جس فضائیہ کی تربیت ائر مارشل اصغر خان اور ائر مارشل نور خان نے کی ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا‘وزیراعظم آزاد کشمیر

پاک فضائیہ کو آج کے دن بھارت کے دو جنگی طیارے گرا کر مودی کا غرور خاک میں ملانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں‘راجہ فاروق حیدر ْ

جمعرات 27 فروری 2020 13:48

جس فضائیہ کی تربیت ائر مارشل اصغر خان اور ائر مارشل نور خان نے کی ہو ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ جس فضائیہ کی تربیت ائر مارشل اصغر خان اور ائر مارشل نور خان نے کی ہو اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ قوم نے یوم فتح اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا کہ دفاع وطن کیلیے پاکستانی بڑی سے بڑی قربانی سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔

پاک فضائیہ کو آج کے دن بھارت کے دو جنگی طیارے گرا کر مودی کا غرور خاک میں ملانے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔جب تک ابہنندن زندہ رہے گا بھارت اپنے زخم چاٹتا رہے گا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں کو اس عظیم کامیابی پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار یوم فتح پر اپنے خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ27 فروری 2019 کو پاک فضائیہ نے نہ صرف پاکستانی قوم بلکہ ریاست جموں کشمیر کے لوگوں کا سر بھی فخر سے بلند کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جس فضائیہ کی تربیت ائیر مارشل اصغر خان اور ائیر مارشل نور خان نے کی ہو اسے دنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتی۔انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ آج ائیر مارشل اصغر خان اور نور خان کو ملک کا سب سے بڑا اعزاز دیا جاے۔انہوں نے کہا کہ 27 فروری نے یہ بات ثابت کردی کہ جنگیں طاقت سے نہیں جرات،بہادری اور حکمت سے لڑی جاتی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ کشمیریوں کو پاک فوج کی جنگی صلاحیتوں پر فخر ہے جس نے ہمیشہ ہندوستان کو منہ توڑ جواب دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ساتھ لائن آف کنٹرول کے دونوں جانب بسنے والے عوام پیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان جتنی مرضی طاقت استعمال کرلے کشمیر میں پاک فوج سے شکست اس کا مقدر ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم کو اپنی مسلح افواج پر مکمل اعتماد ہے جس نے ہر کڑے وقت میں سبز ہلالی پرچم کو سربلند رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن پر بسنے والے بہادر کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ دفاع وطن میں اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہیں۔اس موقع پر وزیر اعظم نے 27فروری کو دشمن کو دھول چٹانے والے ونگ کمانڈر نعمان علی خان اور سکوارڈن لیڈر حسن صدیقی کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا۔