وفاقی حکومت کا متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا فیصلہ

پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے مہنگی ٹکٹوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جلد ہی اضافی پروازیں متعارف کرائی جائیں گی۔ وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری

Sajid Ali ساجد علی اتوار 24 اکتوبر 2021 13:33

وفاقی حکومت کا متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا فیصلہ
دبئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 اکتوبر 2021ء ) وفاقی حکومت نے متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا فیصلہ کرلیا ، فواد چوہدری کہتے ہیں کہ پاکستان سے بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے متحدہ عرب امارات کے لیے مزید پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ مسافروں کی سہولت اور پاکستان سے متحدہ عرب امارات کے لیے مہنگی ٹکٹوں کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جلد ہی اضافی پروازیں متعارف کرائی جائیں گی ، اوورسیز پاکستانیوں نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا زرمبادلہ بھیجا ، ہماری معیشت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی رقم کی بدولت کھڑی ہے ، اسی لیے پاکستانی حکومت نے متحدہ عرب امارات اور دنیا بھر میں مقیم اوورسیز شہریوں کی مدد کی ، اب بیرون ملک مقیم پاکستانی وراثت کا کوئی بھی تنازع اب آن لائن حل کر سکتے ہیں ، جس پر ہمیں کمیونٹی کی طرف سے بہت اچھا ریسپانس مل رہا ہے کیوں کہ اس سے ان کے وقت اور پیسے کی بچت ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ روشن پاکستان سے بہت سے شہری اپنے ملک واپس آئے بغیر اپنے بینکنگ اور فنانشل معاملات حل کر سکتے ہیں ، وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے پر زور دیا ہے ، اب ان کو ووٹ کو حق دینے کی طرف بڑھنا چاہ رہے ہیں ، اس کے علاوہ عمران خان نے 16 سے 20 ہزار قیدیوں کو بیرون ملک سے رہا کرایا۔ فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ اگر عمران خان دہلی میں جلسہ کریں تو نریندر مودی سے بڑا جلسہ ہوگا ، ریندر مودی کی وجہ سے پاکستان اور انڈیا کے تعلقات بہتر نہیں ہو پا رہے حالاں کہ دونوں ملکوں کے اچھے تعلقات کا عوام کو فائدہ ہوگا ، کیوں کہ ایک طرف بھارت دنیا کی بہت بڑی منڈی ہے اور دوسری جانب چین ہے جس کی وجہ سے ہم خطے میں ایک اکنامک کاریڈور بنا سکتے ہیں مگر مسئلہ یہ ہے کہ وہاں ایک مسلم کش مودی حکومت ہے۔