تنازعہ کشمیر آتش فشاں سے کہیںزیادہ خطرناک ہو چکاہے، کل جماعتی حریت کانفرنس

کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کیلئے تیار ہیں تاہم وہ سمجھوتہ نہیں کریںگے

پیر 14 جون 2021 20:31

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) غیر قانونی طور پربھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںکل جماعتی حریت کانفرنس نے کہاہے کہ تنازعہ کشمیر عالمی امن کیلئے آتش فشاں سے کہیںزیادہ خطرناک ہو چکا ہے کیونکہ یہ تین جوہری طاقتوںچین، پاکستان اور بھارت کے درمیان گھرا ہوا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ورکنگ وائس چیئرمین غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل میں مزید تاخیر تیسری عالمی جنگ کا باعث بن سکتی ہے۔

انہوںنے کشمیرمیں بھارت کی فسطائی حکومت کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زوردیا کہ وہ ممکنہ جنگ کے خطرا ت سے بچنے کیلئے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے فوری مداخلت کریں۔

(جاری ہے)

ادھر حریت رہنمائوںشبیر احمد ڈار ، محمد احسن اونتو، یاسمین راجہ اور دیگر پر مشتمل ایک وفد حال ہی میں شہید ہونے والے کشمیریوں منظور احمد اور بشیر احمد کے سوگوار اہلخانہ سے اظہار ہمدردی کیلئے سوپور میں انکے گھر گیا ۔

وفد کے ارکان کو اہلخانہ نے بتایا کہ منظور اور بشیر کو بھارتی فورسز کے اہلکاروںنے ان کی دکانوں سے حراست میں لیکر سوپور چوک کے قریب واقع سینٹرل ریزروپولیس فورس کیمپ کے باہر گولی مار کر شہید کردیا ۔میرواعظ کی قیادت میں حریت فورم، حریت رہنماؤں خواجہ فردوس، عبدالاحد پرہ، تحریک وحدت اسلامی، جموں و کشمیرفریڈم فرنٹ اور جموں و کشمیر ایمپلائز موومنٹ نے اپنے بیانات میں شہید ہونے والے شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ی مادروطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف مصبوطی کے ساتھ کھڑے ہیں اور تحریک آزادی کی راہ میں دیے گئے خون کے ایک ایک قطرے کویاد رکھیں گے۔

خواجہ فردوس نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو ان کے مادروطن سے بے دخل کرکے اور سرکاری اور نجی شعبے میں غیر کشمیریوں کو بھرتی کرکے جموں و کشمیرمیں مسلم اکثریت کو اقلیت میںتبدیل کرنا چاہتا ہے۔دفعہ 370کے بارے میںبیان پر کانگریس رہنما دگوجے سنگھ پرہونے والی تنقیدپر تبصرہ رکرتے ہوئے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اگر بھارتی آئین کے بانی بی آر امبیدکر زندہ ہوتے تو بی جے پی انہیں بھی پاکستان نوازقراردیتی۔

دگوجے سنگھ نے سوشل میڈیا پر گفتگوکے دوران مبینہ طور پر کہا ہے کہ ا گر ان کی پارٹی اقتدار میں آگئی تو وہ دفعہ370 کی منسوخی اور جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کرے گی۔ تحریک فکر واعتقاد جموں وکشمیر، حق خودارادیت انٹرنیشنل اور جموںوکشمیر فورم فرانس نے مشترکہ طورپر اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشن کے سامنے بھارت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

اتر پردیش میں ایک ٹیلی ویژن صحافی کو اسوقت قتل کیاگیا جب اس نے ایک دن پہلے سینئر پولیس اہلکاروں کو آگاہ کیاکہ انہیں شراب کے دھندے میں ملوث مافیا کے بارے میں حالیہ رپورٹنگ کے بعد دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ تاہم پولیس صحافی سولب شریواستوکے قتل کوموٹر سائیکل کا حادثہ قراردے کر چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔