جعلی ویڈیو اور آڈیو مسلم لیگ ن کا وطیرہ بن گیا ہے

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 27 نومبر 2021 13:02

جعلی ویڈیو اور آڈیو مسلم لیگ ن کا وطیرہ بن گیا ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 نومبر 2021ء) : وفاقی اطلاعات فواد چوہدری نے عدلیہ سے مسلم لیگ ن کے خلاف لینے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ عدلیہ کے خلا ف سازشیں بے نقاب ہوگئیں۔ جعلی آڈیو، ویڈیو بنانا نواز لیگ کا وتیرہ بن چکا ہے، نواز شریف اور مریم نواز کا مقصد عدلیہ کو دباؤ میں لانا ہے۔

میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عدلیہ کے خلاف تحریک ناکام ہو گئی ہے۔ 20 ،30 سال حکمرانی کی وجہ سے ہر شعبے میں مداخلت کی جاتی ہے جبکہ جعلی ویڈیو اور آڈیو بنانا مسلم لیگ ن کا وطیرہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نواز شریف اور مریم کے خلاف مقدمات آخری مراحل میں ہوتے ہیں تو انہیں سبوتاژ کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ مسلم لیگ ن لیگ کا واحد مقصد ہے کہ کسی طرح نوازشریف کی سزائیں معاف ہوجائیں، یہ لوگ اپنی جائیدادوں کا جواب دینے کے بجائے آئیں بائیں شائیں کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مریم نواز اور ان کے شوہر کو دیگر کام چھوڑ کر آڈیو، ویڈیوز کا کام کرنا چاہئیے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ رانا شمیم ن لیگ کےعہدے دار تھے،اور انہیں چیف جسٹس بنادیا گیا ، فوج اور عدلیہ کے خلاف منظم مہم چلائی گئی۔ انہوں نے آڈیو اور ویڈیو لیک کرنے کے معاملے پر عدلیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کو مریم نواز اور مسلم لیگ ن کے خلاف نوٹس لینا چاہئیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ماضی میں پیپلز پارٹی سے الیکشن چرایا تھا اور ملکی اداروں کے خلاف مہم کے لیے صحافیوں کا بھی استعمال کیا گیا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں سے متعلق بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں گرنے سے پاکستان میں بھی تیل کی قیمت کم ہوگی، کھانے پینےکی اشیاء کی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے جب کہ پاکستان کے معاشی حالات میں بھی بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی آئی، سعودی عرب کی جانب سے مدد کے بھی شکر گزار ہیں، پاکستان جلد معاشی مشکلات سے نکل آئے گا۔