Live Updates

شوباز شریف نے زرعی رقبوں پر رہائشی کالونیاں قائم کیں، ڈاکٹر فردوس

گزشتہ حکمرانوں کی پالیسیوں نے غریب کسان سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا شاہی خاندان نے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کر کے ایون فیلڈ محل خریدے

بدھ 13 جنوری 2021 23:45

شوباز شریف نے زرعی رقبوں پر رہائشی کالونیاں قائم کیں، ڈاکٹر فردوس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2021ء) شاہی خاندان نے رائیونڈ میں سینکڑوں ایکڑ قیمتی اراضی جعل سازی سے اپنے نام کروائی۔ ظل سبحانی نے پہلے لاہور کا ماسٹر پلان بدلا اور قیمتی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خریدی اور بعد میں گرین زمین کا سٹیٹس براؤن کرکے اپنی جائیداد کی مالیت اربوں روپے کر لی۔پیسوں کے پجاریوں نے اپنے فائدے کیلئے قوم کو اربوں کا چونا لگایا۔

ہر بڑے سکینڈل کے پیچھے ظل سبحانی کے کارندے پائے جاتے ہیں۔شوباز شریف نے قیمتی زرعی رقبوں پر رہائشی کالونیوں کے قیا م کی پالیسی اپنا کر غریب کسان سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ۔پنجاب جیسے خوشحال زرعی معیشت کے حامل صوبے کو صنعتی صوبہ بنانے کے نام پر لوٹا گیا نتیجہ یہ نکلا کہ اب ہمارا صوبہ نہ زرعی رہا نہ صنعتی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کی حکومت زراعت کے فروغ کے ساتھ صوبہ میں بہترین حکمت عملی کے سے 13 سپیشل اکنامک زون بنا رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے 90شاہراہ قائد اعظم پر صوبائی وزیر محکمہ مال ملک محمد انور کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ معاون خصوصی نے کہا کہ شوباز شریف نے اپنی سیاسی اجارہ داری قائم رکھنے کیلئے تھانہ کچہری سے جڑی سیاست کی حوصلہ افزائی کی۔ گزشتہ ادوار میں ریوینیو کا عملہ سیاسی پشت پناہی سے اپنی جیبیں گرم کرتا رہا اور قومی خزانہ خالی رہا ۔

تحریک انصاف کی حکومت نے پنجاب میں ایک ہزار ارب روپے سے زائد مالیت کی ایک لاکھ 40ہزار ایکڑ اراضی قبضہ مافیا سے واگزار کروائی۔ مجموعی طور پر محکمہ مال نے گزشتہ سال کے مقابلے میں ٹیکس کی مد میں 46فیصد زیادہ ریکوری کی۔ ڈیجیٹلآئزیشن سے عوام کو پٹواری اور تحصیل دار کے چنگل سے آزاد کروار ہے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق نے کہا کہ زرعی زمینوں کے سکڑنے سے آئے روز آٹا گندم جیسے بحران سر اٹھانے لگے ہیں ۔

شوباز شریف اور حواریوں نے فیکٹریوں، کارخانوں اور شوگر ملوں کی سیاست کرتے ہوئے دھرتی ماں کے سینے پر ہریالی اور فصلوں کی بجائے ایسے ناکام صنعتی منصوبے شروع کیے جن کی آڑ میں اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرکے ایون فیلڈ محل خریدے گئے۔کل تک جعلی راجکماری بھی کہتی تھی کہ اس کی بیرون ملک تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں مگر جب چیک کیا گیا تو پتہ چلا کہ جعلی راجکماری کے نام پر ہزاروں ایکڑ زمین موجود ہے ۔

ہمارے لالچی اور خود غرض حکمرانوں نے صوبے کی زمینیں ہتھیا کر کسان کو بے حال اور پاکستانی پنجاب کو بنجر کر دیا۔شوباز شریف نے عوام کو قیمتی زرعی زمین سے محروم کر کے ساہیوال کی زرخیز زمین پر کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا وہ منصوبہ لگایا جو دنیا میں عرصہ ہوا متروک ہو چکا ہے۔صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پنڈی کی جانب مارچ کرنے والوں کو ڈی جی آئی ایس پی آر نے چائے پلانے کا اعلان کیا ، حکومت پی ڈی ایم والوں کو لسی پلائے گی۔

بطور چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا کبھی کشمیر فتح کرنے تو نہیں نکلے اور آج پنڈی فتح کرنے نکلے ہیں۔ عمران خان کی جانب سے کرپشن کے فلڈ گیٹ بند کرنے پر پی ڈی ایم کا نادان ٹولہ پریشان ہے۔ آج عوام کے درد میں مگر مچھ کے آنسو بہانے والے ماضی میں ایل این جی اور بجلی کے مہنگے معاہدے کرکے باہر فرار ہو گئے۔ حکومت بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری کرنے کی پابند ہے جس کا خمیازہ پوری قوم مہنگائی کی شکل میں بھگت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ میں اندرونی رساکشی زوروں پر ہے۔پنجاب میں سینٹ کے امیدواروں کی مریم نواز کی اپنی لسٹ ہے، شہباز شریف نے اپنی لسٹ تیار کر رکھی ہے جبکہ رانا ثناء اللہ اپنے بندے لانے کیلئے زور لگا رہا ہے۔ پی ڈی ایم میں سینیٹ کے انتخابات کے مرحلے پر جوتوں میں دال بٹنی شروع ہوگئی ہے۔ صوبائی وزیر محکمہ مال ملک محمد انور خان نے کہا کہ محکمہ کو مربوط اصلاحات کے ذریعے عوام کا خدمت گزار محکمہ بنا دیا گیا ہے۔

قبل ازیں محکمہ مال کی شناخت کرپٹ پٹواری اور زمینوں پر قبضے تھے مگر اب یہ محکمہ انتہائی شفاف انداز میں بہترین ریونیو خدمات مہیاکر رہا ہے۔صوبائی وزیر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ عوام کی سہولت کیلئے قانونگوئی سطح پر قائم 115اراضی ریکارڈ سینٹرز، سٹیلائٹ اراضی ریکارڈ سینٹر اور20موبائل اراضی سینٹرز کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ بینک کے تعاون سے اربن ڈیجٹلائزشن سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے۔100تحصیلوں میں رجسٹری کے نظام کی کمپیوٹرائزیشن محکمہ مال کا احسن اقدام ہے اور محکمہ مال کے زیر انتظام پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار عوام کی سہولت کے لئے ریونیو عوامی خدمت کچہریاں لگائی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2018-19میں 73ارب روپے کے ہدف سے بڑھ کر 76ارب روپے کی ریکوری کی گئی جو کہ ہدف کا 104فیصد ہے۔

زمینداروں کے لئے فرد کے اجراء اور ملکیتی دستاویزات کی تصدیق کے حوالے سے نجی بینکوں کے ساتھ معاہدہ پنجاب حکومت کا انقلابی اقدام ہے۔اسی طرح پنجاب ای-سٹیمپ رولز2016ء میں ترامیم کے ذریعے عوام کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے امریکہ،برطانیہ،سعودی عرب،اور متحدہ عرب امارات کے 14 سفارت خانوں میں خصوصی کاونٹرز کے قیام سے اوور سیز پاکستانی وطن آئے بغیر اپنی جائیداد سے متعلق مصدقہ کاغذات حاصل کر سکیں گی
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات