فیصل آباد چیمبرکے زیر اہتمام کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے معروف صحافی انصار نقوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد

بدھ 3 جون 2020 14:16

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جون2020ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے زیراہتمام معروف صحافی اور کراچی طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے سٹی فورٹی ون اور ٹونٹی فور کے ڈائریکٹر پروگرامنگ اینڈ کرنٹ افیئرز انصار نقوی کی یاد میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیمبر کے صدر رانا محمدسکندر اعظم خاں نے کہا کہ انصار نقوی انتہائی سادہ اور دھیمے مزاج کے ذہین اور فطین صحافی تھے جنہوں نے صحافت کے تقریباً ہر شعبہ میں خدمات سر انجام دیں۔

انہوںنے کہا کہ انصار نقوی نے اپنی ابتدائی تعلیم سندھ یونیورسٹی جامشورو سے حاصل کی جبکہ بعد میں وہ اعلیٰ تعلیم کیلئے سویڈن اور ملائیشیا چلے گئے جبکہ تحقیقی رپورٹر کے طور پر اپنے پیشہ وارانہ فرائض شروع کرنے کے بعد وہ میڈیا مینجمنٹ کے اعلیٰ ترین عہدوںپر پہنچے۔

(جاری ہے)

وہ جس ادارے میں بھی گئے انہوں نے اُسے اپنی خداداد صلاحیتوں کی بدولت بام عروج تک پہنچایا ۔

رانا محمد سکندر اعظم خاں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں سے فیصل آباد کی بزنس کمیونٹی کا سٹی فورٹی ون اور ٹونٹی فور سے گہرا تعلق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سٹی فورٹی ون نے تاجر برادری کے مسائل کو نمایاں کرنے میں اہم کردار ادا کیا جو کہ بہت بڑی سپورٹ تھی جس کی وجہ سے ہمارے اہم مسائل کے حل کی راہ ہموار ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے رابطے کی وجہ سے آج یہ چینل اور فیصل آباد کی تاجر برادری یک جان دو قالب بن چکے ہیںنیزان تعلقات کو مستحکم کرنے کے سلسلہ میں انصار نقوی نے بھی کلیدی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کراچی طیارہ حادثہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا جس میں انصار نقوی سمیت 97قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ انہوںنے کہا کہ وہ فیصل آباد چیمبر کے 7000ممبران اور شہر کی تمام تاجر اور صنعتکار برادری کی طرف سے انصار نقوی اور دیگر شہداء کے درجات کی بلندی اور اُن کے پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت پاکستان ناگہانی آفات میں گھرا ہوا ہے کیونکہ ایک طرف کورونا نے ملک کو جکڑ رکھا ہے جبکہ دوسری طرف ٹڈی دل ہماری فصلوںپر حملہ آور ہے۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال ٹڈی دل کے نقصانات کا اندازہ نہیں لگایا جا سکتا تاہم دو ماہ بعد ہمیں پتہ چلے گا جب ملک میں سبزیوں اور پھلوں کی قلت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو پوری منصوبہ بندی سے ان آفتوں پر قابو پانا ہو گا مزید برآں لوگوں کو بھی چاہیے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے رحم کی دعا کریں۔ انہوں نے فیصل آباد میں پیچس ، کورونا اور شوگر کی بڑھتی ہوئی بیماریوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس بدقسمت شہر کے صحت سے متعلقہ بنیادی مسائل کو حل کرنے پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر دیگر مقررین نے بھی صحافت کے شعبہ میں انصار نقوی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا جبکہ آخر میں ایگزیکٹو ممبر ڈاکٹر سجاد ارشد نے طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والوں کیلئے خصوصی دعا کروائی۔