Live Updates

آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی ،عام آدمی تک انصاف کی فراہمی کیلئے وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے، محمد فاروق حیدر خان

وکلاء برادری نے آزادکشمیر میں عوامی حقوق کی بحالی ،قومی امور پر جاندار کردار ادا کیا، بار کو ہمیشہ اپنا گھر سمجھا،یہاں آکر بات کرکے خوشی محسوس ہوتی ہے،مسلم لائرز فورم کے وکلاء کی رابطہ کمیٹی کیساتھ گفتگو

جمعہ 1 جولائی 2022 18:17

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2022ء) سابق وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموںکشمیر و بانی صدر مسلم لیگ ن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آئین کی بالادستی ،قانون کی حکمرانی اور عام آدمی تک انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ جمہوریت کے تحفظ ، ریاستی تشخص وقار کی بحالی کے لیے وکلاء برادری کا کردار ناقابل فراموش ہے، پاکستان کے اندر عمران خان کا دور ہو یا اس سے پہلے جنرل مشرف کا دور ہو، قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف اور وکلا برادری نے ووٹ کو عزت دو اور عوامی حاکمیت کے نظریے کیلئے عدالتوں کے اندر اور باہر سڑکوں پر تحریک کے ہراول دستے کے طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے آزادکشمیر کے اندر عوامی حقوق کی بحالی اور قومی امور پر جاندار کردار ادا کیا ہے، بار کو ہمیشہ اپنا گھر سمجھاہے اور یہاں آکر بات کرکے خوشی محسوس ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لائرز فورم کے وکلا کی اعلی سطحی رابطہ کمیٹی کے ساتھ خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے جہاں کہیں گے ساتھ جائیں گے، نو تعمیرشدہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس کے ساتھ وکلاء چیمبرز کے لیے بھی جگہ مختص کی جائے۔

راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ میں آزادکشمیر کا وہ خوش قسمت ترین سیاستدان ہوں کہ اقتدار ہو یا اپوزیشن وکلاء برادری نے ہمیشہ عزت افزائی کی اور میرے ساتھ کھڑی رہی، مجھے آزادکشمیر کی متعدد بار ایسوسی ایشنز کی جانب سے دعوتیں ملی ہیں جلد ان سب کے پاس بھی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکلاء مسلم لیگ ن کا ہر اول دستہ ہیں ،مسلم لائرز فورم کو متحرک اور فعال بنا کر ہم قائد اعظم کے نظریے اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے ووٹ کو عزت دو بیا نیے کی ترویج کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنے 5 سالہ دور میں اعلی عدلیہ میں ججز کی تعداد میں اضافہ کیا فیملی کورٹس کا قیام اور عدلیہ کی مکانی ضروریات کے لیے وافرمقدار میں فنڈز مختص کیے ۔ مسلم لائرز فورم کی رابطہ کمیٹی کے اس اجلاس میں،تیرویں ترمیم کے تحفظ، ریاستی تشخص، مقبوضہ جموں کشمیر کے اندر ہندوستان کی جانب سے کشمیری قیادت کو ختم کرنے اور کشمیریوں کی نسل کشی کے اقدامات،یاسین ملک کی سزا ، ریاست جموں کشمیر کی وحدت کی بحالی اور تقسیم کشمیر کی سازشوں کا راستہ روکنے کیلئے بھرپور جدو جہد کرنے کیلئے مسلم لائرز فورم کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس مقصد کے لیے سینئر ترین قانون دان راجہ محمد حنیف خان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں اعلی سطحی رابطہ کمیٹی قائم کرکے تمام اضلاع میں فورم کو متحرک بنایا جائیگا اور مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں اُجاگر کرنے کے حوالے سے آزادکشمیر اندر متفقہ لائحہ عمل اختیارکرنے کے لیے آزادکشمیر کی وکلا برادری کے ساتھ مشاورتی عمل یقینی بنایا جائے گا ۔

معروف قانون دان راجہ محمد حنیف خان ایڈووکیٹ کی سربراہی میں جو اعلی سطحی کمیٹی قائم کی گئی اس میں ہر ضلع سے ممبران شامل ہوں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات