آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے جس سے پہاڑی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے،

آئندہ دو روز میں سندھ کے شہری علاقوں میں بھی شدید بارش ہو سکتی ہے ، شہروں میں پانی کی سطح میں اضافہ یا اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے محکمہ موسمیات پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر احمد بابر کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

پیر 6 جولائی 2020 22:31

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جولائی2020ء) محکمہ موسمیات کے سیلاب کی اطلاع دینے والے ڈویژن نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے پہاڑی علاقوں میں سیلاب کی پیشنگوئی کی ہے۔ مزید برآں آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبہ سندھ کے شہری علاقوں میں بھی ’’اربن فلڈنگ‘‘ کے خدشہ کا اظہار کیا گیا ہے۔ پیر کو محکمہ موسمیات پاکستان کے منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر ظہیر احمد بابر نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارش متوقع ہے جس کی وجہ سے پہاڑی ندی نالوں میں پانی کی سطح میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دو روز میں سندھ کے شہری علاقوں میں بھی شدید بارش ہو سکتی ہے جس سے شہروں میں پانی کی سطح میں اضافہ یا اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے شمالی علاقوں میں بارش کا امکان نہیں ہے جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد اور لاہور کے بعض علاقوں میں بارش متوقع ہے تاہم فلڈنگ کا کوئی خدشہ نہیں ہے۔

پی ایم ڈی فلڈ ڈویژن نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا ہے کہ ملک کے تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ گذشتہ روز جنوبی پنجاب (بھارت) میں موجود ہوا کا کم دبائو کچ اور اس کے ملحقہ علاقوں میں موجود ہے جبکہ گذشتہ روز ملک کے شمالی علاقوں میں موجود مغربی ہوائیں مشرق کی جانب بڑھ رہی ہیں جو دبائو میں کمی کے بعد شمال مشرقی بلوچستان میں موجود ہیں جبکہ بحیرہ عرب سے چلنے والے ہوائیں سندھ میں سات ہزار فٹ بلندی تک موجود ہیں۔

آئندہ 24 گھنٹوں کی موسمیاتی پیشنگوئی کے مطابق ملک کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔ سندھ کے بعض علاقوں میں شدید اور کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔ رپورٹ کے مطابق مشرقی بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں بھی کہیں موسلادھار جبکہ کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دریائے سندھ پر پتن کے مقام پر 13 ملی میٹر، بشام 9، مالم جبکہ 5، استور، گلگت، حیدرآباد، بنیر اور سیدو شریف میں 3، بارکھان، بونجی، کالام اور دادو 2، گوپس، سکھر اور جیکب آباد میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔

اسی طرح ڈی جی خان ایئرپورٹ، شنکیاری، چلاس، سکردو، کراچی ایئرپورٹ، روہڑی، موہنجوداڑو میں بھی بارش ہوئی ہے۔ دریائے جہلم کے اردگرد کے علاقوں میں ٹنڈالی میں 27، گڑھی دوپٹہ 8، مظفرآباد 6، چھتر کلاس میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گوجرانوالہ 3، شادی وال 2 اور ملتان میں ایک ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔ مزید برآں دریائے راوی اور ستلج کے مضافاتی علاقوں میں بہاولنگر اور بہاولپور میں بارش ہوئی ہے جبکہ ژوب میں 11 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ پیر کی صبح تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1461.55 فٹ بلند تھی جبکہ ڈیم میں 1550 فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ اسی طرح منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1220.75 فٹ بلند تھی جبکہ ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1242 فٹ ہے۔