ایک دن میں 13 کشمیریوں کی شہادت ظلم، اقوام متحدہ سمیت عالمی ادارے ہندوستان کی بربریت کا نوٹس لیں ، محمد فاروق حیدر

مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال عالمی امن کیلئے بڑے خطرے کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے،حکومت پاکستان کو اب صرف بیانات کی حد سے آگے بڑھ کر مقبوضہ ریاست کے عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لئے اقدامات کرنا ہونگے، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 2 جون 2020 17:44

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 جون2020ء) وزیراعظم ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مقبوضہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی طرف سے بدترین ریاستی ظلم و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی دن میں مینڈھر پونچھ اورنوشہرہ راجوری میں 13 بے گناہ اورمظلوم کشمیری نوجوانوں کو شہید کرنے پرشدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کو ہندوستان کی اس بربریت کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنے ردعمل میں وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر ایک ہی روز میں 13 نوجوانوں کی شہادت ، مقبوضہ جموں وکشمیر کی سنگین صورتحال عالمی امن کے لئے بڑے خطرے کا پیش خیمہ ہو سکتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا حکومت پاکستان کو اب صرف بیانات کی حد سے آگے بڑھ کر مقبوضہ ریاست کے عوام کو بھارتی مظالم سے نجات دلانے کے لئے اقدامات کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہندوستان نے کرونا کی وباء کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔کشمیریوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے بجائے ان کا قتل عام کیا جارہا ہے ان کی املاک کو تباہ کیا جارہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بھارت کی انتہاء پسند حکومت ہندوستان کے ہندوئوں میں نفرت کو پروان چڑھا رہی ہے ۔ اندرون ہندوستان رہنے والے مسلمان بھی شدید مصائب کا شکار ہیں ۔

دہلی میں ہونے والے فسادات سے دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہییں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان نے آئینی جارحیت کے بعد گزشتہ برس 5اگست سے کشمیریوں کو محصور کیا ہوا ہے اور اب مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل کے قوانین میں تبدیل کر کے وہاں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ظلم پر خاموشی بہت بڑی کمزوری ہے۔ دنیا کو بھارت کے عزائم کے خلاف آواز بلند کرنا ہوگی ورنہ خطے میں امن کا قیام خواب ہی رہے گا۔