وزیراعظم عمران خان نے اسرائیل سے متعلق واضح موقف دیا ہے،

سابقہ حکومتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر مسئلہ کشمیر پر بے حسی کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، موجودہ حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں نے نیب قانون میں ترامیم کی آڑ میں تحریری طور پر این آر او مانگا ہے، وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر این آر او نہیں دیں گے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

جمعرات 20 اگست 2020 00:04

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان صرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نہیں پورے ملک کے وزیراعظم ہیں، انہوں نے اسرائیل سے متعلق واضح موقف دیا ہے، اپوزیشن جماعتیں اس معاملے پر سیاست کرنے اور اسے متنازع بنانے سے گریز کریں، سابقہ حکومتوں نے ذاتی مفادات کی خاطر مسئلہ کشمیر پر بے حسی کا مظاہرہ کیا، وزیراعظم عمران خان نے بین الاقوامی سطح پر موثر انداز سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، دنیا ان کی بات سنتی ہے اور یقین بھی کرتی ہے، ن لیگی قائدین کی تاریخ ہے کہ جب بھی یہ اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو یہ این آر او لیکر بیرون ممالک بھاگ جاتے ہیں، یہ لوگ اقتدار کے بغیر ایسے ہیں جیسے مچھلی پانی سے باہر ہو، سابق حکمرانوں کی لوٹ مار اور بدعنوانیوں کا خمیازہ آج 22 کروڑ عوام بھگٹ رہی ہے، موجودہ حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، اپوزیشن جماعتوں نے نیب قانون میں ترامیم کی آڑ میں تحریری طور پر این آر او مانگا ہے، وزیراعظم عمران خان کسی قیمت پر این آر او نہیں دیں گے۔

(جاری ہے)

بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزارت خارجہ کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ حساس بین الاقوامی ایشوز پر محتاط بیان دے، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان معاہدے پر بھی وزارت خارجہ نے محتاط بیان دیا ہے جو کہ درست ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے فلسطینی سفیر کو طلب کرنا ویانا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام قومی ادارے اپنے دائرہ کار میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا مسئلہ یہ ہے کہ ان کو حکومت کی کوئی بات صحیح نہیں لگتی، وزیراعظم عمران خان نے اسرائیل سے متعلق دلیرانہ موقف دیا ہے، آج تک کسی وزیراعظم نے اسطرح واضح موقف نہیں دیا، اپوزیشن جماعتیں اس ایشو کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کریں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ن لیگ نے خارجہ پالیسی کو اہمیت نہیں دی اور دو سال تک وزیر خارجہ کی تقرری نہ کی، ماضی کی حکومتوں نے کشمیر کیلئے بے حسی کا مظاہرہ کیا اور ذاتی مفادات کی خاطر اسے سائیڈ لائن پر رکھا، ن لیگ اور پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومتوں کے دوران مولانا فضل الرحمان کو 10 سال تک سیاسی طور پر استعمال کر کے کشمیر کاز کو بہت نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے موثر طریقے سے بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، دنیا وزیراعظم عمران خان کی بات پر یقین کرتی ہے اور سنتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی پوری سیاست جھوٹ پر مبنی ہے، ن لیگ کے ہی سابقہ وزیر خزانہ حفیظ پاشا نے بھی اپنی کتاب میں اسحاق ڈار کی معاشی دھاندلیوں کے بارے میں بتایا یہی اس پارٹی کا کلچر ہے،جس نے اپنے دور میں ڈالر کو مصنوعی طور پر برقرار رکھ کر انڈسٹری کے ساتھ دشمنی کی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ قائدین کی تاریخ ہے کہ جب بھی اقتدار سے باہر ہوتے ہیں تو یہ ملک سے بھاگ جاتے ہیں، یہ اقتدار کے بغیر ایسے ہی ہیں جیسے مچھلی پانی کے باہر ہو، یہ ماضی میں بھی این آر او کر کے 10 سال تک باہر رہے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے لوٹ کھسوٹ کر کے بیرون ممالک کاروبار اور جائیدادیں بنائیں، نیب ان سے بدعنوانی سے متعلق سوال پوچھ رہا ہے، یہ جواب دینے کی بجائے اداروں پر حملے کرنا شروع کر دیتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلزپارٹی گزشتہ کئی دہائیوں سے سندھ میں حکومت کر رہی ہے لیکن اس کی کارکردگی زیرو ہے، سندھ حکومت نے کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں کی طرح سلوک کیا ہوا ہے اور روشنیوں کو شہر کو تباہ و برباد کیا ہے، حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال دیکھ کر وفاقی حکومت نے این ڈی ایم اے کو کراچی بھیجا، وفاقی حکومت کراچی کی بہتری کیلئے جو کر سکتی ہے کرے گی، سندھ حکومت بتائے کہ 18ویں ترمیم کے ذریعے اسے جو کھربوں روپے ملے تھے وہ کہاں لگائے، کراچی شہر کا یہ حال ہے تو دیہاتوں کی حالت کیا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کی عوام نے کارکردگی کی بناء پر پی ٹی آئی کو دوبارہ دوتہائی اکثریت سے کامیاب کرایا اور آئندہ بھی ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں کی لوٹ کھسوٹ، منی لانڈرنگ اور بدعنوانیاں حالیہ مہنگائی، بے روزگاری اور غربت کا سبب ہیں، موجودہ حکومت ملکی معیشت کی بہتری اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس بحران کے دوران بھی اپوزیشن جماعتیں سیاسی پوائنٹ سکورننگ کرنے میں مصروف رہیں، یہ جماعتیں چاہتی تھیں کہ ملک کی معیشت تباہ ہو اور حکومت چلی جائے تاہم وزیراعظم عمران خان کی وبا کے دوران حکمت عملی کامیاب رہی، کورونا کے باوجود معاشی اعشاریے مثبت رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چینی اور آٹے کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے گی۔