کشمیریوں نے دنیا بھر میں بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپر منایا،مقبوضہ جموںوکشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی

منگل 26 جنوری 2021 19:15

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوںنے بدھ کو بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منایا تاکہ دنیا کو یہ واضح پیغام دیا جاسکے کہ وہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی تسلط کوقطعی طورپر مسترد کرتے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یوم سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس ، میر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم اوردیگر حریت رہنمائوں اورتنظیموں نے دی تھی ۔

آج مقبوضہ جموںوکشمیرمیں مکمل ہڑتال کی گئی اور آزاد کشمیر ، پاکستان اور دنیا بھر کے دارلحکومتوںمیں بھارت مخالف مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں۔ بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر پوری وادی کشمیرمیں مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے سخت پابندیاں نافذ اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دیں۔

(جاری ہے)

بلند عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے گئے تھے جبکہ سرینگرکے اسٹیڈیم جہاں بھارتی یوم جمہوریہ کی مرکزی تقریب منعقد کی گئی کی طرف جانے والی سڑکوں پر ڈرون کیمروںکے ذریعے نظر رکھی جاتی رہی ۔

فوجیوںنے سرینگر میں لال چوک اور اس کے نواحی علاقوں میں بھارت مخالف مظاہروںکو روکنے کیلئے تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں۔ بھارتی پولیس نے حریت رہنماء جاوید احمد میر کو سرینگر میں انکے دفتر پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموںنے اپنے الگ الگ بیانات میں مقبوضہ کشمیر ، آزادکشمیر اور دنیا بھر میں 26جنوری کویوم سیاہ منانے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کیا۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار ، جنرل سیکریٹری مولوی بشیراحمد اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں فریدہ بہن جی ، دیویندر سنگھ بہل، چوہدری شاہین اقبال ، جموںوکشمیر پیپلز لیگ، کشمیر تحریک خواتین اور تحریک وحدت اسلامی نے بھارت پر زوردیا ہے کہ وہ اپنے فوجی گھمنڈ سے باہر نکلے اوریوم سیاہ کے بنیادی پیغام کو سمجھے۔

غلام احمد گلزار نے کہاکہ کشمیرمیںبڑی تعداد میںتعینات بھارتی فوجیوںکی موجودگی کی وجہ سے پید ا ہونے والی جنگی صورتحال خود واضح ثبوت ہے کہ کشمیریوں نے کبھی بھی مقبوضہ علاقے میں بھارت کا کوئی قومی دن نہیں منایا ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے کہاہے کہ دوسروں کے جمہوری حقوق پامال کر کے یوم جمہوریہ منانا جمہوریت کی روح کے خلاف ہے ۔

حریت رہنمائوںنے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی تنظیموںپر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میںقابض بھارتی فوجیوںکی طرف سے جاری انسانی حقو ق کی پامالیوںکا سخت نوٹس لیں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر حل کرائیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ نے بھارت کے یوم جمہوریہ کے موقع پر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

پاسبان حریت اور تحریک استقلال کے زیر اہتمام آزادکشمیر کے علاقوں چکوٹھی اور گڑھی دوپٹہ میں بھارت مخالف ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوںکے شرکاء جنہوںنے سیاہ جھنڈے اٹھا رکھے تھے اور سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت کیلئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے پتلے نذر آتش کئے ۔کشمیر کونسل یورپ کے زیر اہتمام ایک بین الاقوامی آن لائن سیمینار کے مقررین نے کہاہے کہ مقبوضہ جموںوکشمیر میںذرائع ابلاغ پر قدغن سمیت بھارت کے تمام تر ظالمانہ اقدامات پریورپ میں آواز بلند کی جانی چاہیے ۔ ویب نار میںیورپی اور کشمیری سیاسی شخصیات ، دانشوروں، عالمی اور علاقائی امور کے ماہرین اور صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔