کیا کہ عالمی برادری کی عدم دلچسپی کے نتیجے میں آزادکشمیر کے لاکھوں مشتعل افراد سیز فائر لائن توڑنے کے علاوہ ان کے پاس کوئی آپشن نہیں بچے گا۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کے نوجوان قیادت سے ہتھیاروں کامطالبہ کررہے ہیں، ہمارے اسلاف نی1947ء میں جہاد کے ذریعے یہ خطہ آزاد کروایا تھا۔ انہوں نے کہاکہ 1947ء میں ہزاروں مسلح کشمیری مجاہدین نے عالمی برادری کے عہدپر ہتھیار رکھے تھے، اب عالمی برادری کشمیریوں کو حق نہیں دلائے گی تو کشمیری ہتھیار اٹھانے پر مجبور ہوں گے اس وقت آزادکشمیر کے اندر ہزاروں سابق فوجی اور نوجوان مطالبہ کررہے ہیں کہ ان کو ہتھیار فراہم کیے جائیں۔

سیمینار سے لیبر پارٹی اور دیگر جماعتوں کے ممبران پارلیمنٹ کے علاوہ ذرائع ابلاغ، انسانی حقوق کی تنظیموں کے سربراہان سمیت کشمیری کمیونٹی کے لیڈران نے خطاب کیا اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کی۔