پی ایس ایل 7 کے تمام میچز کا صرف کراچی میں انعقاد پر غور

چئیرمین پی سی بی اور فرنچائز مالکان کی بیٹھک میں اہم فیصلے کیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعرات 27 جنوری 2022 00:56

پی ایس ایل 7 کے تمام میچز کا صرف کراچی میں انعقاد پر غور
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 جنوری2022ء) پی ایس ایل 7 کے تمام میچز کا صرف کراچی میں انعقاد پر غور شروع۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 7 کے حوالے سے چئیرمین پی سی بی اور فرنچائز مالکان کی جلد بیٹھک متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل کے دوران ہر 3 دن بعد کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کے کرونا ٹیسٹ کروانے کی پالیسی پر فرنچائزز کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے چئیرمین پی سی بی رمیز راجہ اور فرنچائز مالکان کی ملاقات کے دوران غور کیا جائے گا، جبکہ اسی ملاقات میں پی ایس ایل 7 کے تمام میچز کراچی میں ہی کروانے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز کل جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے ہوگا، جہاں ایک مختصر افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگز کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

(جاری ہے)

بحیثیت کپتان کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ، 20، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم ایونٹ میں کراچی کنگز کی نمائندگی کریں گے۔ ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں ان کے مدمقابل قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے ساتھی اوپنر اور کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے محمد رضوان ہوں گے، جو ملتان سلطانز کی قیادت کرتے ہوئے اپنے ٹائٹل کا دفاع کریں گے۔

این سی او سی کی ہدایات کے مطابق لیگ کے کراچی میں کھیلے جانے والے میچز میں 25 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ہے جبکہ لاہور میں شیڈول ایونٹ کے دوسرے مرحلے کے لیے تماشائیوں کی تعداد کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد ہوگا، جہاں کل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں شامل 19 میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔